کراچی: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن، 1,856 گاڑیاں چالان، 88 ڈرائیور گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 1st, March 2025 GMT
کراچی:
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر محکمہ ٹرانسپورٹ کا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن، 1,856 گاڑیاں چالان، 88 ڈرائیوروں کو گرفتار کیا گیا۔
مجموعی طور پر 3,132,020 روپے کے جرمانہ عائد کیا گیا، لاپرواہ اور غفلت برتنے والی ڈرائیونگ کے 192 کیسز ، بغیر روٹ پرمٹ کے چلنے والی 54 گاڑیاں پائی گئیں جبکہ 49 گاڑیوں کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ موجود نہیں تھا، روڈ چیکنگ کمیٹی نے 4,106 گاڑیوں کی جانچ کی، 195 گاڑیاں ضبط کر لی گئیں۔
26 ڈرائیور بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلاتے پائے گئے 98 گاڑیوں کی حالت انتہائی خراب پائی گئی، کارروائیوں کے دوران 64 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ مسترد کر دیے گئے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ روڈ سیفٹی کو یقینی بنانا اور ٹرانسپورٹ قوانین کا سختی سے نفاذ ہماری اولین ترجیح ہے، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور ناقص گاڑیاں عوام کی جان کے لیے خطرہ ہیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو قوانین کی پاسداری کرنی ہوگی بصورت دیگر وہ قانونی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: قوانین کی
پڑھیں:
کراچی میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے ایک اور شہری کی جان لے لی
کراچی:شہر میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے ایک اور شہری کی جان لے لی۔
یونیورسٹی روڈ پر تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال تھانے کی حدود میں میٹرو کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 19 سالہ محمد حارث ولد محمد سلیم موقع پر جاں بحق جبکہ 18 سالہ احمد ولد محمد اکبر شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق نوجوان کا تعلق میرپور خاص سے تھا۔ حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا، جبکہ پولیس نے ٹینکر کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔
اتحاد ٹاؤن میں 10 سالہ بچے کو مزدا نے کچل دیا
دوسری جانب اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود بلدیہ قائم خانی کالونی میں مسافر مزدا کی ٹکر سے 10 سالہ راہگیر بچہ حسین ولد غلام حیدر جاں بحق ہوگیا۔ حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے مزدا کو جلانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
اسکیم 33 میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے شہری شدید زخمی
اسکیم 33 گلشن کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب ایک تیز رفتار گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد موٹرسائیکل سے جا ٹکرائی، جس سے موٹرسائیکل سوار شہری شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔