سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں رمضان کا آغاز
اشاعت کی تاریخ: 1st, March 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 01 مارچ 2025ء) سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں آج بروز ہفتہ یکم مارچ کو پہلا روزہ ہے، جبکہ پاکستان، ایران اور عراق کے علاوہ متعدد دیگر ممالک میں رمضان کا آغاز کل اتوار سے ہو گا۔
سعودی عرب میں کل جمعے کے روز رمضان کے چاند کی رویت کے بعد وہاں کی سرکاری پریس ایجنسی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا گیا، ''سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ کل بروز ہفتہ ماہ رمضان کا پہلا دن ہو گا۔
‘‘اس کے علاوہ مصر، الجزائر، اردن، لیبیا، فلسطینی علاقوں، سوڈان اور تیونس میں بھی آج پہلا روزہ ہے۔ متحدہ عرب امارات اور آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے مسلم ملک انڈونیشیا میں بھی آج سے رمضان کا آغاز ہو گیا ہے۔
(جاری ہے)
متحدہ عرب امارات سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق وہاں چاند کی رویت کے لیے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے لیس ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا۔
دوسری طرف انڈونیشیا میں رمضان کے آغاز کا اعلان ہوتے ہی بازاروں میں گہما گہمی نظر آئی، جہاں لوگ کپڑے اور مٹھائیاں خرید رہے تھے۔ ساتھ ہی عشاء کے بعد نماز تراویح کی ادائیگی بھی شروع ہو گئی۔ جکارتہ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ملکی دارالحکومت کی استقلال مسجد میں ہزاروں افراد نے یہ نماز با جماعت پڑھی۔
انڈونیشیا میں روایتی طور پر رمضان کے مہینے میں رات کے اوقات میں پریڈ بھی کی جاتی ہے اور اجداد کی قبروں کی صفائی بھی۔
مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان اور بھارت میں جمعے کو رمضان کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں پہلا روزہ اتوار کے روز ہو گا۔ اسی طرح ایران میں بھی ملکی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اتوار کے دن سے رمضان کا اسلامی مہینہ شروع ہونے کا اعلان کیا۔
م ا / م م (ڈی پی اے، اے ایف پی)
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے رمضان کا ا
پڑھیں:
متحدہ عرب امارات میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 فروری2025ء) متحدہ عرب امارات میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے بعد امارات سمیت مزید 2 اسلامی ممالک میں رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند نظر آ گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں رمضان کا چاند نظر آ جانے کے بعد متحدہ عرب امارات اور عمان میں بھی ماہ مبارک کا چاند نطر آ گیا۔ یوں ان خلیجی ممالک میں مقیم مسلمان کل بروز ہفتہ کو پہلا روزہ رکھیں گے۔ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ میں تمام تراویح کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ جبکہ اس سے قبل انڈونیشیا، ملائیشیا اور برونائی دارالاسلام میں ماہ مبارک میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان ممالک میں 2 مارچ بروز اتوار کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہو گا۔
(جاری ہے)
آسٹریلیا میں یکم مارچ کو پہلا روزہ ہو گا۔ جاپان اور سنگاپور میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے پر پہلا روزہ 2 مارچ بروز اتوار کو ہونے کا اعلان کیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان میں پشاور میں منعقدہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد رمضان المبارک کے چاند کی رویت سے متعلق اعلان کر دیا گیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق ملک کے کسی علاقے سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوئی، لہذا ملک میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ 2 مارچ بروز اتوار کو ہو گا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں شام 7 بج کر 24 منٹ تک چاند نظر آنے کا امکان تھا، تاہم اس وقت تک ملک کے کسی علاقے سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوئی۔ واضح رہے کہ ماہرین فلکیات کی جانب سے پہلے ہی پیشن گوئی کی گئی تھی کہ پاکستان سمیت بیشتر ایشیائی ممالک میں 28 فروری کو رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آئے گا۔ جبکہ سعودی عرب میں 28 فروری کو چاند نظر آنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ ماہرین فلکیات نے 28 فروری کو صرف چند ممالک کے علاوہ دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کی پیشن گوئی کی۔