ایلون مسک 14 ویں بچے کے باپ بن گئے
اشاعت کی تاریخ: 1st, March 2025 GMT
ٹیکنالوجی ٹائیکون ایلون مسک کے ہاں 14 ویں بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
معروف کاروباری شخصیت اور ٹیکنالوجی ٹائیکون ایلون مسک اور نیورالنک کی ایگزیکٹو شیون زیلس کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کے بعد مسک کے بچوں کی تعداد 14 ہوگئی۔
ایلون مسک کی اہلیہ شیون زیلس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیٹے سیلڈن لیکرگس کی پیدائش کا اعلان کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں نومولود کو “جگنارٹ جیسی مضبوط جسامت کا حامل اور سونے جیسے دل والا” قرار دیا جس پر ایلون مسک نے دل کے ایموجی کے ساتھ ردعمل دیا۔
مسک اور زیلس اس سے قبل 2021 میں جڑواں بچوں، اسٹرائیڈر اور ایزور جبکہ 2023 میں بیٹی آرکڈیا کو خوش آمدید کہہ چکے ہیں۔
یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب رپورٹس کے مطابق قدامت پسند کمنٹیٹر ایشلے سینٹ کلیئر نے پانچ ماہ قبل ایلون مسک کے 13 ویں بچے کو جنم دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق سینٹ کلیئر نے مسک کے خلاف پدرانہ حقوق کا مقدمہ بھی دائر کیا ہے۔
52 سالہ ایلون مسک اکثر عالمی آبادی میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ شیون زیلس کے علاوہ ایلون مسک اپنی پہلی اہلیہ کینیڈین مصنفہ جسٹین مسک کے ساتھ پانچ جبکہ گلوکارہ گرائمز کے ساتھ تین بچوں کے والد بھی ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
دوران امتحان بورڈ پر جوابات لکھ کر بچوں کو نقل کرانیوالی ٹیچر کی شامت آگئی
نئی دہلی(انٹرنیشنل ڈیسک) تعلیمی نظام میں شفافیت اور دیانتداری کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں،ایسا ہی ایک واقعہ مدھیہ پردیش کے ضلع بیتول میں پیش آیا، جہاں ایک ٹیچر کو امتحان کے دوران طلبہ کو نقل کراتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ 25 فروری کو پیش آیا جب پرائمری اسکول کی ٹیچرکو امتحانی ہال میں طلبہ کو مدد فراہم کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ حیران کن طور پر انہوں نے ریاضی کے سوالات خود حل کیے اور انہیں بلیک بورڈ پر لکھ کر طلبہ کو نقل کرنے کا موقع دیا۔ تاہم، ان کے اس غیر قانونی عمل کو کسی نے کیمرے میں قید کر لیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، جس کے بعد معاملہ تیزی سے وائرل ہو گیا۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی ضلع انتظامیہ نے معاملے کا سختی سے نوٹس لیا۔ ضلع انتظامیہ نے فوری طور پر واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔ جانچ کے دوران، خاتون ٹیچر کے خلاف نقل کرانے کے الزامات درست ثابت ہوئے، جس کے نتیجے میں انہیں معطل کر دیا گیا۔
محکمہ قبائلی امور کی اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق معطل ہونے والی ٹیچر امتحانی ہال میں نگران کی ذمہ داری انجام دے رہی تھیں لیکن انہوں نے اپنی پوزیشن کا ناجائز فائدہ اٹھایا اور طلبہ کو نقل کرانے کے لیے خود ہی سوالات حل کر کے دیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ ٹیچر کی معطلی کے بعد ان کے خلاف باقاعدہ محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ اگر مزید سنگین الزامات ثابت ہوئے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔‘
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ انتظامیہ امتحانی مرکز کے سربراہ اور اسسٹنٹ انچارج کے خلاف بھی کارروائی پر غور کر رہی ہے۔ اگر ضروری ہوا تو مزید قانونی اقدامات، بشمول ایف آئی آر، درج کی جا سکتی ہے۔
اس واقعے کے بعد محکمہ تعلیم نے تمام اساتذہ کو سخت وارننگ جاری کر دی ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ امتحانات میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی مدد یا نقل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جو بھی استاد یا عملہ امتحان کے دوران ایسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزیدپڑھیں:آج صبح 5 بجکر 44 منٹ پر چاند کی پیدائش ہوئی، محکمہ موسمیات نے رمضان کے چاند سے متعلق بتا دیا