کراچی: فائرنگ کےمختلف واقعات میں ایک جاں بحق، ایک زخمی
اشاعت کی تاریخ: 1st, March 2025 GMT
کراچی کے علاقے بلدیہ ہزارہ چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ آفریدی کالونی ہزارہ چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لیجائی گئی۔
ایس ایچ او مدینہ کالونی قمر زمان نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 35 سالہ جواد ولد اکرم کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ عقب سے 2 موٹر سائیکلوں پر آنے والے ملزمان نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا جسے 6 سے زائد گولیاں لگی تھیں جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 10 سے زائد خول ملے ہیں۔
مقتول سعید آباد بسم اللہ چوک کا رہائشی تھا جبکہ فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ اس حوالے سے پولیس ورثا سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور ان سے ملنے والی معلومات کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔
تاہم ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثنا کورنگی 4 نمبر سیکٹر 50 اے میں فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے چھیپا کے رضا کاروں نے تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مضروب کی شناخت 35 سالہ عمران کے نام سے کی گئی جسے پیٹ پر گولی لگی تھی جبکہ زمان ٹاؤن پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آیا ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے ۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: موٹر سائیکل فائرنگ سے ایک شخص
پڑھیں:
کراچی، ہیوی ٹریفک سے اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، ٹرالر کی ٹکر سے 2 نوجوان جاں بحق
کراچی:شہر قائد کے علاقے نیو چالی کے علاقے میں سندھ مدرستہ الاسلام کالج کے قریب تیز رفتار ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر افرا تفری مچ گئی جبکہ پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت نہیں ہو سکی تھی تاہم بعد ازاں ان کی شناخت زید اور نور کے نام سے کی گئی۔
مزید پڑھیں: کراچی؛ بلدیہ ٹاؤن میں ٹینکر نے 4 سالہ بچے کی جان لے لی
پولیس ذرائع کے مطابق دونوں نوجوان آپس میں قریبی دوست تھے اور لیاری کے علاقے عثمان آباد کے رہائشی تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹرالر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار کر آگے نکل گیا، تاہم فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ٹرالر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
جبکہ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس زرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان مبینہ طور پر موٹر سائیکل پر ریس لگا رہے تھے جب یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔