کراچی سے سوات جانے والی بس کو موٹروے ایم 2 پر حادثہ، 8 مسافر جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 28th, February 2025 GMT
راولپنڈی:
موٹر وے ایم ٹو پر نیلہ دولہ کے قریب مسافر بس حادثے کا شکار ہوکر گہرائی میں الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 8افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق کراچی سے سوات جانے والی مسافر بس میں 43 مسافر سوار تھے۔
مسافر بس موٹر وے ایم ٹو پر نیلہ دولہ کے قریب پہنچی تو ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے کو عبور کرتی ہوئی گہرائی میں الٹ گئی جس کے باعث مسافر بس میں پھنس گئے۔
حادثے میں ایک بچی، ایک خاتون اور تین مرد مسافروں سمیت پانچ مسافر موقع پر دم توڑ گئے جبکہ تین شدید زخمیوں سمیت 18 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں شدید زخمی تین مرد مسافر بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
موٹر وے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گلاب کوچ نان اے سی مسافر بس تھی جو کراچی سے سوات جا رہی تھی جس کو احتیاطی تدابیر اختیار کر کے سیدھا کر دیا گیا اور 15 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا اور مزید کارروائی جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مسافر بس
پڑھیں:
لیبیا کشتی حادثہ، جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن پہنچ گئیں
فائل فوٹولیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن پہنچا دی گئیں۔
وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر میتیں وصول کیں۔
ریاض پیرزادہ نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ اس افسوس ناک لمحے پر لواحقین کے غم میں شریک ہوں، 5 فروری کو پیش آئے سانحے نے ملک کے کئی خاندانوں کو سوگ میں ڈال دیا۔
لیبیا میں پاکستانیوں سمیت 65 تارکین وطن کو لے جانے والی ایک اور کشتی کو ہولناک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 16 پاکستانیوں میں سے7 کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن سطح پر کھڑی ہے، متوفین کے جسد خاکی ان کے عزیزوں تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ دیگر جاں بحق افراد کی میتیں بھی جلد وطن واپس لائیں گے، لیبیا میں زندہ بچ جانے والے 37 پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بھی کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ سبق سکھاتا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے یورپ جانے کی کوشش کتنی خطرناک ہو سکتی ہے۔
ریاض پیرزادہ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان خطرناک راستے اختیار نہ کریں، قانونی ذرائع سے بیرونِ ملک جائیں۔