پنجاب حکومت عوام کو اتنا ریلیف نہیں دے رہی جتنا دکھاوا کر رہی ہے: مسرت جمشید چیمہ
اشاعت کی تاریخ: 28th, February 2025 GMT
پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو اتنا ریلیف نہیں دے رہی جتنا دکھاوا کر رہی ہے ،گھی اور چینی بنیادی ضرورت ہے لیکن ان کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہیں ، رمضان المبارک میں عوام کی سہولت کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ بتائیں زبانی جمع خرچ کے علاوہ ایک سال میں عوام کی ان کی زندگیوں میں کتنی خوشحالی اور آسودگی آئی ہے؟ ، مہنگائی صرف بیان بازی میں کم ہوئی ہے اوپن مارکیٹوں میں مہنگائی کی شرح بر قرار ہے ، چینی کی قیمت 170روپے کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ گھی اور آئل کی قیمتوں میں بھی اضافے کا رجحان ہے جبکہ چچا اور بھتیجی عوام کے لئے دودھ اور شہد کی نہریں بہا دینے کے دعویدارہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بتایا جائے رمضان المبار ک میں پسے ہوئے طبقات کو ریلیف دینے کے لئے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں ، پنجاب میں پسے ہوئے طبقات کا مستند ڈیٹا موجود نہیں جس کی وجہ سے حقدار تک اس کا حق نہیں پہنچتا اور سب کچھ سیاسی بندر بانٹ کی نذر ہو رہا ہے ۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
عوام کیلئے بجلی کا ایک بڑا ریلیف آنے کے امکانات روشن
فائل فوٹوملک بھر کے بجلی صارفین کو 51 ارب 49 کروڑ روپے فراہم کرنے کی درخواست نیپرا میں دائر کردی گئی۔
نیپرا میں درخواست بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے جمع کرائی، درخواست رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی۔
درخواست میں 47 ارب 12 کروڑ روپے کیپیسٹی پیمنٹس میں کمی کی مد میں ریلیف شامل کیا گیا ہے۔
ٹرانسمشن اور ڈسٹری بیوشن نقصانات کمی مد میں 2 ارب 4 کروڑ روپے شامل رکھے گئے ہیں۔
درخواست میں یوز آف سسٹم چارجز اور مارکیٹنگ فیس کے ایک ارب 80 کروڑ روپے شامل ہیں۔
ریکوری آف فکسڈ کاسٹ کی مد 4 ارب 95 کروڑ روپے کا صارفین کو فائدہ شامل
نیپرا درخواست پر 29 اپریل کو سماعت کرے گا، اس سے قبل ملک بھر کے صارفین کو دوسری سہ ماہی میں 56 ارب 38 کروڑ روپے کا ریلیف دیا گیا۔
دوسری سہ ماہی کے ریلیف کی مد میں فی یونٹ بجلی 1 روپے 90 پیسے سستی کی گئی تھی۔
تیسری سہ ماہی کی مد میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 72 پیسے فی یونٹ تک سستی ہوسکتی ہے۔