لیبیا کشتی حادثے میں ہلاک 12 شہریوں کی لاشیں پاکستان پہنچ گئیں
اشاعت کی تاریخ: 28th, February 2025 GMT
لیبیا کے قریب کشتی حادثے میں ہلاک ہونیوالے 12 پاکستانی تارکین وطن کی لاشیں پشاور پہنچ گئی ہیں، جن میں 6 لاشوں کو بذریعہ ہیلی کاپٹر ضلع کرم روانہ کردیا گیا ہے۔
ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے 6 شہریوں کی میتیں گزشتہ روز باچا خان ایئرپورٹ پہنچی تھیں، جہاں سے انہیں تدفین کے لیے آج ان کے آبائی علاقے بذریعہ ہیلی کاپٹر روانہ کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لیبیا کشتی حادثہ میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں اسلام آباد پہنچ گئیں
پولیس حکام کے مطابق کرم روانہ کی گئی لاشیں مصور حسین، شعیب علی، عابد حسین، شعیب حسین، مصائب حسین اور محمد علی شاہ کی ہیں، جو غیرقانونی طریقے سے یورپ پہنچنے کی کوشش میں لیبیا کے قریب کشتی ڈوبنے سے ہلاک ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ لیبیا کے شہر زاویہ کے قریب 63 پاکستانیوں سمیت 70 مسافروں کو لے جانے والا جہاز الٹ گیا جس کے نتیجے میں 16 پاکستانی ہلاک ہوگئے تھے، پاکستانی حکام نے دعویٰ کیا کہ بچ جانے والے 37 افراد کی شناخت کر لی گئی ہے تاہم 10 پاکستانی اب بھی لاپتا ہیں۔
مزید پڑھیں: لیبیا کشتی حادثہ: 63 مسافر پاکستانی تھے، 16 لاشیں برآمد، وزارت خارجہ
دریں اثنا لیبیا سے مزید 6 لاشوں کو بھی پاکستان پہنچا دیا گیا ہے، جن کی شناخت باجوڑ کے رہائشی سراج الدین، پشاور کے انیس اور کرم کے رہائشی حیدر ثقلین، آصف علی، انیس خان، اشفاق حسین اور نصرت حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے 5 مزید شہریوں کی میتوں کو آج ہی ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کشتی حادثات میں ملوث ملزمان کیخلاف کریک ڈاؤن، 144 گرفتار
پولیس حکام کے مطابق اب تک لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 12 پاکستانیوں کی لاشیں وطن واپس لائی جاچکی ہیں، مجموعی طور ہلاک ہونیوالے 16 پاکستانیوں میں سے 14 کا تعلق ضلع کرم سے تھا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
باجوڑ پولیس خیبرپختونخوا ضلع کرم کشتی حادثہ لیبیا ہیلی کاپٹر یورپ.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: باجوڑ پولیس خیبرپختونخوا کشتی حادثہ لیبیا ہیلی کاپٹر یورپ ہیلی کاپٹر لیبیا کشتی
پڑھیں:
لیبیا میں کشتی حادثہ؛ 11 تارکین وطن جاں بحق، 4 پاکستانیوں کی تصدیق
اسلام آباد: لیبیا کے مشرقی شہر سرت کے ساحل حراوہ کے قریب تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جن میں سے 4 پاکستانی شہریوں کی شناخت ہوچکی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق طرابلس میں قائم پاکستانی مشن نے کشتی ڈوبنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم نے سرت شہر کا دورہ بھی کیا ہے۔دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ سرت میں پاکستانی سفارتخانے نے 11 تارکین وطن کی لاشیں وصول کی ہیں جن میں سے چار افراد کی شناخت قومی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شہریوں کے طور پر کی گئی ہے۔ دو لاشوں کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہوسکی۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ جاں بحق پاکستانی شہریوں کی شناخت زاہد محمود ولد لیاقت علی، تعلق گوجرانوالہ اور سمیر علی ولد راجہ عبدالغفار، تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہوئی ہے۔ترجمان کے مطابق سید علی حسین ولد شفقت الحسین، تعلق منڈی بہاؤالدین اور آصف علی ولد نذرمحمد، تعلق منڈی بہاؤالدین بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کا کرائسز مینجمنٹ یونٹ صورتِ حال کی مسلسل نگرانی کررہا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے رابطے میں ہے جب کہ مزید شناخت اور لاشوں کی منتقلی کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ترجمان نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کرے گی۔