اداکارہ ریشم کا خلیل الرحمٰن قمر پر ’’بدتمیزی‘‘ کرنے کا الزام
اشاعت کی تاریخ: 28th, February 2025 GMT
پاکستانی فلم و ٹیلی ویژن انڈسٹری کی مشہور اداکارہ ریشم نے ڈرامہ نویس اور شاعر خلیل الرحمٰن قمر پر بدتمیزی کرنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔
اداکارہ نے یہ انکشاف اپنے ایک حالیہ وی انٹرویو کے دوران کیا، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اور کیریئر کے بارے میں کھل کر بات کی۔
ریشم، جو اپنے فلاحی کاموں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہیں، نے انٹرویو میں خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ اپنے ایک تلخ تجربے کو شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح قمر نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور انہیں نظرانداز کیا۔
انٹرویو کے دوران ریشم نے اپنی تعلیمی قابلیت پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا، ’’میں میٹرک پاس ہوں، لیکن آج اگر میں کہوں کہ میں نے اردو میں گریجویشن کی ہے، تو لوگ یقین کرلیں گے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے فلمی سیٹ پر اپنے بڑوں سے اردو کے الفاظ سیکھے ہیں، اور انہیں اس پر فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’میں ہمیشہ عاجزی کے ساتھ چلتی ہوں، کیونکہ اللہ کو عاجزی پسند ہے۔‘‘
جب میزبان نے ریشم سے پوچھا کہ اگر ان کی اور خلیل الرحمٰن قمر کی ملاقات ہوجائے تو وہ کیا کریں گی؟ تو ریشم نے ایک پرانی بات یاد کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح قمر نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی۔
انہوں نے بتایا، ’’جب خلیل الرحمٰن قمر کا ڈراما ’’میرے پاس تم ہو‘‘ آن ایئر ہوا، تو میں نے ہمایوں سعید کو اپنے گھر مدعو کیا۔ بعد میں، میں ہمایوں کے ساتھ ایک تقریب میں گئی، جہاں خلیل الرحمٰن قمر بھی موجود تھے۔ میں نے انہیں دیکھ کر سلام کیا، لیکن انہوں نے سلام کا جواب دینے کے بجائے مجھ سے بدتمیزی کرتے ہوئے کہا، دور ہوجاؤ، میں تم سے بات بھی نہیں کرنا چاہتا۔‘‘
ریشم نے کہا کہ وہ قمر کو اس کا جواب دے سکتی تھیں، لیکن انہوں نے اپنی عزت کی خاطر خاموشی اختیار کی۔ ان کا کہنا تھا، ’’مجھے اینٹ کا جواب پتھر سے نہیں، اینٹ سے دینا آتا ہے، لیکن میں نے اسکینڈل سے بچنے کےلیے خاموشی اختیار کی۔‘‘
یہ پہلی بار نہیں ہے جب ریشم نے خلیل الرحمٰن قمر پر تنقید کی ہے۔ ماضی میں بھی انہوں نے قمر کو ماہرہ خان اور نعمان اعجاز کے خلاف دیے گئے متنازع بیانات پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اپنی صحت پر توجہ دینی چاہیے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: خلیل الرحم ن قمر انہوں نے کے ساتھ
پڑھیں:
اداکارہ ماورا حسین 3 بھارتی فلمیں چھوڑنے پر کیوں مجبور ہوئیں؟
پاکستان کی خوبرو اداکارہ ماورا حسین نے انکشاف کیا کہ انہوں نے بالی ووڈ فلم ’صنم تیری قسم‘ کی ریلیز سے پہلے بھارت میں 3 مزید فلمیں سائن کی تھیں، لیکن دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے انہیں ان تینوں فلموں سے دستبردار ہونا پڑا۔
ایک انٹرویو میں ماورا حسین نے بتایا کہ انہیں بھارت سے 3 پراجیکٹس کی پیشکش کی گئی تھی جس کے لیے وہ وہاں مستقل رہائش اختیار کرنے والی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کچھ فرنیچر بھی آرڈر کر لیا تھا تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے انہیں پاکستان واپس آنا پڑا۔
اداکارہ نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ شروع ہونے میں صرف 10 دن باقی تھے، ان کا جنم دن بھی قریب تھا اور وہ بہت پُر جوش تھیں کہ اپنی سالگرہ فلم کے سیٹ پر منائیں گی لیکن کچھ بد قسمت واقعات کی وجہ سے انہیں واپس پاکستان آنا پڑا۔
اداکارہ نے سائن کی گئی فلموں کے بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ وہ ان پراجیکٹس کے بارے میں زیادہ بات نہیں کریں گی جن کا وہ حصہ نہیں ہیں کیونکہ اس میں بہت اچھے اداکاروں نے کام کیا اور وہ ان کے نصیب کے پراجیکٹس تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے نصیب میں وہ پراجیکٹس لکھے تھے جہاں وہ واپس آئی ہیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ ماورا حسین کی رومانوی بھارتی فلم ’صنم تیری قسم‘ کی ری ریلیز نے بھارت میں باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ فلم 2016 میں ریلیز کی گئی تھی تاہم یہ باکس آفس پر بزنس کرنے میں ناکام رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ’آپ کمال ہو‘، بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن نے ماورا حسین کی تعریف کیوں کی؟
فلم کی دوبارہ ریلیز نے غیر معمولی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس نے صرف بھارت میں 5 دنوں میں 25.16 کروڑ روپے کما کر ہمیش ریشمیا کی فلم ’بی آر‘ اور ’لویاپا‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
یاد رہے کہ یہ ماورا حسین کی پہلی اور آخری بالی ووڈ فلم تھی۔ اس کے بعد وہ پاکستانی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں نظر آئیں۔ اس کے بعد انہوں نے ٹی وی پر توجہ مرکوز کرلی۔ ان کے پاس یونیورسٹی آف لندن سے قانون کی ڈگری ہے۔ انہوں نے اپنے قانونی کیریئر کو ایک طرف رکھ دیا کیونکہ وہ اپنے اداکاری کے کیریئر پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بالی ووڈ صنم تیری قسم ماورا حسین