وزیراعظم کے دورہ ازیکستان سے تعلقات میں وسعت آئے گی : دفترخارجہ
اشاعت کی تاریخ: 28th, February 2025 GMT
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی دعوت پر 25 سے 26 فروری تک جمہوریہ ازبکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان دورے میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر زور دیا گیا اور دونوں ممالک کی قیادت نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دورے کے دوران دونوں ملکوں نے تجارت، رابطے، ثقافت اور عوامی تبادلے جیسے مختلف شعبوں میں تعاون کو بہتر بنانے کے بارے میں اپنے نقطہ نظر کا اشتراک کیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بات چیت میں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے باہمی مقصد کے مطابق ٹرانس افغان ریلوے اور تجارتی راہداریوں کے ذریعے علاقائی رابطوں کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم نے 25 فروری کو تاشقند میں پاکستان-ازبکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کیا جس نے سرمایہ کاری کے مواقع اور ممکنہ مشترکہ منصوبوں کو تلاش کرنے کے لئے دونوں ممالک کے ممتاز کاروباری رہنماؤں کو اکٹھا کیا۔ بیان کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعلقات اعلیٰ سطحی رابطوں، اقتصادی شراکت داری میں اضافہ اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون سے مضبوط ہوئے ہیں۔ یہ دورہ متعدد مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کے ساتھ اختتام پذیر ہوا جس کا مقصد مشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانا ہے۔ وزیراعظم کے دورے کے اختتام پر مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ ازبکستان‘تجارت، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے معاہدوں کا امکان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 فروری ۔2025 )وزیراعظم شہباز شریف خطے کے اہم علاقائی ٹرانزٹ مرکز کے طور پر استحکام دینے کے لیے آج سے ازبکستان کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں وزارتِ خارجہ کے مطابق اس دورے کا محور تجارت، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون ہو گا. وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ازبک صدر شوکت مرزیائیف کی دعوت پر ازبکستان کا دورہ کررہے ہیں اور اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کئی دو طرفہ معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں.(جاری ہے)
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم اور ازبک صدر دو طرفہ ملاقات کے دوران رابطوں، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع و سکیورٹی، علاقائی استحکام اورتعلیم سمیت تمام شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے بیان میں کہا گیا کہ دونوں راہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو کریں گے. دورے کے دوران شہباز شریف پاکستان ازبکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بزنس فورم میں دونوں ممالک کے نمایاں تاجر شرکت کریں گے اور دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے ملاقاتیں کریں گے ازبکستان وسطی ایشیا کی سب سے بڑی صارف منڈی اور دوسری بڑی معیشت ہے یہ پہلا وسطی ایشیائی ملک ہے جس کے ساتھ پاکستان نے دو طرفہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ اور 17 اشیا پر مشتمل دو طرفہ ترجیحی تجارتی معاہدہ کیا ہے فروری 2023 میں پاکستان اور ازبکستان نے تاشقند میں ہونے والے ایک اجلاس میں دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے ایک ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے جس کا مقصد اشیا اور سروسز کے تبادلے کو بڑھانا ہے پچھلے ماہ ازبکستان کے سفیر علی شیر ت±ختائیف نے بھی کراچی کے لیے ازبکستان سے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا. وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان کی ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے جس میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینا اور شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنا شامل ہے جو علاقائی روابط اور اقتصادی خوشحالی کے سٹریٹجک ویژن کا حصہ ہے. پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث خشکی میں گھرے وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے لیے ایک کلیدی تجارتی اور ٹرانزٹ مرکز کے طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کر رہا ہے گذشتہ سال پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان دوروں، سرمایہ کاری کے مذاکرات اور اقتصادی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا شہباز شریف کا ازبکستان کا یہ دورہ آذربائیجان کے دورے کے بعد ہو رہا ہے جہاں دونوں ممالک نے گذشتہ روز تجارت، توانائی، سیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں.