اوپنر بیٹر فخر زمان نے ریٹائرمنٹ کی افواہوں پر خاموشی توڑدی۔
اشاعت کی تاریخ: 27th, February 2025 GMT
قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر فخر زمان نے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔فخر زمان نے حال ہی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں واپسی کی لیکن انہیں پہلے ہی میں انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے فخر کی انجری کی تصدیق کرتے ہوئے امام الحق کو ان کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا۔فخر کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد یہ خبریں آنا شروع ہوگئیں کہ وہ ریٹائرمنٹ پر غور کررہے ہیں اور اس کے لیے قریبی لوگوں سے مشاورت شروع کردی ہے۔بعدازاں فخر زمان نے ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، میں مکمل طور پر فٹ ہوکر اور جلد ٹیم میں شامل ہو جاؤں گا۔واضح رہے کہ فخر زمان نے 2017 میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، وہ تین ٹیسٹ۔ 86 ون ڈے اور 92 ٹی 20 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، انہوں 11 سنچریوں اور 30 نصف سنچریوں کی مدد سے تمام فارمیٹس میں 5691 رنز بنائے ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان ٹیم خاموشی سے اسلام آباد پہنچ گئی
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم خاموشی سے دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئی۔
دبئی سے قومی ٹیم کا جہاز پہلے لاہور پہنچا ، جہاں چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی اور بورڈ کے عہدیدار اور دیگر چند لوگ اترے، پھر اس جہاز نے دوبارہ اڑان بھری اور اس بار اس کی منزل اسلام آباد تھی، جہاں قومی کرکٹ ٹیم اتری۔
جہاز کے اس سفر میں غیر معمولی خاموشی تھی جبکہ کھلاڑی آپس میں بات چیت نہیں کر رہے تھے۔
بھارت کے خلاف دبئی میں اتوار کو یکطرفہ شکست کے بعد سب کے چہرے مرجھائے ہوئے تھے اور سر جھکے ہوئے تھے۔
چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی جو اس سے قبل کراچی سے دبئی خصوصی طیارے میں سفر کر کے دبئی ٹیم کے ہمراہ پہنچے تھے، اس سفر میں خاصی گہماگہمی تھی، قہقہے اور شور تھا، تاہم اس بار گہری خاموشی تھی۔
چیئرمین نے دبئی میں کھلاڑیوں کو عشائیے پر بھی مدعو کیا تھا۔ وہ بھارت میچ سے ایک رات پہلے اسٹیڈیم کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے پہنچے بھی تھے۔
البتہ واپسی پر شکست کے بعد جیسے سب کچھ بدل چکا تھا۔ نہ رویوں میں وہ گرمجوشی تھی، نہ چہرے پر وہ مسکراہٹ تھی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پہلے نیوزی لینڈ اور پھر بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے البتہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو اپنا آخری گروپ میچ 27 فروری کو بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلنا ہے جبکہ گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔