بلوچستان میں قومی شاہراہوں کی بندش کے باعث ایئر لائنز نے کرایے دگنے کر دیے
اشاعت کی تاریخ: 27th, February 2025 GMT
شمال مغرب میں واقع رقبے کے اعتبار سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ بلوچستان گزشتہ کئی برس سے شدید بد امنی کی لپیٹ میں ہے۔ آئے روز قومی شاہراہوں پر عسکریت پسندوں کی جانب سے ناکہ بندی اور احتجاج کے سبب شہریوں کا زمینی راستوں سے سفر کرنا ناممکن ہو چکا ہے۔ رواں ماہ کے دوران کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بولان کے مقام پر عسکریت پسندوں نے گاڑیوں کی تلاشی لی جبکہ اسی ماہ کوئٹہ پنجاب قومی شاہراہ پر بارکھان کے مقام پر مسلح افراد نے ناکہ لگا کر شناخت کی بنیاد پر 7 افراد کو قتل کردیا ایک جانب جہاں بد امنی کے واقعات سفر کر نے میں حائل ہو رہے ہیں وہیں آئے روز کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر احتجاج نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔
دوسری جانب اگر ٹرین سروس کی بات کی جائے تو کوئٹہ کو پنجاب اور خیبر پختونخوا سے ملوانے والی جعفر ایکسر پس روزانہ کی بنیاد پر چلتی ہے جس میں 400 سے 500 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہو تی ہے جبکہ کوئٹہ سے کراچی چلنے والی بولان ایکسر پس ہفتے میں صرف 2 بار کراچی کی جانب روانہ ہو تی ہے ایسے میں ٹرین پر محدود تعداد میں افراد سفر کر پاتے ہیں تاہم اس ساری صورتحال میں بلوچستان سے فضائی سفر کا راستہ رہ جاتا ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ناممکن ہوتا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان نے 20 سالہ پرانا قبائلی تنازعہ ختم کروا دیا
وی نیوز سے بات کر تے ہوئے نجی ٹریول کمپنی کے ایجنٹ صادق خان نے بتایا کہ ایک ماہ کے دوران کرائیوں میں دگنا اضا فہ دیکھنے کو ملا ہے۔ پہلے کوئٹہ سے کراچی، لاہور یا اسلام آباد کا کرایہ 20 سے 30 ہزار تھا وہ اب 70 ہزار تک پہنچ چکا ہے ، اگر حالیہ دنوں کی بات کی جائے تو اگلے روز کوئٹہ سے اسلام آباد کی جانے والی ٹکٹ 40 ہزار جبکہ ایک ہفتے کے بعد یہی ٹکٹ 30 ہزار دستیاب ہوتی ہے۔
ایسے ہی کوئٹہ سے کراچی جانے والی پرواز اگلے روز 30 سے 35 ہزار کی ٹکٹ فروخت کررہا ہے جبکہ ایک ہفتے بعد یہی ٹکٹ 18 سے 20 ہزار میں دستیاب ہوتی ہے۔ کوئٹہ سے لاہور کی اگلے دن کی ٹکٹ 70 سے 75 ہزار جبکہ ایک ہفتے بعد 63 سے 68 ہزار کے درمیان ہے۔
وی نیوز سے بات کرتے ہوئے مسافر عمران خان نے بتایا کہ بیماری کی وجہ سے مہینے میں ایک 2 بار کر اچی کا چکر لگانا پڑتا ہے، پہلے یہ سفر زمینی راستوں کے ذریعے کرتا تھا لیکن آئے روز کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کی بندش کے باعث مجبوراً فضائی سفر کا راستہ اختیار کیا لیکن ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافے کے سبب فضائی سفر کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کو سفری سہولت فراہم کر نے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان حکومت نے صوبے سے متعلق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا بیان مسترد کردیا
دوسری جانب چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بلوچستان نے وفاقی وزیر ہوا بازی کے نام مراسلہ لکھا ہے۔ مراسلے کے متن کے مطابق بلوچستان میں امن و امان، احتجاج اور سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے آئے روز قومی شاہراہیں بند رہتی ہیں جس کی وجہ سے قومی شاہراہوں پر سفر مشکل ہو گیا ہے۔ کوئٹہ سے پنجاب اور کے پی کے لیے صرف ایک ٹرین اور کراچی کے لیے ہفتے میں 2 ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔
کاروباری افراد سمیت دیگر مسافروں کے لیے ہوائی سفر ہی واحد قابل عمل آپشن ہے۔ پی آئی اے اور نجی فضائی کمپنیوں نے کوئٹہ سے پروازیں بھی کم کردی ہیں۔ کم فلائٹس کے باعث فلائی جناح بے تحاشا کرایہ وصول کر رہا ہے۔ فلائی جناح کو زائد کرایہ وصولی سے روک کر پی آئی اے و دیگر ایئر لائنز کو کوئٹہ سے پروازوں میں اضافے کا پابند کیا جائے۔ فضائی ٹکٹس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ صوبے کی عوام اور خاص کر بزنس کمیونٹی کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بلوچستان پی آئی اے شاہراہیں بند فضائی سفر فلائی جناح کرایے دگنا کوئٹہ.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: بلوچستان پی ا ئی اے شاہراہیں بند فلائی جناح کرایے دگنا کوئٹہ قومی شاہراہ کوئٹہ سے کے لیے
پڑھیں:
موسمی خرابی: بالائی علاقوں کیلئے آج بھی 6 پروازیں منسوخ
---فائل فوٹوملک کے متعدد شہروں میں موسمی خرابی کے سبب بالائی علاقوں کے لیے آج بھی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق مختلف وجوہات کی بنا پر کراچی، لاہور، اسلام آباد اور فیصل آباد کی 16 پروازوں میں تاخیر ہوئی۔
ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق اسلام آباد، پشاور، فیصل آباد، ملتان اور لاہور ایئر پورٹس پر دھند کےسبب حدِنگاہ متاثر ہے جبکہ کراچی ایئر پورٹ پر بادل اور سیالکوٹ میں مطلع ابر آلود ہے۔
موسمی خرابی کے پیشِ نظر ملک کے بالائی علاقوں کے لیے قومی ایئر لائن کی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
اسلام آباد گلگت کی 4 پروازیں پی کے 601، 602، 605، 606 اور اسلام آباد اسکردو کی قومی ایئر کی 2 پروازیں پی کے 451 اور 452 بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اسلام آباد ایئر پورٹ سے 4، کراچی سے 6 اور لاہور سے 5 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔