جمہوریت، آئین، قانون کی بحالی کیلئے سڑکوں، پارلیمنٹ، عدالتوں میں جنگ ہو گی: اپوزیشن
اشاعت کی تاریخ: 27th, February 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن اتحاد نے قومی کانفرنس کے بعد پریس بریفنگ دی۔ عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایک جگہ پر کانفرنس کروانے کی بات ہوئی تو وہاں انکار کر دیا گیا۔ گزشتہ ماہ سے کوشش کر رہے تھے کہ قومی کانفرنس ہو جائے۔ کہا گیا کہ 2 مارچ تک کوئی کانفرنس نہیں کر سکتے۔ ہم نے کرکٹ ٹیم کے راستے سے 10 کلو میٹر دور مارکی کو بک کیا، پھر بھی روکا گیا۔ کہا گیا کہ یہاں سے کرکٹ ٹیم گزرتی ہے۔ کانفرنس کے پہلے روز وکلاء اور دانشوروں نے شرکت کی۔ صحافیوں اور وکلاء نے آئین سے متعلق اپنی آراء پیش کیں۔ یہ حکومت ایک کانفرنس سے گھبراتی ہے، یہ بھی برداشت نہیں کر سکی، جمہوریت کی بات کرنے والے جمہوریت سے ڈرے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بتایا کہ جمہوریت، آئین، قانون کی بحالی کیلئے سڑکوں، پارلیمنٹ اور عدالتوں میں جنگ ہو گی۔ ہوٹل انتظامیہ نے اپنی مجبوری کا اظہار کیا کہ ان پر دباؤ ہے۔ ہوٹل انتظامیہ نے کہا کہ انہیں دھمکیاں دی گئی ہیں۔ پاکستان میں اس وقت آئین ہے نہ قانون۔ ہم کانفرنس کرنے کیلئے آج ضرور آئیں گے۔ اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے چیف جسٹس کا دروازہ کھٹکھٹاؤں گا۔ ہم نے گزشتہ کی کانفرنس میں ملکی سالمیت اور آئین کی بقاء سے متعلق باتیں کیں۔ شاہد خاقان عباسی اور محمود اچکزئی نے کانفرنس کرائی۔ کانفرنس میں وکلاء اور سیاستدانوں نے پاکستان کو مضبوط کرنے کی بات کی۔ اسد قیصر نے کہا کہ ملک کے حالات پر بات کرنا اور عوام کو اکٹھا کرنا ہمارا حق ہے۔ یہ تحریک تو چلے گی۔ ہم غلام ہیں نہ جانور۔ کیا پاکستان میں جنگل کا قانون ہے۔ پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے۔ خیبر پی کے میں دہشتگردی ہے۔ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جو نسخہ آج ہمارے جاسوسی ادارے استعمال کر رہے ہیں، وہ نظام روس استعمال کرچکا ہے اور وہ بری طرح ناکام ہوا۔ ہم نے یہ تحریک لوگوں کو گالیاں دینے کے لیے شروع نہیں کی، کوئی بھی ملک فوج اور خفیہ اداروں کے بغیر نہیں چل سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جاسوسی ادارے ہر ملک کی آنکھ اور کان کا کام کرتے ہیں، جاسوسی ادارے سیاسی قیادت کو معلومات فراہم کرتے ہیں جس کی بنیاد پر سیاسی قیادت ملک کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرتے ہیں، یہاں پر نظام مختلف ہے، جو آدمی منتخب نہیں ہوکر آتا وہ کیسے عوام کا سوچے گا؟۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پرامن احتجاج اور عدالتوں میں لڑتے رہیں گے، شیخ وقاص اکرم
لاہور:تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقاتیں نہ کرانے والا سپرنٹنڈنٹ جیل عدالتی احکامات پھاڑ کر ردی کی ٹوکری میں پھینک رہا ہے۔
انھوں نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ عدالتوں کیلیے لمحہ فکر یہ ہے کہ وہ اپنے فیصلوں پرعملدرآمد کیسے کراسکتے ہیں انھیں آئی جی جیل خانہ جات کو برطرف کرنا چاہیے کیونکہ توہین عدالت باربارہورہی ہے، ہم دھرنے دیں گے یا ریلیاں نکالیں گے تو انھیں تکلیف ہوگی، پرامن احتجاج اور عدالتوں میں لڑتے رہیں گے۔
ماہرمعیشت ہارون شریف نے کہاکہ ٹرمپ کے اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح ہوا،اسے بحال کرتے کرتے بہت عرصہ لگے گا، پاکستان کیلیے امریکا اور چین کے ساتھ اقتصادی اور سفارتی شراکت داری میں توازن رکھنا بہت مشکل ہوتا جائے گا، ہمیں کسی ایک ملک پر انحصار کے بجائے منڈیاں ڈھونڈنا ہوں گی، اس صورتحال میں چین فاتح کی حیثیت سے نکلے گا۔
ماہر پاک افغان امور طاہرخان نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی جاری ہے مگر جوخود نہیں جاتے پھر انھیں بسوں میں ڈال کر ملک بدر کیا جاتاہے، حال ہی میں افغان سیٹیزن کارڈ کے حامل 4 ہزار خاندانوں کوواپس بھیجا گیا ہے، امریکا نے طالبان حکومت بننے کے بعد پاکستان میں پناہ لینے والوں کو ستمبر تک نہ لیا تو وہ پاکستان میں غیرقانونی تصور ہوں گے اور شاید انھیں بھی ملک بدرکردیا جائے گا۔