امن مشقیں پاکستانی میری ٹائم سفارتکاری کا مظہر ثابت ہوئیں: کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل
اشاعت کی تاریخ: 26th, February 2025 GMT
کراچی (آئی این پی )کمانڈر کوسٹ رئیرایڈمرل فیصل امین نے کہا ہے کہ اس ماہ ہوئی امن مشقیں پاکستان کی میری ٹائم سفارتکاری کا مظہرثابت ہوئی ہیں، امن مشقیں ملٹی لیٹرل ایکسرسائز تھیں جس میں 60 ممالک کی غیرملکی بحریہ شریک ہوئیں، ان کا بنیادی فوکس ہی میری ٹائم ڈپلومیسی تھا۔ سی گارڈ مشقوں کے آغاز پر کراچی میں نجی ٹی وی کو انٹرویو میں رئیرایڈمرل فیصل امین نے کہا کہ ان میں مختلف آرا اور اسٹریٹیجک سوچ کے حامل ممالک کی شرکت پاکستان بحریہ کی ساکھ کی علامت ہے جبکہ حالیہ سی گارڈ مشقیں پاکستان کی اپنی سرحدوں کے اندر سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہیں۔کمانڈر کوسٹ نے کہا کہ سی گارڈ مشقوں کا مقصد کسی بھی خطرے کیخلاف میری ٹائم سکیورٹی کو فعال بنانا اور ریسپانس ٹائم کم کرنا ہے کیونکہ یہی میری ٹائم سکیورٹی مجموعی قومی سکیورٹی سے بھی جڑی ہوئی ہے۔رئیرایڈمرل فیصل امین نے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی پالیسی میں کچھ مقاصد طے ہیں جن میں بقائے باہمی، اقتصادی خوشحالی، سرحدوں کا تحفظ، انسانی تحفظ، سائبر سکیوریٹی اوردیگر شامل ہیں، قومی پالیسی سے نیچے کی طرف قومی قوت کے جو عناصر ہیں وہ اپنی پالیسی اور حکمت عملی تیار کرتے ہیں جس کا میری ٹائم سکیورٹی ایک اہم حصہ ہے۔رئیرایڈمرل فیصل امین نے بتایا کہ چیف آف نیول اسٹاف کی ہدایات پر2024 ء میں پہلی بار سی گارڈ مشقیں کرائی گئی تھیں، ان کے بعد جو سفارشات مرتب کی گئی،انکا جائزہ لیا گیا اورجو سبق سیکھا گیا اسے حالیہ مشقوں میں شامل کیاگیاہے، جو پہلی مشقوں میں کمی رہ گئی تھی، اسے بھی بہتر بنالیا گیا ہے،ساتھ ہی اس بار ایک اور اسٹیک ہولڈر وزارت سیاحت کو شامل کیاگیاہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: رئیرایڈمرل فیصل امین میری ٹائم سی گارڈ
پڑھیں:
چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت ٹاکرے کا رنگ پاکستانی سیاست پر بھی چڑھ گیا
چیمپئنز ٹرافی میں آج روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت مدمقابل ہیں اس بڑے مقابلے کا رنگ پاکستانی سیاستدانوں پر بھی چڑھ گیا ہے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں آج میزبان اور دفاعی چیپمپئن پاکستان اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف دبئی کے اسٹیڈیم میں میدان میں اتر رہا ہے۔ پاک بھارت میچ کی گرم جوشی نے صرف عام شائقین نہیں بلکہ سیاست کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔پاکستانی وزرا اور سیاستدانوں نے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج پاک بھارت میچ ہے جس میں ہماری نیک خواہشات اپنی قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔ کھلاڑی جم کر اور کھل کر کھیلیں۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج ایک تاریخی میچ ہوگا۔ پوری قوم کی دعا ہے کہ آج کا میچ پاکستان ٹیم ہی جیتے۔پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے قومی ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ نیوزی لینڈ سے شکست کو بھلا کر روایتی حریف بھارت کے خلاف نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں اور 2017 کے فائنل والی پرفامنس دہرا کر شکستوں کو ماضی کا قصہ بنا دیں۔شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان ٹیم کم بیک کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ فاسٹ بولرز سے توقعات ہیں کہ وہ بھارتی بلے بازوں کو بڑا اسکور کرنے سے روکیں گے۔ شاہین بھی یہ ذہن نشین کرلیں کہ بھارت کے خلاف میچ میں ایک بڑی پرفارمنس آپ کو ہیرو بنا سکتی ہے۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو نیوزی لینڈ سے 60 رنز سے شکست دی جب کہ بھارت بنگلہ دیش کو ہرا چکا ہے۔ قومی ٹیم کو اپنے اعزاز کے دفاع اور ایونٹ میں رہنے کے لیے آج کے میچ میں بڑے مارجن سے فتح ضروری ہے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا ریکارڈ روایتی حریف کے خلاف اچھا ہے۔ دونوں ٹیموں نے میگا ایونٹ میں پانچ میچ کھیل رکھے ہیں۔ پاکستان نے تین جب کہ بھارت نے دو میچ جیتے ہوئے ہیں۔گرین شرٹس نے گزشتہ ایونٹ کے فائنل میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔