پاکستان میں سرکاری دفاتر سے اطلاعات کا حصول ایک طویل صبر آزما کام ہے۔ راقم نے وفاقی اردو یونیورسٹی سے پنشن اور جی پی فنڈزکے اعداد و شمار کے بارے میں گزشتہ سال کے وسط میں معلومات حاصل کرنے کے لیے اطلاعات کے حصول to Right Information Act مجریہ 2011کے تحت رجوع کیا مگر اس استدعا پر، پراسرار خاموشی اختیارکی گئی، پھر انفارمیشن کمیشن آف پاکستان کو عرضداشت بھی کی۔ کمیشن نے متعلقہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کو مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کا حکم دیا مگر سات ماہ تک کچھ نہ ہوا۔ انفارمیشن کمیشن کے سربراہ سینیئر بیوروکریٹ شعیب صدیقی نے ذاتی طور پر اس معاملے کی نگرانی کی، یوں انفارمیشن کمیشن کے افسروں کی مسلسل کوششوں کے بعد فروری کے پہلے ہفتے میں نامکمل معلومات فراہم کی گئیں۔
اطلاعات کے حق کے حصول کے لیے طویل عرصے سے جدوجہد کرنے والی غیر سرکاری تنظیم فافن نے گزشتہ سال مختلف وزارتوں اور ان کے ذیلی خود مختار اداروں کے اطلاعات کے حصول کے نظام کا بغور جائزہ لیا۔ اس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ وفاقی وزارتوں نے صرف 44 فیصد عرض داشتوں پر درست معلومات فراہم کیں۔ وزارتوں اور خود مختار اداروں میں معلومات کو خفیہ رکھنے اور ہر ممکن طریقوں سے معلومات کو افشاء کرنے کے عمل کو طویل کرنے کا کلچر خاصا گہرائی کے ساتھ موجود ہے۔
فافن کے ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں کے حق کو مکمل طور پر تحفظ دینے کے لیے آر ٹی آئی کے قانون میں بنیادی نوعیت کی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ آر ٹی آئی کا قانون بنگلہ دیش، برطانیہ، بھارت، امریکا اور اسکینڈے نوین ممالک کے مقابلے میں خاصا کمزور ہے۔ آر ٹی آئی کے قانون کی شق 7 کے تحت کئی اہم وزارتوں کو اس قانون کے دائرہ کار سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ان وزارتوں میں وزارت خارجہ، دفاع، داخلہ اور خزانہ جیسی اہم وزارتیں شامل ہیں۔
وفاقی بجٹ کا ایک خطیر حصہ ان وزارتوں کے لیے وقف ہوتا ہے۔ ان کے بیشتر معاملات عوام سے متعلق ہوتے ہیں۔ اس بناء پر مکمل طور پر ان وزارتوں کو آر ٹی آئی کے قانون سے مستثنیٰ قرار دینے سے شفافیت کا عمل متاثر ہوتا ہے اور عوام کے جاننے کے حق کی تنسیخ سے ان کے بعض مسائل جو ان وزارتوں اور ان کے ذیلی اداروں سے متعلق ہوتے ہیں پسِ پشت چلے جاتے ہیں۔
انفارمیشن کمیشن کو مکمل طور پر انتظامی اور مالیاتی طور پر خود مختار ہونا چاہیے اور اس کے قانون میں یہ شقیں واضح طور پر درج ہونی چاہیئیں، اگر کوئی وزارت یا اس کے ذیلی خود مختار ادارے کے مجاز افسر اطلاعات کی فراہمی کے عمل میں رکاوٹ ہے یا اطلاعات کو چھپا کر رکھنے کے عمل کے ذمے دار ہوں تو اس طرح یہ غیر قانونی عمل کے ذمے دار افسروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا حق ہونا چاہیے۔
اس تادیبی کارروائی میں کئی سال تک تنخواہ اور ترقی پر بندش کے علاوہ ملازمت سے برطرفی کا اختیار بھی حاصل ہونا چاہیے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ انفارمیشن کمیشن کو بجائے اپیلیٹ اتھارٹی کا کردار ادا کرنے کے عوام کے جاننے کے عمل کو تیز ترین کرنے والا ادارہ کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس رپورٹ میں انفارمیشن کمیشن کی ہیت کی تبدیلی کی بھی تجاویز شامل ہیں۔
ماہرین نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ عوام کو ان شکایات کی کوریج کرانے کے لیے Online Plateform قائم کرنے چاہئیں۔ اس وقت کئی افراد نے یہ شکایت کی ہے کہ کمیشن سے Online رابطہ کی سہولت نہیں ہے اس بناء پر کئی عرض داروں کو محلہ، ڈاک یا غیر سرکاری کوریئر سروس کی خدمات حاصل کرنی پڑتی ہیں جس سے وقت خاصا ضایع ہوجاتا ہے۔ فافن کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کمیشن کو اس طرح کا جدید ترین نظام قائم کرنا چاہیے کہ معلومات حاصل کرنے والا شخص ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے اس عرض داشت پرکارروائی کے بارے میں وقف ہوسکے۔
اطلاعات کے حصول کا تعلق براہِ راست شفافیت کے نظام سے منسلک ہے۔ ادھر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی گزشتہ سال کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا ٹرانسپرنسی میں نمبر پہلے سے پیچھے چلا گیا ہے۔ جدید ریاستی نظام کے لیے کھلے پن (Openness) کے اصول کے ذریعے بدعنوانی کا خاتمہ کیا گیا ہے اور اچھی طرزِ حکومت کے معیارکو بلند کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا کے نئے پلیٹ فارم کے قیام کے ساتھ فیک نیوز کا ایک طوفان شروع ہوا ہے۔
فیک نیوز کی وجہ اطلاعات کو خفیہ رکھنا ہے، اگر اطلاعات آسانی سے دستیاب ہوجائیں، ایک آسان ہتکِ عزت کا قانون ہو اور تیز رفتار انصاف کا نظام قائم کیا جائے تو فیک نیوزکا خاتمہ ہوسکتا ہے۔ جمہوری نظام میں ابلاغِ عامہ کا احتساب کا کردار سب سے اہم ہوتا ہے۔ احتساب کے نظام کو مستحکم کرنے کے لیے عوام کے جاننے کے حق کا احترام ضروری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انفارمیشن کمیشن اطلاعات کے حصول ان وزارتوں خود مختار آر ٹی آئی کے قانون کرنے کے گیا ہے کے عمل
پڑھیں:
حکومت کو نج کاری اور مالیاتی نظام کی بہتری کے اقدامات تیز کرنے کی ضرورت ہے:محمد اورنگزیب
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ نجی شعبے کو پالیسیاں فراہم کرے تاکہ کاروباری سرگرمیاں زیادہ موثر طریقے سے چلائی جا سکیں ، نجکاری کا عمل اور مالیاتی نظام کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے۔پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پہلی پاکستان بینکنگ سمٹ 2025 کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، بینکوں کے صدور اور غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ ایمرجنگ مارکیٹس نے گزشتہ 25 سال میں شاندار ترقی کی ہے اور یہ وقت ہے کہ پاکستان بھی اپنے دستیاب وسائل پر بھرپور توجہ دے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ تر وزرائے خزانہ کی توجہ پیداواری نمو پر رہی ہے اور حکومت کو چاہیے کہ نجی شعبے کو کاروبار چلانے کے لیے ضروری پالیسیاں فراہم کرے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت کو نج کاری اور مالیاتی نظام کی بہتری کے اقدامات تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ وہ اور گورنر سٹیٹ بینک حال ہی میں سعودی عرب میں ایک عالمی کانفرنس میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے سیکھا کہ ابھرتی ہوئی معیشتوں کے وزرائے خزانہ ڈی-ریگولیشن کے فروغ اور سرخ فیتے کے خاتمے پر زور دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھی اپنی تجارتی پالیسی میں خطے کے ممالک کے ساتھ تجارت پر زیادہ توجہ دینی چاہیے تاکہ معاشی استحکام حاصل کیا جا سکے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام میں بہتری آئی ہے، اندرونی و بیرونی کھاتوں میں بہتری ریکارڈ کی گئی اور مالی سال 2025 کے ابتدائی سات ماہ میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس رہا ہے، افراط زر اور شرح سود میں بھی کمی ہوئی ہے جبکہ حکومت سٹرکچرل اصلاحات پر کام کر رہی ہے، خاص طور پر ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے پر پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیس لیس اسیسمنٹ متعارف کرانے سے کرپشن میں 90 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ زرعی انکم ٹیکس کے نفاذ کو بھی ایک بڑی سٹرکچرل اصلاحات قرار دیا اور بتایا کہ صوبائی وزرائے خزانہ کے ساتھ زرعی اصلاحات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پالیسی کی سطح پر ایڈوائزری بورڈ کے قیام کا منصوبہ زیر غور ہے اور حکومت آئندہ بجٹ کے حوالے سے غیر ضروری سنسنی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ تین ڈسکوز (بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں)کی نجکاری کا عمل جلد شروع ہونے والا ہے اور حکومتی اخراجات کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کیوں کے بجائے کیسے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں اور پنشن ا صلاحات کے ذریعے مالی نقصانات کو کم کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آبادی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل کو نظر انداز کئے بغیر پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے دس سالہ شراکت داری کے منصوے میں چھ بنیادی موضوعات کا تعین کیا ہے، جن میں چار کا تعلق موسمیاتی تبدیلیوں سے اور دو کا مالیاتی امور سے ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کو برآمداتی پیداوار بڑھانے کی ضرورت ہے اور ہمیں صرف ٹیکسٹائل پر انحصار نہیں کرنا چاہیے بلکہ دیگر شعبوں کو بھی برآمدات میں شامل کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی مسابقتی صلاحیت حاصل کرنے کے لیے پیداواری عمل میں بہتری لانی ہوگی، مقامی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا تو غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان میں دلچسپی لیں گے ، عالمی کیپٹل مارکیٹس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی درجہ بندی بہتر ہونے کی امید ہے اور جلد سنگل ڈی کیٹگری میں آ سکتا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سٹیٹ بینک کے انفلوز کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور درمیانے درجے کے بینک ایس ایم ایز کے حوالے سے اچھا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بڑے بینکوں کو بھی ایس ایم ایز کے لئے فنانسنگ میں کردار ادا کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزارت خزانہ اس حوالے سے بھرپور تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں ڈیجیٹلائزیشن سے انسانی مداخلت کم ہوئی ہے تاہم مکمل طور پر اسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)کے ساتھ مل کر استعداد کار بڑھانے پر کام کیا جا رہا ہے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ٹیکس چوری اور کرپشن کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں آئی ایم ایف کا ٹیکنیکل مشن پہنچ چکا ہے، جو تین روز تک موسمیاتی فنانسنگ کے امور کا جائزہ لے گا، جبکہ آئندہ ماہ آئی ایم ایف کی دوسری ٹیم بیل آئوٹ پیکج کے حوالے سے مذاکرات کے لئے پاکستان آئے گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ پی آئی اے کی نجکاری رواں سال مکمل ہونے کی امید ہے اور حکومت اس عمل کو ہر ممکن طور پر کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آذربائیجان اور ترکیہ کے ساتھ تجارتی روابط میں تیزی آئی ہے اور پاکستان خطے میں اپنی معاشی حیثیت مستحکم کرنے کے لئے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے انڈیا کے ساتھ تجارت کو جیو پولیٹیکل مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ حکومت اس معاملے کو حالات کے مطابق دیکھ رہی ہے ،حکومت برآمدات کو فروغ دے گی اور ملکی سرحدوں پر سخت نگرانی کو یقینی بنائے گی تاکہ سمگلنگ کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر ثابت قدم ہے اور ان اقدامات سے پیچھے نہیں ہٹے گی ،ایف بی آر اصلاحات کو اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا اور ٹیکس بیس کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ کرپشن کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا، معدنیات کی برآمدات میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور حکومت اس شعبے کو بھی ترقی دینے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ٹیکس بیس کو وسعت نہیں دیں گے تو پائیدار ترقی ممکن نہیں ہوگی۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی اور مستقبل میں عالمی سطح پر ملک کی ساکھ مزید بہتر ہوگی۔