بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان ٹیم خاموشی سے اسلام آباد پہنچ گئی
اشاعت کی تاریخ: 25th, February 2025 GMT
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم خاموشی سے دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئی۔
دبئی سے قومی ٹیم کا جہاز پہلے لاہور پہنچا ، جہاں چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی اور بورڈ کے عہدیدار اور دیگر چند لوگ اترے، پھر اس جہاز نے دوبارہ اڑان بھری اور اس بار اس کی منزل اسلام آباد تھی، جہاں قومی کرکٹ ٹیم اتری۔
جہاز کے اس سفر میں غیر معمولی خاموشی تھی جبکہ کھلاڑی آپس میں بات چیت نہیں کر رہے تھے۔
بھارت کے خلاف دبئی میں اتوار کو یکطرفہ شکست کے بعد سب کے چہرے مرجھائے ہوئے تھے اور سر جھکے ہوئے تھے۔
چیئرمین پی سی بی سید محسن رضا نقوی جو اس سے قبل کراچی سے دبئی خصوصی طیارے میں سفر کر کے دبئی ٹیم کے ہمراہ پہنچے تھے، اس سفر میں خاصی گہماگہمی تھی، قہقہے اور شور تھا، تاہم اس بار گہری خاموشی تھی۔
چیئرمین نے دبئی میں کھلاڑیوں کو عشائیے پر بھی مدعو کیا تھا۔ وہ بھارت میچ سے ایک رات پہلے اسٹیڈیم کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے پہنچے بھی تھے۔
البتہ واپسی پر شکست کے بعد جیسے سب کچھ بدل چکا تھا۔ نہ رویوں میں وہ گرمجوشی تھی، نہ چہرے پر وہ مسکراہٹ تھی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پہلے نیوزی لینڈ اور پھر بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے البتہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو اپنا آخری گروپ میچ 27 فروری کو بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلنا ہے جبکہ گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: شکست کے بعد بھارت کے
پڑھیں:
چیمپیئنز ٹرافی: چیئر مین پی سی بی محسن نقوی کا پاک بھار ت ٹاکرے سے قبل اہم بیان
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارت کے خلاف قومی ٹیم کی جیت کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم پوری طرح تیار ہے، کل اچھا مقابلہ ہوگا، ٹیم ہارے یا جیتے، ہم ان کے ساتھ ہیں، چیزیں اوپر نیچے ہوتی ہیں ، انشاء اللہ پاکستان جیتے گا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چیمپیئنز ٹرافی میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل قومی ٹیم کے نام اہم پیغام جاری کردیا۔دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کو پیغام ہے آپ ہاریں یا جیتیں ہم آپ کے ساتھ ہیں، آج اچھا مقابلہ ہوگا اور پاکستان ٹیم پوری طرح تیار ہے، چیزیں اوپر نیچے ہوتی ہیں،انشااللہ پاکستان جیتے گا اور یہ پاکستان کیلئے بڑا انعام ہوگا۔چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ بھارت سے پوچھیں گے کہ اگر وہ لاہور آکر کھیل رہے ہوتے تو ان کے کیا احساسات ہوتے۔انگلینڈ آسٹریلیا میچ کے دوران بھارتی ترانہ بجنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایونٹ کا آرگنائزر آئی سی سی ہے۔