ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان پہنچ گئے، حافظ نعیم الرحمان سے منصورہ میں ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 25th, February 2025 GMT
لاہور:
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے نامور مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک نے منصورہ میں ملاقات کی۔
ڈاکٹر ذاکرنائیک جو گزشتہ برس اکتوبر میں دورہ پاکستان کے دوران سیکورٹی مسائل کے باعث منصورہ نہ آسکے، منگل کی صبح لاہور ائرپورٹ پر آمد کے بعد منصورہ پہنچے، امیر جماعت نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے ڈاکٹر ذاکرنائیک کو جماعت اسلامی کی دینی خدمات، تعلیمی کاوشوں، فلاحی سرگرمیوں اور تحقیقاتی کاموں سے متعلق آگاہ کیا اور انہیں مختلف شعبوں کا دورہ کرایا۔
امیرجماعت نے عالمی شہرت یافتہ مبلغ کو بتایا کہ جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی ہے اور اسلام کے آفاقی پہلوؤں، اخوت، امن، بھائی چارہ، احترام انسانیت کی علمبردار ہے، جماعت اسلامی نوجوانوں کو تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں جدید دنیا کے مدمقابل لاکر پاکستان میں ترقی، امن اور خوشحالی کا انقلاب برپا کرنا چاہتی ہے تاکہ ملک حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بن سکے، جماعت اسلامی سے وابستہ فلاحی تنظیمیں انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ ان کی بہت عرصے سے جماعت اسلامی کے ہیڈ آفس منصورہ آنے کی خواہش تھی، وہ گزشتہ دورہ پاکستان کے دوران خواہش کے باوجود منصورہ نہ آسکے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات کی تحسین کرتے ہوئے مسرت اور اطمینان کا اظہار کہا۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ امت مسلمہ اور بالخصوص نوجوان نسل کو علم کے میدان میں آگے بڑھنے اور اتحاداور اخوت کا دامن تھامنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت پر عمل پیرا ہوکر ہی امت کے مسائل کا تدارک ہوسکتا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی ڈاکٹر ذاکر
پڑھیں:
حافظ نعیم کا لانگ مارچ کا اعلان، گورنر اور وزیراعلیٰ ہاؤسز کا گھیراؤ کیا جائے گا
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے رمضان کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ سے جاری بیان میں حافظ نعیم نے اعلان کیا کہ ماہ رمضان کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے، بڑی شاہراہوں پر دھرنے، گورنرز، وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کے گھیراؤ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی کال دیں گے، پورے ملک سے قافلے نکلیں گے، کسان، مزدور، طلبا سمیت عوام کی بڑی تعداد اپنے حقوق کے لیے نکلیں گے، ہر طبقہ بجلی کی قیمتوں میں کمی، آئی پی پیز کے خلاف پرامن مزاحمتی جدوجہد کا حصہ ہوں گے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جائے گا، ملک کا نظام بوسیدہ ہو چکا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیکا قانون کا پہلا شکار جماعت اسلامی مانسہرہ کے امیر کو بنایا گیا، آزادی اظہار رائے پر قدغن کے اس قانون کو ایک دفعہ پھر مسترد کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک میں آئی ٹی کا انقلاب برپا کررہی ہے، لاکھوں بچوں بچیوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروا کے انہیں روزگار کے قابل بنائیں گے، حکمران آئی پی پیز کو ہزاروں ارب دینے کے لیے تیار، نوجوانوں کو مفت تعلیم نہیں دے سکتے۔