سندھ کی جیلوں کے ٹھیکے ، ڈھائی ارب کی بے ضابطگیاں
اشاعت کی تاریخ: 25th, February 2025 GMT
کھانے ،ادویات، کپڑوں اور فرنیچر کی فراہمی کے ٹھیکوں کی تحقیقات کا حکم
جیل حکام پی اے سی اور آڈٹ کو اشیاء کی خریداری پر مطمئن نہیں کر سکے
سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کو کھانے ، ادویات، کپڑوں اور فرنیچر کی فراہمی کے ٹھیکوں میں دو ارب 45 کروڑ 61 لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ پی اے سی کا اجلاس چیئرمین نثار کھوڑو کی صدارت میں کمیٹی روم میں ہوا جس میں سینٹرل جیل کراچی سمیت دیگر جیلوں میں قیدیوں کو کھانے ،ادویات، کپڑوں اور فرنیچر کی فراہمی کے ٹھیکوں میں دو ارب پینتالیس کروڑ اکسٹھ لاکھ روپے بے ضابطگیوں کا انکشاف سامنے آیا۔ آئی جی جیلز قاضی نظیر احمد نے بتایا کہ قیدیوں کو کھانے کی فراہمی سمیت ادویات فرنیچر اور کپڑوں اور دیگر اشیاء کی خریداری میں دو ارب پینتالیس کروڑ خرچ کئے گئے ۔ جس کا باضابطہ ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔ جیل حکام پی اے سی اور آڈٹ کو قیدیوں کو کھانے کی فراہمی سمیت دیگر اشیاء کی خریداری سے متعلق مطمئن نہیں کر سکے ۔ پی اے سی نے سیکریٹری داخلہ سندھ کو قیدیوں کے کھانے سمیت دیگر اشیاء کی خریداری کی مد میں دو ارب پینتالیس کروڑ سے زائد کی رقم خرچ کرنے اور فنڈز کے غلط استعمال کے معاملے کی تحقیقات کرکے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کہ ہدایت کردی۔ پی اے سی نے سندھ بھر کے جیلوں کی انٹرنل آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کردی۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
گورنر سندھ کا قومی ٹیم کے لیے انڈیا سے جیت پر ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف جیت پر ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
گورنر سندھ، جو اس وقت لندن میں موجود ہیں، نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل اور تمام دعائیں پاک بھارت ٹاکرے کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی اور قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے لیکن اگر پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف میچ جیت جاتی ہے تو میں قومی ٹیم کو اپنی طرف سے ایک کروڑ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کرتا ہوں۔
اپنے پیغام میں کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم جیت کے لیے دعا گو ہے۔ کھلاڑی پوری لگن اور محنت سے کھیلیں، انشاء اللہ فتح ہماری ہوگی۔
گورنر سندھ نے قومی ٹیم کو بھرپور حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم پاکستان کا وقار بلند کرے گی اور قوم کو جیت کی خوشی دے گی۔