قلات، معدنیات لے جانیوالے قافلے پر نامعلوم افراد کا حملہ، 7 افراد زخمی
اشاعت کی تاریخ: 24th, February 2025 GMT
ڈی سی قلات کے مطابق منگوچر کے مقام پر پل کے قریب آئی ای ڈی دھماکے سے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ جسکے بعد حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع قلات کی تحصیل منگوچر میں نامعلوم مسلح افراد نے سیندک پروجیکٹ کے معدنیات لے جانے والے قافلے پر حملہ کر دیا۔ جس کے نتیجے میں 6 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر قلات بلال شبیر کے مطابق واقعہ منگوچر کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب مدنیات کے ٹرک کو کوئٹہ سے کراچی لے جایا جا رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ منگوچر کے مقام پر پل کے قریب آئی ای ڈی دھماکے سے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔ جس کے بعد حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ تاہم ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ جن کی تلاش کے لئے آپریشن جاری ہے۔
ڈی سی قلات نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کی ہلاکت سے متعلق تاحال اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، تاہم واقعے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور عام شہری کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق آئی ای ڈی دھماکے سے پل کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کے حوالے سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو آگاہ کر دیا ہے۔ لیویز حکام کے مطابق حملے کے بعد دونوں اطراف ٹریفک کو روک دیا گیا تھا، جس کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، تاہم بعد ازاں ٹریفک کو بحال کردیا گیا۔ جس میں فی الحال صرف چھوٹی گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
فرانس میں چاقو حملہ، ایک شخص ہلاک
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے واقعے کو "دہشت گرد حملہ" قرار دیا ہے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق حملہ 37 سالہ مشتبہ شخص نے کیا۔ اسلام ٹائمز۔ فرانس کے مشرقی شہر ملہاؤس میں چاقو سے حملے کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص ہلاک اور دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے واقعے کو "دہشت گرد حملہ" قرار دیا ہے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق حملہ 37 سالہ مشتبہ شخص نے کیا، جو پہلے سے ہی دہشت گردی سے متعلق نگرانی کی واچ لسٹ (FSPRT) میں شامل تھا۔ حملہ آور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ فرانس کے نیشنل اینٹی ٹیرر پراسیکیوٹرز یونٹ (PNAT) نے کیس کی تحقیقات اپنے ہاتھ میں لے لی ہیں۔ پراسیکیوٹر نکولس ہیٹز کے مطابق مزید تین پولیس افسران معمولی زخمی ہوئے۔ صدر میکرون نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور ایسے حملوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔