کریکٹر سرٹیفکیٹ کے پیٹرن میں تبدیلی
اشاعت کی تاریخ: 24th, February 2025 GMT
آئی جی پنجاب کے حکم پر کریکٹر سرٹیفکیٹ کے پیٹرن میں تبدیلی کر دی گئی ہے، جس کے تحت ترمیمی مراسلہ تمام متعلقہ افسران کو جاری کر دیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق، بے گناہ افراد کا مجرمانہ ریکارڈ چھپانے کے لیے ویریفیکیشن کمیٹی کا اجلاس بلانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور ایسے کیسز کی کوئی رپورٹ سی پی او دفتر کو نہیں بھیجی جائے گی۔ کریکٹر سرٹیفکیٹ کا ریکارڈ نئے پیٹرن کے مطابق خود بخود اپ ڈیٹ ہو جائے گا، جس کے لیے 15 مختلف کالمز رکھے گئے ہیں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران بے گناہ قرار دیے گئے افراد کے لیے مقدمہ خارج ہونے کے ریمارکس دیے جائیں گے۔ عدالت میں صلح نامہ پر بری ہونے کی صورت میں بھی ”ملوث نہیں“ کے ریمارکس شامل کیے جائیں گے۔ کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد اگر کوئی فرد بری ہو جاتا ہے تو ”ملوث نہیں“ کا ریکارڈ درج ہوگا۔ عدالتی احکامات کے بعد پی آئی ٹی بی نے سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے، جس کے ذریعے نیا پیٹرن فوری طور پر لاگو کر دیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کراچی کے ضلع وسطی میں پورشن مافیا کے گرد گھیرا تنگ، متعدد گرفتار
شہر قائد کے ضلع وسطی میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث پورشن مافیا کے ٹھیکیداروں، سہولت کاروں اور بلڈرز کیخلاف مقدمہ درج کر کے متعدد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے جانب سے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں غیرقانونی تعمیرات اور اس میں ملوث ٹھکیدار پورشن مافیا سمیت سہولت کاروں کے خلاف گھیراتنگ کردیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کئی ملزمان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی گئی ہے، 18 سے زائد ملزمان کو پولیس نے حراست میں لے لیا جبکہ مزید گرفتاریوں کے لئے کارروائیوں کاسلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے محمد اسحاق کھوڑو نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف حکومت سندھ کی ہدایات کے مطابق زیروٹالرنس پالیسی غیرقانونی تعمیرات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پورے شہر میں غیرقانونی تعمیرات میں ملوث ٹھکیدار و سہولت کاروں اور پورشن مافیا کے خلاف بھرپور قانونی کارروائیاں کی جائیں گی، غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ اورملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لاکر کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔
غیرقانونی تعمیرات سے متعلق حکومت سندھ کی زیروٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے ڈائریکٹرجنرل محمد اسحاق کھوڑو مسلسل متحرک ہیں، انکی جانب سے شہر کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں غیرقانونی تعمیرات کے خاتمے اور ملوث ملزمان کے خلاف سخت ایکشنز کے سلسلے میں فیصلے اور لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے۔
ایس بی سی اے کی جانب سے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں اب تک 260 سے زائد کاروائیاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ ڈائریکٹرجنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی خصوصی ہدایات پر ایس بی سی اے کے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹرز،ویجیلینس ٹیم اور ڈیمالیشن ڈائریکٹر و دیگر افسران و عملے کے ہمراہ علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف روزانہ کے بنیاد پر کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔