ایران،حزب اللہ اورامریکی پالیسی
اشاعت کی تاریخ: 24th, February 2025 GMT
صرف ایک سال قبل تک حزب اللہ کی عسکری،سیاسی،اورمعاشرتی ترقی نے اسے لبنان میں ایک ناقابلِ نظراندازقوت بنادیاتھا اور اس کی طاقت کا اثر نہ صرف لبنان بلکہ پورے خطے میں محسوس کیاجاتاتھا۔حزب اللہ کااسرائیل کیلئے چیلنج بننااورایران کی ممکنہ حکمتِ عملی اب بھی باہمی طور پر جڑے ہوئے ہیں اورخطے کی جغرافیائی سیاست میں گہرے اثرات رکھتے ہیں۔لبنان میں حزب اللہ نہ صرف عسکری تنظیم ہے بلکہ ایک سیاسی جماعت اورفلاحی ادارہ بھی ہے،جوعوامی خدمات فراہم کرتا ہے۔اس کی مقامی حمایت اسے مزیدمستحکم بناتی ہے،جس سے اسرائیل کیلئے اسے عسکری طورپر کمزورکرنا مزیدمشکل ہوجاتاہے۔
حزب اللہ کے پاس جدیدمیزائل سسٹمز، ڈرون ٹیکنالوجی، اورگوریلاوارفیئرمیں مہارت ہے،جو اسرائیل کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے۔ 2006ء کی لبنان‘ اسرائیل جنگ میں حزب اللہ نے اسرائیل کوحیران کن مزاحمت کا سامنا کرایا تھا، جس کے بعداسرائیل نے اپنی شمالی سرحدپردفاعی نظام کومزیدمضبوط کیا۔اس وقت حزب اللہ کے پاس اندازالاکھ سے زیادہ میزائل اورراکٹ موجود ہیں،جن کی رینج اسرائیل کے بڑے شہروں تک پہنچ سکتی ہے۔اگرچہ اسرائیل کے پاس جدید دفاعی نظام،جیسے آئرن ڈوم،موجودہیں،حزب اللہ کی مسلسل عسکری ترقی اورجنوبی لبنان میں اس کے ٹھکانے اسرائیل کیلئے مسلسل خطرہ بن گئے تھے ۔ کسی بھی بڑے تصادم کی صورت میں دونوں اطراف بھاری نقصان کاسامنا بھی کرناپڑا لیکن حزب اللہ کی استعداداسرائیل کیلئے ایک مستقل خطرہ ثابت ہوئی۔
حزب اللہ لبنان میں ایک مضبوط سیاسی اورعسکری قوت ہے جس کاایران کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کو کمزورکرنے کی مسلسل کوششوں کے باوجود تنظیم نے شام کی خانہ جنگی میں حصہ لے کر مزیدعسکری تجربہ حاصل کیاتھا لیکن شام سے بشارالاسدکے فرارکے بعدحزب اللہ کاوجودبھی ختم ہوچکاہے۔تاہم لبنان میں عوامی حمایت اورایرانی مالی وعسکری امدادنے حزب اللہ کواب تک برقرار رکھاہواہے،لیکن داخلی معاشی بحران اورسیاسی عدم استحکام کے ساتھ ساتھ حالیہ پسپائی کے بعد تنظیم کیلئے چیلنجزپیداہوچکے ہیں۔
اسرائیل اب بھی خاص طورپرشام اور لبنان میں حزب اللہ کے عسکری انفراسٹرکچرکوتباہ کرنے کیلئے فضائی حملوں اورانٹیلی جنس آپریشنز پر انحصارکررہا ہے ۔اسرائیل کی کوشش ہے کہ حزب اللہ کواتنا کمزور رکھاجائے کہ وہ اسرائیل کے خلاف بڑی عسکری کارروائی نہ کرسکے۔ تاہم،مکمل عسکری انخلانہ ہونے کی وجہ سے سرحد پر کشیدگی برقرارہے۔کیاان حالات میں حزب اللہ اسرائیل کیلئے چیلنج بن سکتی ہے؟آئیے اس کاجائزہ لیتے ہیں۔
26جنوری کے دن ہزاروں بے گھرلبنانی شہریوں نے جنوبی لبنان میں واقع اپنے گھروں کو واپس لوٹنے کی کوشش کی۔انقلابی موسیقی سنتے، حزب اللہ کاپرچم فخرسے لہراتے، قافلوں میں سفر کرنے والے ان لوگوں کوایک سال کی جنگ کے بعدواپسی پرپتہ چلاکہ ان کے گھررہے ہی نہیں تھے۔تاہم موٹرسائیکل سوارنوجوان حزب اللہ کے پرچم لہراتے ہوئے اورہارن بجاتے ہوئے ان علاقوں سے گزرے جہاں اہل تشیع آبادنہیں توچند مقامی افرادسے ان کی مدبھیڑہوئی کیوںکہ ان قافلوں کواشتعال انگیزحرکت کے طور پر دیکھا گیا ۔ انہوں نے اپنے نقصان پرتاسف کا اظہار کیااورتباہ شدہ عمارات میں حزب اللہ کے سابق سربراہ حسن نصراللہ کی تصاویرآویزاں کر دیں۔
اس دن اسرائیلی فوجیوں کے انخلامکمل ہونا تھاجوامریکااورفرانس کی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کی شرط تھی۔اس شرط کے تحت حزب اللہ کوجنوبی علاقوں سے ہتھیاراورجنگجو بھی ہٹانا تھے جبکہ ہزاروں لبنانی فوجیوں کی جنوب میں تعیناتی ہوناتھی۔ تاہم اسرائیل کاکہناہے کہ لبنان نے معاہدے پرمکمل عملدرآمدنہیں کیااوراس کانتیجہ یہ نکلاکہ اسرائیلی فوج کا انخلابھی مکمل نہیں ہوا ۔لبنان نے بھی اسرائیل پرکچھ ایسے ہی الزامات لگائے ہیں اورجیساکہ متوقع تھا،حالات بگڑے۔چندعلاقوں میں اسرائیلی فوجیوں نے گولیاں چلادیں اور ایک لبنانی فوجی سمیت24افراد ہلاک ہوئے۔تاہم جنوبی لبنان میں دہائیوں سے سب سے بڑی طاقت حزب اللہ کوایک بارپھراپنی طاقت کے اظہارکاموقع مل گیاجسے اسرائیل سے جنگ میں بہت نقصان اٹھاناپڑاتھالیکن حزب اللہ کے اس جواب نے اسرائیل اوراس کے اتحادیوں کوپھرسے ششدرکر دیاہے لیکن بڑاسوال یہ ہے کیاحزب اللہ بطورگروہ لبنان اورمشرق وسطی میں وقوع پذیرہونے والی تبدیلیوں سے بچ کرزندہ رہ سکے گی؟
گذشتہ دہائیوں میں حزب اللہ نے ایک عسکری،سیاسی اورمعاشرتی تحریک کے طورپرلبنان کے سب سے طاقتورگروہ کی حیثیت اختیارکرلی تھی جس نے ایرانی حمایت اورمددسے لبنانی فوج سے بھی زیادہ عسکری طاقت اورمہارت حاصل کرلی۔ دوسری جانب پارلیمان میں موجودگی کی وجہ سے حزب اللہ کے بغیرکوئی اہم ملکی فیصلہ ممکن نہیں ہوتا تھا۔ مختصرطورپریہ کہاجاسکتاہے کہ حزب اللہ کسی بھی وقت ملک کومنجمدکرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی تھی اورکئی باراس نے کیابھی۔تازہ ترین تنازع اکتوبر 2023 ء میں اس وقت شروع ہواجب حزب اللہ نے غزہ میں اسرائیلی جنگ کے جواب میں ایک دوسرا محاذ کھول دیا۔گزشتہ ستمبرمیں کشیدگی اس وقت بڑھی جب اسرائیل نے ناقابل یقین حدتک حزب اللہ کے اندرگھس کرپہلے پیجر دھماکوں میں گروہ کے اراکین کی ہلاکت کی منصوبہ بندی کوعملی جامہ پہنایااوراس کے بعدوالکی ٹاکیزبھی اسی طرح استعمال ہوئیں۔
دوسری جانب فضائی حملوں اورجنوبی لبنان پرزمینی حملے میں عام شہریوں سمیت چارہزار افراد ہلاک ہوئے اورخصوصی طورپر حزب اللہ کی حمایت کرنے والے علاقوں میں بہت جانی اورمالی نقصان کے علاوہ حزب اللہ کوبھی بھاری چوٹ پہنچی ۔ بہت سے رہنما قتل ہوئے،حسن نصراللہ سمیت، جوتین دہائیوں سے حزب اللہ کاچہرہ تھے۔ ان کے جانشین نعیم قاسم،جو حسن نصراللہ جتنے بااختیار نہیں، نے تسلیم کیاہے کہ ان کو’’تکلیف دہ‘‘ نقصانات پہنچے ہیں۔نومبرمیں جنگ بندی کا اعلان ایک طرح سے حزب اللہ کی جانب سے ہتھیارپھینکنے کے برابرتھا جسے امریکا،برطانیہ سمیت بہت سے ممالک میں دہشت گردگروہ سمجھا جاتا ہے۔
گذشتہ ماہ نئی حقیقت کاادراک اس وقت ہوا جب لبنان کی پارلیمنٹ نے سابق آرمی چیف جوزف اون کونیاصدرمنتخب کرلیاجن کی حمایت امریکامیں بھی پائی جاتی ہے۔یہ انتخاب دوسال تک ایک بحران کے بعدہواجس کی وجہ حزب اللہ بتائی جاتی ہے۔تاہم کمزور حزب اللہ اس باراس عمل کو ماضی کی طرح روک نہیں سکی۔ایسی ہی ایک اور پیش رفت نئے صدرکی جانب سے نواف سلام کی بطوروزیراعظم تعیناتی تھی جوبین الاقوامی عدالت انصاف کے صدرکے طورپر کام کررہے تھے۔ان کوحزب اللہ کاحامی نہیں سمجھا جاتا۔
فی الحال حزب اللہ کی توجہ اورترجیح اس کی اپنی بنیادہے۔حزب اللہ نے اپنے لوگوں کو بتا رکھا ہے کہ جنگ میں ناکامی حقیقت میں اس کی فتح ہے لیکن لبنان میں اکثریت جانتی ہے کہ سچائی مختلف ہے۔آبادیاں تباہ ہوچکی ہیں اورعالمی بینک کے مطابق عمارات کوپہنچنے والے نقصان کاتخمینہ تین ارب ڈالرسے زیادہ کالگایاگیاہے۔تباہ حال معیشت کے ساتھ لبنان میں کوئی نہیں جانتاکہ مددکہاں سے آئے گی کیونکہ بین الاقوامی امداد کوحکومت کی جانب سے حزب اللہ کی طاقت کولگام دینے کے اقدامات سے مشروط کردیاگیا ہے۔حزب اللہ نے 2006ء کی جنگ کے بعدکی طرح بہت سے لوگوں کی مالی امدادکی ہے تاہم اشارے مل رہے ہیں کہ حزب اللہ سے لوگوں کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں۔
’’واریئرزآف گاڈ:انسائیڈحزب اللہ سٹرگل اگینسٹ اسرائیل‘‘کے مصنف نکولس بلینڈفورڈ کے مطابق ’’چھ ماہ بعدبھی لوگ خیموں یااپنے مکانات کے کھنڈرات میں رہ رہے ہوئے توشایدوہ جنگ کیلئے اسرائیل یالبنانی حکومت کی بجائے حزب اللہ کو موردالزام ٹھہراناشروع کردیں۔ایسی صورت حال میں حزب اللہ کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔
(جاری ہے)
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: اسرائیل کیلئے میں حزب اللہ حزب اللہ کی حزب اللہ نے حزب اللہ کو حزب اللہ کے سے حزب اللہ اسرائیل کی کی جانب سے
پڑھیں:
حسن نصراللہ کی نماز جنازہ، اسرائیلی طیاروں کی جنازہ گاہ کے اوپر پرواز، مختلف علاقوں میں بمباری
BEIRUT:لبنان کے دارالحکومت میں مسلح مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ اور ان کے نائب کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جہاں اسرائیلی فوجی طیاروں نے نچلی پروازیں کی اور اس دوران اسرائیل کی جانب سے مختلف علاقوں میں بمباری جاری رہی۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے باوجود لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیل کی فضائی جارحیت جاری رہی اور جنوبی لبنان کے علاقوں قلیلہ، انصار، جناتہ، بارش اور معروب میں فضائی کارروائی کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوجی طیاروں نے حلوسیا اور زیراریہ کے درمیانی علاقے پر بھی حملہ کیا تاہم جانی نقصان یا زخمیوں کے حوالے سے واضح نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب بیروت کے کمیلی چیمون اسپورٹس سٹی میں حزب اللہ کے سابق سربراہ حسن نصراللہ شہید اور ان کے ساتھی ہاشم سیف دین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی اور عین اسی دوران جنوبی علاقوں میں اسرائیلی جارحیت میں اضافہ دیکھا گیا۔
مزید پڑھیں: حسن نصر اللہ کی نماز جنازہ کل ہوگی؛ شرکت کیلیے بیروت کی تمام ٹکٹس فروخت
اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ اسرائیل فضائیہ کے جہازوں نے اس وقت حسن نصراللہ کی نماز جنازہ ادا کرنے کے لیے جمع ہوئے لوگوں کے اوپر بیروت کی فضا میں دائرہ لگایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واضح پیغام دیا جا رہا ہے کہ جو کوئی بھی اسرائیل کو تباہ کرنے کی دھمکی دے گا اور اسرائیل پر حملہ کرے گا وہ اس کا خاتمہ ہوگا۔
اسرائیلی وزیردفاع نے مزید کہا کہ آپ نماز جنازوں میں کے ماہر ہیں اور ہم فتوحات کے ماہر ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 27 ستمبر 2024 کو جنوبی بیروت کے علاقے میں ایک عمارت پر بمباری کرکے حسن نصراللہ کو شہید کردیا تھا اور اس کے لیے 85 ٹن دھماکا خیز مواد استعمال کیا تھا اور داہیہ میں 6 رہائشی عمارتیں ملیامیٹ کردی گئی تھیں۔
بعد ازاں حسن نصراللہ کے نائب اور حزب اللہ کے نامزد سربراہ سیف دین کو ایک الگ کارروائی میں شہید کردیا گیا تھا۔
حزب اللہ کے دونوں شہید رہنماؤں کو لبنان کے نامعلوم مقام پر نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد امانتاً دفن کردیا گیا تھا۔