وفاقی وزیر سرمایہ کار ی کی باکو میں سٹیٹ آئل فنڈ کے سی ای او سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 24th, February 2025 GMT
اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزیر سرمایہ کار ی بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے باکو، آذربائیجان میں سٹیٹ آئل فنڈ کے سی ای او اسرافیل ماما دوف سے وفد کے ہمراہ ملاقات و اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین باہمی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے مختلف امور پر غور و خوض کیا۔مراکش کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وفاقی وزیر عبدالعلیم خان باکو پہنچے جہاں انہوں نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان پاکستانی عوام کے دلوں کے انتہائی قریب ہے، ہمارے دوستانہ تعلقات بہتری اور مضبوطی کی طرف گامزن ہیں جس میں پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ اسلام آباد میں آذربائیجان۔پاکستان چیمبر آف کامرس کے مشترکہ قیام کے بعد سرمایہ کاروں کے لئے نمائشی مراکز کے قیام کے خواہاں ہیں تاکہ مصنوعات کو اچھے انداز میں شو کیس کیا جا سکے اور امپورٹ ایکسپورٹ میں اضافہ ممکن ہو۔ وفاقی وزیر نے آذربائیجان کے سٹیٹ آئل ادارے "سوفاز "سے کاروباری امکانات پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین شراکت داری نئے مراحل میں داخل ہو رہی ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان میں مواصلات کے شعبے میں بھی انویسٹمنٹ کر سکتا ہے جس میں بالخصوص سندھ اور کراچی کی موٹرویزشامل ہیں جس سے پاکستان کو وسط ایشیائی ریاستوں سے منسلک ہونے میں مدد ملے گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: عبدالعلیم خان وفاقی وزیر کہا کہ
پڑھیں:
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا یوتھ کانفرنس سے خطاب، نوجوانوں کے کردار پر زور
لاہور (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے یوتھ کانفرنس میں سوال و جواب کی نشست میں نوجوانوں کو پاکستان کے قیام کی اہمیت اور ان کے کردار کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ پاکستان کا قیام کیوں ضروری تھا اور اس کی بنیادوں میں لاکھوں لوگوں کا خون شامل ہے۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ آزاد وطن کے لیے لاکھوں افراد نے بے شمار مصائب برداشت کیے اور دو قومی نظریہ ایک حقیقت ہے، جس کی جتنی ضرورت آج ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سرحد پار اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے، جبکہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ، فلسطین اور کشمیر میں ہونے والے مظالم کا ذکر کیا جائے تو سوشل میڈیا پر سناٹا چھا جاتا ہے، اور اے آئی اور نئی ٹیکنالوجی کے باعث ان مظالم کے خلاف کی جانے والی پوسٹس کو محدود کر دیا جاتا ہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ ہم جو کچھ بھی ہیں پاکستان کی بدولت ہیں، کیونکہ پاکستان ہے تو سیاست ہے، ترقی ہے، مواقع ہیں۔ انہوں نے تحریک پاکستان میں نوجوانوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج بھی ملکی ترقی میں نوجوان کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی بغیر فیس وصول کیے لیپ ٹاپ فراہم نہیں کیے جاتے، لیکن پاکستان میں پہلی مرتبہ نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ کے دوران ورک فرام ہوم اور آن لائن کلاسز کے باعث دنیا بھر میں معیشت کو دھچکا لگا، لیکن پاکستان میں لاکھوں طلبہ کے پاس لیپ ٹاپ موجود ہونے کے باعث تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں اور معیشت کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ ملک کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔