پاکستان ڈربی ریس سردار نامی گھوڑے نے جیت لی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, February 2025 GMT
لاہور:
لاہور ریس کلب میں منعقدہ پاکستان ڈربی ریس 2025 میں سردار نامی گھوڑے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میدان مار لیا۔ چار سالہ سردار نے 2400 میٹر کا فاصلہ 3 منٹ 2 سیکنڈ میں طے کرکے فتح حاصل کی۔
ڈربی ریس میں مجموعی طور پر 15 گھوڑوں نے حصہ لیا، لیکن سردار نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے جیت اپنے نام کی۔ ڈربی ریس کے دوران متعدد گھڑ سوار گرنے سے زخمی ہوئے۔ گھوڑے کے مالک اور ریس دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور گورنر پنجاب سمیت کئی اہم شخصیات نے ریس دیکھی۔ صدر آصف علی زرداری نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔
پاکستان ڈربی ریس کے فاتحین کے لیے مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے کے انعامات رکھے گئے تھے، جس نے اس مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دیا۔
لاہور ریس کلب میں دن بھر 11 مقابلے ہوئے جن میں دو سے چار سال تک کی عمر کے گھوڑوں نے حصہ لیا۔ ڈربی مقابلے میں حصہ لینے والے تمام گھوڑوں کی عمریں چار سال تھیں۔
ڈربی 2025 کے فاتح سردار نامی گھوڑے کے مالک محمد اشفاق نے بتایا کہ انہوں نے گھوڑے کا نام اپنے والد محروم کے نام پر رکھا تھا، انہیں فخر ہے کہ آج سردار فاتح رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈربی ریس میں حصہ لینے والے گھوڑوں کو معمول سے ہٹ کر خوراک دی جاتی ہے، سردار کو بادام، کاجو اور مختلف اقسام کے مربے کھلائے جاتے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستان سپر لیگ، دسواں میلہ سج گیا، رنگا رنگ افتتاحی تقریب، فنکاروں کے جلوے، آتش بازی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 10 کی افتتاحی تقریب کا آغاز راولپنڈی سٹیڈیم میں ہوگیا۔ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا اور فلائنگ مین نے پی ایس ایل 10 کی ٹرافی سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر کے سپرد کی جنہوں نے اس کو سٹیج پر سجایا۔ افتتاحی تقریب میں میزبانی کے فرائض نامور پریزنٹر زینب عباس نے انجام دیئے۔ ترانے کے بعد اداکار حمزہ علی عباسی نے سٹیج پر گفتگو کی جس کے بعد معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں تقریب میں شریک لوگ ینگ اسٹنرز کی پرفارمنس سے محظوظ ہوئے۔ مشہور پاپ گلوکار علی ظفر نے شاندار پرفارمنس پیش کرتے ہوئے ملک کی ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے سندھی، پنجابی، بلوچی اور پشتو میں گانے پیش کئے۔ علاوہ ازیں علی ظفر، نتاشہ بیگ، ابرار الحق اور طلحہ انجم نے پی ایس ایل 10 کا اینتھم پیش کیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ پنڈی کا آسمان رنگین روشنیوں میں نہلا گیا۔لیگ کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے لاہور قلندرز کو8وکٹوں سے ہرا دیا ۔ فاتح ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ لاہور قلندرز کی ٹیم آخری اوورمیں 139رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ عبد اللہ شفیق 66رنز بناکر نمایاں رہے ۔ فخر زمان ایک ‘محمدنعیم 9‘ڈیرل مچل تیرہ ‘سیم بلنگز صفر ‘سکندر رضا 23‘جہانداد خان صفر‘ڈیوڈ ویزے صفر‘شاہین شاہ آفریدی دو ‘حارث رئوف رنز بناکر چلتے بنے ۔ آصف آفریدی دو رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ جیسن ہولڈ ر نے چار‘شاداب خان نے تین ‘نسیم شاہ ‘ریلے میریڈتھ اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے ہدف دو وکٹوں پرپورا کرلیا۔ صاحبزادہ فرحان 25اور اینڈریز گوس چار رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ کولن منر و59اور سلمان علی41 رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ آصف آفریدی اور حارث رئوف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ جیسن ہولڈر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔