جرمنی میں جمہوریت کس طرح اتنی مضبوط ہوئی؟
اشاعت کی تاریخ: 23rd, February 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 23 فروری 2025ء) جرمنی کی سولہ ریاستیں ہیں اور ان سب میں ایک ساتھ ووٹ ڈالے جاتے ہیں۔ جرمنی کی تراسی ملین آبادی میں تقریباً اکسٹھ ملین افراد حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔
جرمنی ابتداء میں تین سو چھوٹی چھوٹی ریاستوں میں تقسیم تھا لیکن جب نیپولین نے اقتدار پر قبضہ کیا تو اُس نے ریاستوں کی تعداد کم کر کے تیس (30) کر دی۔
1871ء میں جب پُروشیا کے چانسلر اُوٹو فون بسمارک نے جرمنی کو مُتحد کیا تو رائشٹاگ کے الیکشن میں نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی جو مارکس کے نظریے کی حامی تھی، اکثریت سے منتخب ہوئی۔ بسمارک نے پارٹی کی مقبولیت کو روکنے کے لیے فلاحی ریاست کا پلان نافذ کیا۔ اس کے بعد جرمنی میں رائشٹاگ کے بارہ جنرل الیکشن ہوئے۔(جاری ہے)
پہلی عالمی جنگ جس میں جرمنی کو شکست ہوئی تھی، اس کے بعد معاشی بحران کی وجہ سے مہنگائی میں بے حد اضافہ ہو گیا تھا۔
اِن حالات میں جرمن سیاست میں اہم تبدیلیاں رونما ہوئیں اور ہٹلر کی رہنمائی میں نیشنل سوشلسٹ ورکرز پارٹی کی مقبولیت بڑھی۔ 1933ء کے جنرل الیکشن میں ہٹلر نے جارحانہ پراپیگینڈا کیا۔ کہا جاتا ہے کہ ایک دن میں وہ تقریباً تین شہروں میں خطاب کرتا تھا۔ وہ اس تیز ترین سفر کے لیے جہاز استعمال کرتا تھا۔ جلسہ ایک چھوٹے ہال میں منعقد ہوتا تھا تا کہ حال لوگوں سے بھر جائے اور جن کو حال میں جگہ نہ ملے وہ باہر کھڑے رہیں۔ہٹلر کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ کم از کم 15 منٹ کی تاخیر سے جلسہ گاہ میں آتا تھا تا کہ لوگ اُس کا انتظار کریں۔ انتخابات میں نازی پارٹی کو کامیابی ہوئی اور جرمنی کے صدر پاؤل فان ہنڈن برگ نے ہٹلر کو جرمنی کا چانسلر بنا دیا۔ جرمنی کے صدر کے انتقال کے بعد اُس نے صدر کا عہدہ بھی سنبھال لیا۔ جب تک ہٹلر اقتدار میں رہا جرمنی میں کوئی انتخابات منعقد نہیں ہوئے۔
دوسری عالمی جنگ کے بعد سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (SDP)، کرسچن ڈیموکریٹک یونین (CDU) اور لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (LDP) نے انتخابات میں حصہ لیا۔ جنگ کے بعد کونراڈ آڈیناؤر جرمنی کے پہلے چانسلر بنے۔ جرمنی نے ہٹلر کی آمریت اور جنگ کی تباہی کے نتیجے میں بہت کچھ سیکھا۔ آمریت کو روکنے کے لیے معاشرے کے ہر شعبے میں جمہوری روایات کو نافذ کیا۔ چاہے تعلیمی ادارے ہوں، سرکاری دفاتر ہوں یا کسی پلازہ کے رہائشی ہوں یہ ہر مسئلے کے لیے اسمبلی بُلا کر بحث و مُباحثہ کے زریعے اور اکثریتی ووٹوں کے ذریعے فیصلے کرتے رہے۔
یہ روایت بھی ہے کہ اگر کوئی سیاستدان یا چانسلر غلطی کرے تو اُس کا احتساب کیا جاتا ہے۔ سیاست کے سلسلے میں جرمنی کا میڈیا بہت حساس ہے۔ ولی برانٹ جنہیں جرمنی کا قابل ترین چانسلر کہا جاتا تھا، انہوں نے اس خبر کے بعد استعفیٰ دے دیا کہ اُن کے اسٹاف میں مشرقی جرمنی کا ایک مخبر شامل ہو گیا تھا۔ بہت سے سیاستدانوں نے تو اپنے خلاف اسکینڈلز سامنے آنے یا تنقید کے بعد اپنے عہدوں سے استعفے دے دیے۔
ابھی حال میں کرسٹینے لامبریشٹ نے وزارت دفاع کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انہیں کئی معاملات میں تنقید کا سامنا تھا۔ سابق صدر کرسٹیان وولف نے بھی بدعنوانی کے الزامات کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ اسی طرح ماضی میں وزیر دفاع رہنے والے کارل تھیوڈور سو گٹن برگ بھی سرقے کے الزامات کے بعد اپنا منصب اور سیاست دونوں ہی چھوڑ گئے تھے۔
جرمنی کے الیکشن شفاف ہوتے ہیں۔ اُمیدوار میڈیا کو اپنے پراپیگینڈے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ جلسے جلوس بہت منظم انداز میں منعقد ہوتے ہیں۔رائے دہی کے لیے اتوار کے دن رکھا جاتا ہے۔ زیادہ تر پولنگ اسٹیشنز تعلیمی اداروں میں بنائے جاتے ہیں اور کسی بھی پولنگ بوتھ کے باہر کسی بھی سیاسی جماعت کا کوئی کیمپ نہیں لگا ہوتا۔شہری آتے جاتے ہیں اور خاموشی سے اپنا ووٹ ڈال کر چلے جاتے ہیں۔
انتخابات سے قبل لگائے جانے والے اندازے اکثر درست ثابت ہوتے ہیں۔ انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد ایک دوسرے پر الزام تراشی بھی نہیں کی جاتی اور ایک دوسرے کے مینڈیٹ کو بخوشی تسلیم بھی کیا جاتا ہے۔نوٹ: ڈی ڈبلیو اردو کے کسی بھی بلاگ، تبصرے یا کالم میں ظاہر کی گئی رائے مصنف یا مصنفہ کی ذاتی رائے ہوتی ہے، جس سے متفق ہونا ڈی ڈبلیو کے لیے قطعاﹰ ضروری نہیں ہے۔
.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے جرمنی کا جاتے ہیں جرمنی کے کے بعد ا جاتا ہے کے لیے
پڑھیں:
پیس انیشی ایٹیو، پاکستانی تارکین وطن اور جرمن پارلیمانی انتخابات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 22 فروری 2025ء) جرمن شہر ہینوور میں آباد ایک پاکستانی نژاد بزنس مین، سافٹ ویئر ڈیویلپر، ماہر ریاضیات اور سوشل ورکر عمر کمال نے اپنے کچھ ہم خیال پاکستانی نژاد جرمن باشندوں کے ساتھ مل کر "PEACE" کے نام سے ایک انیشی ایٹیو کی بنیاد رکھی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ اس بار کے جرمن پارلیمانی الیکشن میں پاکستانی تارکین وطن کے لیے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں اور پاکستانی برادری میں سیاسی شعور و آگاہی پھیلانے کی شدید ضرورت ہے۔
ان کے انیشی ایٹیو کا بنیادی مقصد یہی ہے اور اس پلیٹ فارم سے عمر کمال اور ان کے ساتھیوں نے جرمن پارلیمانی انتخابات کے پس منظر میں خاص طور پر پاکستانی پس منظر رکھنے والے جرمن شہریوں کے لیے آگاہی بڑھانے کے لیے اقدامات کیے۔(جاری ہے)
جرمنی: پاکستانی تارکین وطن کی سیاست میں عدم شمولیت کیوں؟
'پیس‘ انیشی ایٹیو کے روح رواں عمر کمال نے ڈی ڈبلیو کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ جرمن پارلمیانی انتخابات پاکستانی تارکین وطن کے لیے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں: ''کیونکہ ان کے نتائج براہ راست امیگریشن پالیسی، مسلمانوں کے حقوق، سماجی انضمام اور برابری کے مواقع پر اثر انداز ہوں گے۔
جرمنی میں حالیہ برسوں میں امیگریشن قوانین میں سختی دیکھی گئی ہے، اور اگر دائیں بازو کی جماعتیں جیسے اے ایف ڈی اور سی ڈی یوزیادہ ووٹ حاصل کرتی ہیں، تو امیگریشن کے قوانین مزید سخت ہو سکتے ہیں۔ اس کے برعکس، ترقی پسند جماعتیں جیسے ڈی لنکے، ایس پی ڈی اور گرین مہاجرین اور اقلیتوں کے لیے زیادہ شمولیتی پالیسیوں کی حمایت کر رہی ہیں۔‘‘عمر کمال نے بتایا کہ وہ اور ان کے ساتھیوں نے مل کر جرمن صوبے لوور سیکسنی کے دارالحکومت ہینوور میں کئی عملی اقدامات کیے ہیں تاکہ پاکستانی برادری مضبوط ہو اور ہر فرد کو اپنی رائے کے اظہار اور اپنے حقوق کے تحفظ کا ادراک ہو۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ کوئی سیاسی تحریک نہیں چلا رہے بلکہ ان کا بنیادی نظریہ یہ ہے کہ جرمنی میں تمام انسانوں کو برابر حقوق و مواقع میسر ہوں۔ڈوئچے ویلے نے عمر کمال سے ان کے انیشی ایٹیو "PEACE" کے اغراض و مقاصد کے بارے میں پوچھا تو ان کا کہنا تھا، ’’ہمارا مقصد ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں ہر فرد کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور کسی کے ساتھ نسلی، مذہبی یا سماجی تفریق نہ برتی جائے۔
ہم چاہتے ہیں کہ ہر شخص کو آزادی، انصاف اور مساوات میسر ہو۔جرمنی میں آباد پاکستانیوں کو اپنا سماجی رویہ بدلنا ہو گا، کومل ملک
اس انیشی ایٹیو کی طرف سے ہینور کے علاوہ دیگر جرمن ریاستوں کے بڑے شہروں میں عملی اقدامات کے ذریعے تین بنیادی چیزوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے:
1۔ مقامی سطح پر سماجی انصاف کا فروغ
2 ۔ پناہ گزینوں اور اقلیتوں کے لیے مزید حقوق اور مواقع کا مطالبہ
3 ۔
مختلف برادریوں کو سیاسی اور سماجی عمل میں متحرک کر کے انہیں ایک مضبوط آواز بنانے کی کوششجرمنی میں آباد پاکستانی برادری کے لیے اپنے پیغام میں عمر کمال نے کہا: ''ہم یہیں جیئیں اور یہیں مریں گے تو اسے بہتر جگہ بنانے کی کوشش کریں۔ ہم سب کا مستقبل اسی ملک سے وابستہ ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم اسے ایک ایسا معاشرہ بنائیں جہاں برابری، انصاف اور امن کا دور دورہ ہو۔
ہم سب کو چاہیے کہ اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوں، متحد ہوں اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر ماحول اور مستقبل بنانے کی کوشش کریں۔‘‘عمر کمال نے چند مخصوص امور کی نشاندہی کرتے ہوئے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ''کچھ جماعتیں مساجد اور اسلامی تنظیموں پر سخت کنٹرول کی حامی ہیں، جبکہ دیگر انہیں برابری کے مواقع دینے کے حق میں ہیں، جو براہ راست ہماری دینی آزادی پر اثر انداز ہوگا۔
اس کے علاوہ، جرمنی میں نسل پرستی اور دائیں بازو کے نظریات تیزی سے پھیل رہے ہیں، جو مہاجرین اور مسلمانوں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ اگر پاکستانی کمیونٹی متحد ہو کر ووٹ ڈالے، تو وہ ایسی جماعتوں کو روک سکتی ہے جو مہاجرین اور اقلیتوں کے خلاف سخت پالیسیاں نافذ کرنا چاہتی ہیں۔‘‘عمر کمال کے بقول انتخابات، جرمنی میں پاکستانی برادری کے مستقبل کا تعین کریں گے۔
انہوں نے کہا، ’’اگر آپ کے پاس جرمن شہریت ہے، تو ووٹ ڈالنا آپ کا حق بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ ہمیں ایسی جماعتوں کا انتخاب کرنا ہوگا جو ہمارے حقوق کی حفاظت کرتی ہیں اور جرمنی کو ایک بہتر اور مساوی معاشرہ بنانے میں کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ وقت ہے کہ ہم متحد ہو کر اپنے مستقبل کے لیے صحیح فیصلہ کریں۔‘‘