وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر آذربائیجان روانہ
اشاعت کی تاریخ: 23rd, February 2025 GMT
وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی دعوت پر 24 سے 25 فروری 2025 تک جمہوریہ آذربائیجان کا 2 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا مارچ 2024 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے آذربائیجان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔
دورے کے دوران نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر اہم ارکان سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں جو آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
بیان کے مطابق دورے کے دوران دونوں فریقین توانائی، تجارت، دفاع، تعلیم اور موسمیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں وسیع تر بات چیت کریں گے ۔
اس دورے کے دوران دونوں فریقین کے درمیان تعاون کے کئی شعبوں میں متعدد مفاہمت کی یادداشتوں/معاہدوں پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات استوار ہیں جو باہمی اعتماد، افہام و تفہیم اور دیرینہ باہمی مفید تعاون پر مبنی ہیں۔ آذربائیجان پاکستان کے اہم اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داروں میں سے ایک ہے جس کے ساتھ متعدد شعبوں میں مضبوط تعاون استوار ہے۔
توقع ہے کہ وزیر اعظم جمہوریہ آذربائیجان کی ایکسپورٹ اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی کے تعاون سے منعقد ہونے والے بزنس فورم کے دوران ایک کلیدی خطاب بھی کریں گے۔
دورے کے دوران وزیر اعظم آذربائیجان کے صدر کے ساتھ آزاد کرائے گئے علاقوں کاراباخ کے خصوصی دورے کے ایک حصے کے طور پر فزولی (کاراباغ) بھی جائیں گے۔
وزیراعظم کا دورہ آذربائیجان کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، وسیع تر اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور مشترکہ ترقی کے لیے شراکت داری کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: آذربائیجان کے دورے کے دوران کے ساتھ کے لیے
پڑھیں:
وزیر اعظم شہباز شریف کلوسطی ایشیا کا اہم دورہ کریں گے
اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے وسطی ایشیا کا اہم دورہ کریں گے ،ترجمان دفتر خارجہ کے
مطابق شہباز شریف کے دورہ آذربائیجان اور ازبکستان کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، شہباز شریف 24 فروری کو آذربائیجان کا دو روزہ دورہ کریں گے، وہ 25 اور 26 تاریخ کو ازبکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔آذربائیجان اور ازبکستان کے دوروں میں، توانائی، دفاع، باہمی منسلکی، ٹرانسپورٹ منسلکی، تجارت و سرمایہ کاری پر مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔دورہ آذربائیجان کے دوران 2 ارب ڈالرز کے تجارت و سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں، باکو میں وزیراعظم آذربائیجان کی کاروباری شخصیات اور کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔آذربائیجان میں وزیراعظم کی صدر الہام علئیوو اور آذربائیجانی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی آذربائیجان و ازبکستان کے دورے میں ٹرانس افغان ریلوے کوریڈور پر اہم بات چیت ہو گی۔اس منصوبے کے تحت وسطی ایشیا کی جنوبی ایشیا سے بذریعہ ریلوے منسلک کرنے پر بات چیت ہوگی۔ ازبکستان کے دورے میں وزیر اعظم شہباز شریف کی ازبک صدر شوکت میرزوئیوو اور وزیر اعظم عبداللہ ارئپوو سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔