چیمپئنز ٹرافی: دو روایتی حریفوں میں کرکٹ کی جنگ، میدان سجنے میں چند گھنٹے باقی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, February 2025 GMT
دبئی (نیوز ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں دنیائے کرکٹ کا بڑا ٹاکرا شروع ہونے میں چند گھنٹے باقی رہ گئے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا میچ آج دبئی میں کھیلا جائیگا،میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دوبجے شروع ہو گا، امارات کے صحراؤں میں چھکوں ، چوکوں کی برسات ہوگی، دونوں ٹیموں میں گھمسان کا رن پڑے گا۔
میگا ایونٹ میں آگے جانے کیلئے شاہینوں کے پاس آخری چانس ہے، بھارت سے ہارنے کی صورت میں پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی میں سفر تمام ہو جائے گا۔
روایتی حریف سے نمٹنے کیلئے قومی ٹیم نے دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں جم کر پریکٹس کی ، فیلڈنگ ، باؤلنگ اور بیٹنگ کی مشقیں کیں، بابر اعظم کو فلو ہو گیا اس لیے وہ پریکٹس سیشن میں شریک نہ ہوئے۔
بھارت کیخلاف میچ میں قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کے دوران انجرڈ ہونے والے اوپنر بلے باز فخر زمان کی جگہ امام الحق کو بھارت کیخلاف پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، اس میگا ایونٹ میں پاک بھارت ٹیمیں 5 بار مدمقابل آئیں،شاہینوں نے 3 جبکہ بھارت نے 2 میچز میں فتح سمیٹی ،ون ڈے کرکٹ میں بھی شاہینوں کو بھارتی سورماؤں پر واضح برتری حاصل ہے،دونوں ٹیمیں ایک روزہ کرکٹ میں 135 بار آمنے سامنے آئیں، پاکستان 73 جبکہ بھارت 57 میچوں میں کامیاب رہا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے دبئی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور قومی کرکٹرز سے ملاقات کی اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ہاریں یا جیتیں ہم ٹیم کیساتھ ہیں۔
دوسری جانب پاک بھارت میچ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے، شائقین کرکٹ کو اس بڑے ٹاکرے کا بے صبری سے انتظار ہے، شہریوں نے شاہینوں سے بڑی امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: چیمپئنز ٹرافی
پڑھیں:
بھارت کیخلاف آج پاکستان ٹیم کن کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے؟
چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو رہا ہے اس اہم میچ کے لیے پاکستان الیون میں تبدیلی کی گئی ہے۔
ہے جس کا انتظار وہ شاہکار آنے کو ہے تیار! دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ اب سے کچھ گھنٹے بعد دبئی کے اسٹیڈیم میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان شروع ہونے والا ہے۔پاکستان جو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپئن ہے، اپنا ابتدائی میچ نیوزی لینڈ سے ہار چکا ہے جب کہ بھارت نے بنگلہ دیش کو ہرایا ہے۔ اب نیا مقابلہ ہے، اس میچ کے لیے پاکستان کتنی تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتر رہا ہے اہم خبر سامنے آئی ہے۔بھارت کے خلاف آج پاکستان صرف ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترے گا۔نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں زخمی فخر زمان کی جگہ شامل ہونے والے اوپنر فخر امام کو فائنل الیون کا حصہ بنایا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان آج بھارت کے خلاف صرف ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترے گا اور وہ تبدیلی فخر زمان کی جگہ امام الحق کی انٹری ہوگی۔بھارت کے خلاف پاکستان کی فائنل الیون ممکنہ طور پر ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، ابرار احمد۔واضح رہے کہ پاک بھارت ٹاکرا پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا