اپوزیشن سے ملکر اتحاد بنا رہے، تحریک چلے گی: بیرسٹر گوہر
اشاعت کی تاریخ: 23rd, February 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے گزشتہ روز اپوزیشن سے ہونے والی ملاقات میں پی ٹی آئی کو سسٹم میں رہنے اور بائیکاٹ نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ حکومت کے خلاف ہماری چارج شیٹ بہت لمبی ہے، عدلیہ سے ہم زیادہ خوش نہیں، ہم نے ملاقات میں عدالتی رویے کے حوالے سے گزارشات رکھی ہیں، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ایسا سلوک کرنا جمہوریت اور قانون کیلئے مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن الائنس کا وفد کراچی گیا ہے یہ تحریک چلے گی، ہم تمام اپوزیشن کے ساتھ ملکر اتحاد بنا رہے ہیں اور آئین کی سر بلندی کیلئے تحریک چلا رہے ہیں تاکہ ووٹ چوری نہ ہو، چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کا اپنا منشور ہوتا ہے، اس وجہ سے تحریک چلانے میں وقت لگ جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے کھلے دل کے ساتھ حکومت سے مذاکرات شروع کئے تھے ہم چاہتے تھے مذاکرات سے حل نکلے مگر حکومت نے اسے سنجیدہ ہی نہیں لیا۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ شیر افضل مروت کا معاملہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے، کوئی بھی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس پر ہم ایک پروسیس چلاتے ہیں، پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات بالکل ٹھیک ہیں۔ کوئی فارورڈ بلاک نہیں، انہوں نے کہا کہ 9 مئی میں پارٹی چھوڑنے والوں کے حوالے سے خان صاحب ہی فیصلہ کریں گے۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کا موقف واضح ہے، بانی پی ٹی آئی کے خطوط جس کے نام بھی گئے ان میں سنجیدہ معاملات کی طرف اشارہ کیا گیا تاکہ اداروں اور عوام میں خلیج نہ ہو۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا انہوں نے کہا کہ پی ٹی ا ئی
پڑھیں:
اپوزیشن اتحاد کی جی ڈی اے قیادت سے ملاقات، ملک، آئین مضبوط کریں: پیر پگاڑا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسد قیصر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بہت مایوس کیا ہے۔ کراچی میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی قیادت سے اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے محمود اچکزئی کی سربراہی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اسد قیصر، سلمان اکرم راجا، سردار لطیف کھوسہ، صدر الدین شاہ راشدی، ڈاکٹر صفدر عباسی اور سردار عبدالرحیم موجود تھے۔ اس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رہنماؤں نے کہا کہ پوری قوم آئین اور قانون کی حکمرانی اور آزاد عدلیہ کیلئے آواز بلند کرے۔ صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں کا شکر گزار ہوں، تمام ایشوز پر کھل کر بات ہوئی۔ خواہش ہے ہم سب مل کر پاکستان اور آئین کو مضبوط کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک محفوظ ہو، جمہوریت اور آئین بالا دست ہو، ایسا تب ہی ہو گا جب عوام بھی محفوظ ہوں گے۔ اس دوران محمود اچکزئی نے کہا کہ پیر صاحب پگارا کا ایک مقام ہے، انہوں نے وطن کی آزادی کیلئے جد وجہد کی، آج اْن کے پوتے کو سْن کر اچھا لگا۔ میڈیا سے گفتگو میں اسد قیصر نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کے ذریعے 1973ء کے آئین سے کھلواڑ کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی اور بھٹو کے نواسے نے آئین کو مسمار کیا۔ یہ اب بھٹو کی نہیں زرداری کی پارٹی ہے۔ جی ڈی اے نے ہماری دعوت قبول کی ہے، ملک بھر سے نمائندگی آئے گی کہ پاکستان کو کیسے بچانا ہے۔ ہم ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، جی ڈی اے کو تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کی دعوت دی۔ سندھ میں بھی حالات خراب ہیں، اس کے خلاف بھی آواز بلند کریں گے، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست عوام کی سیاست ہے، ہم ہر مظلوم کی آواز ہیں، اس وقت ظلم کا، دھونس کا نظام ہے۔ پورے ملک میں لوگوں کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پر 6 کینالز کے معاملے پر سندھ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آئی ایم ایف سے ہماری کوئی میٹنگ نہیں ہو رہی۔ اسی لیے چیف جسٹس سے ملاقات کی۔ اْن کا کہنا تھا کہ ہم نے چیف جسٹس سے ملاقات بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے کی اور انہیں بتایا کہ ہم 26ویں آئینی ترمیم کو نہیں مانتے، ہم کسی تھرڈ ایمپائر کے انتظار میں نہیں۔