پنجاب پولیس کا ایک اور جوان فرض کی راہ میں شہید
اشاعت کی تاریخ: 22nd, February 2025 GMT
فیصل آباد:
تھانہ صدر فیصل آباد کے علاقے خانووانہ چوک کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ڈولفن فورس کے اہلکار آصف عمران شہید جبکہ ان کے ساتھی اہلکار ظہور زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے معمول کی گشت کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے رکنے کے بجائے ڈولفن اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں آصف عمران موقع پر ہی شہید جبکہ ان کے ساتھی کانسٹیبل ظہور زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر الائیڈ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے شہید اہلکار آصف عمران کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے زخمی اہلکار ظہور کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مستونگ: بلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکا، تین پولیس اہلکار جان سے گئے
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دشت روڈ پربلوچستان کانسٹیبلری کی گاڑی کے قریب دھماکے میں تین اہلکار جاں بحق اور 19 زخمی ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا دشت روڈ پر کھنڈ مہسوری کے قریب ہوا، دھماکا موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد سے کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار ڈیوٹی سے واپس جارہے تھے، واقعے کے بعد فورسز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔