وزیراعظم پاکستان24فروری کو آذربائیجان کا2روزہ سرکاری دورہ کریں گے
اشاعت کی تاریخ: 22nd, February 2025 GMT
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 24 سے 25 فروری تک آذربائیجان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے صدر کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں، مارچ 2024 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ آذربائیجان کا دوسرا دورہ ہے۔
نائب وزیرا عظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر اہم ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ساتھ ہو گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے موقع پر فریقین باہمی دلچسپی کے شعبوں پر پر بات چیت کریں گے، دورے میں دونوں فریقین کے درمیان تعاون کے متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کا امکان ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
5 سال میں 60 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف، شہباز شریف کی ہدایت
اسلام آباد:ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے وزیراعظم نے جامع حکمت عملی کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت برآمدات بڑھانے کے اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے آئندہ 5 سال میں ملکی برآمدات کو 60 بلین ڈالر تک لے جانے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے معیشت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے ٹیرف کے نظام میں پائیدار اصلاحات متعارف کرانے پر زور دیا اور ہدایت دی کہ ٹیرف کے نرخوں کو کم اور نظام کو عام فہم و سہل بنایا جائے۔
وزیراعظم نے سروسز، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں کو برآمدات بڑھانے کے لیے خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ ’’اڑان پاکستان‘‘ ویژن کے تحت برآمدی صنعتوں کو فروغ دیا جائے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو وزارت تجارت میں اصلاحات، 2025-30 سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک، ای کامرس پالیسی اور برآمدات بڑھانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی
۔وزیراعظم نے ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت شعبہ صحت میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے بین الاقوامی معیار کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری اسلام آباد میں قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیراعظم نے اسلام آباد کے مضافات، گلگت بلتستان، کشمیر اور بلوچستان میں موبائل ہسپتالوں کے اجرا کی ہدایت دی۔
وزیراعظم نے جعلی ادویات کے خلاف صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سخت کارروائی کا حکم دیا اور کہا جعلسازوں کو انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
اجلاس میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) میں اصلاحات، ڈریپ کے پالیسی بورڈ میں ماہرین کی شفاف تعیناتی، اور ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کو پاکستان میں تیار ہونے والی ادویات کی ڈیجیٹل رجسٹریشن، 94 نئے ڈرگ انسپیکٹرز کی تعیناتی اور ادویات کی برآمدات میں اضافے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اراکین قومی اسمبلی محمد ادریس، احسان الحق باجوہ، مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا اور شاہ محمد شاہ کی علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی۔
ارکان قومی اسمبلی نے حالیہ معاشی استحکام پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے امور پر گفتگوکی گئی۔ وزیر اعظم نے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوام سے روابط بڑھانے اور انکے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔