افریقہ-1 سب میرین انٹرنیٹ کیبل پی ٹی سی ایل سے منسلک کردی گئی
اشاعت کی تاریخ: 22nd, February 2025 GMT
ٹیلی کام کمپنی پی ٹی سی ایل نے ڈیجیٹل اور ٹیلی کام نظام کی بہتری کیلئے پاکستان کو افریقہ-1 سب میرین کیبل سے منسلک کر دیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بڑی مقدار میں ڈیٹا ٹرانسمیشن کی صلاحیتوں کی حامل سب میرین کیبل، افریقہ-1 کو کراچی میں پی ٹی سی ایل ایکسچینج سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی سی ایل نے افریقہ-1 کیبل سسٹم کنسورشیم میں شمولیت کے لیے باضابطہ معاہدہ کیا ہے تاکہ عالمی ڈیجیٹل مراکز کے ساتھ پاکستان کے روابط اور قومی ٹیلی کمیونی کیشن ڈھانچے کو مستحکم کیا جا سکے۔
دس ہزار کلومیٹر طویل اس کیبل سسٹم میں جدید ترین ٹیکنالوجیز شامل ہیں، جو پاکستان کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، سوڈان، الجیریا، فرانس، کینیا، اور جبوتی سمیت اسٹریٹجک اہمیت کے حامل مقامات سے جوڑے گا۔
پی ٹی سی ایل کے گروپ نائب صدر برائے انٹرنیشنل بزنس، سید محمد شعیب نے اس موقع پر کہا کہ افریقہ-1 کیبل سسٹم میں ہماری شرکت پاکستان کے ’ڈیجیٹل وژن 2030‘ کے عین مطابق ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ڈیجیٹل تقسیم کا خاتمہ کر کے لوگوں کو بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہیں، تاکہ مختلف شعبوں میں جدت کو فروغ ملے اور ملکی معیشت مستحکم ہو سکے۔
واضح رہے کہ افریقہ-1 کیبل سسٹم 2026 کے اوائل میں فعال ہو جائے گا جس کے بعد صارفین کو عالمی معیار کی انٹرنیٹ سہولیات دستیاب ہونگی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پی ٹی سی ایل کیبل سسٹم افریقہ 1
پڑھیں:
ایران میں قتل 8 پاکستانیوں کی تصدیق شدہ فہرست جاری کردی گئی، ایک ہی خاندان کے 3 افراد بھی شامل
ایران میں قتل 8 پاکستانیوں کی تصدیق شدہ فہرست جاری کرتے ہوئے ان کی میتیں جلد وطن واپس لانے کوششیں تیز کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایران میں دہشت گردی کے واقعے میں قتل کیے جانے والے 8 پاکستانی شہریوں کی تصدیق شدہ فہرست جاری کر دی گئی ہے، 12 اپریل کو ایران کے صوبہ سیستان کے علاقے مہرستان کے گاؤں بیز آباد میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 8 پاکستانی جاں بحق ہوئے جن کا تعلق بہاولپور سے تھا۔ بتایا گیا ہے کہ قتل کیے جانے والے افراد میں سے 6 افراد خانقاہ شریف کے رہائشی تھے، جن میں دلشاد، دانش، جعفر، ناصر، نعیم اور عامر شامل ہیں، دلشاد، ان کا بیٹا دانش اور بھتیجا جعفر ایک ہی گھر سے تعلق رکھتے تھے، دیگر دو مقتولین محد جمشید اور محمد خالد کا تعلق تحصیل احمد پور شرقیہ سے ہے، لواحقین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ میتیں جلد از جلد وطن واپس لائی جائیں تاکہ ان کی تدفین کی جا سکے۔ اس حوالے سے تہران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو کا کہنا ہے کہ ہم اس واقعے کے بعد سے ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں جس کے نتیجے میں ایران نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، مقتولین کی میتیں جلد پاکستان منتقل کی جائیں گی، ہم متاثرین کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ایران میں 8 پاکستانیوں کے قتل کی شناخت کیلئے قونصلر رسائی طلب کی گئی، پاکستان کی قیادت اور عوام واقعے پر دکھ اورغم میں مبتلا ہیں اور وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے، نائب وزیراعظم کی ہدایت پر تہران میں سفارتخانہ ایرانی حکام سے رابطے میں ہے اور زاہدان میں قونصل خانہ بھی تحقیقات کیلئے ایرانی حکام سے رابطے میں ہے، پاکستان ایران میں شہریوں کے بزدلانہ قتل کی مذمت کرتا ہے، تحقیقات اور لاشوں کی واپسی میں ایران کے مکمل تعاون کی امید کرتے ہیں۔