قصور: ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے سوگیا، وین نالے میں جا گری، خاندان کے8 افرادجاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 22nd, February 2025 GMT
قصور(نیوز ڈیسک) قصور میں تھانہ صدر کی حدود میں رائے ونڈ روڈ پر ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے سو گیا، جس کے نتیجے میں منی وین روہی نالے میں جاگری، ایک ہی خاندان کے 8 افراد ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔
نجی اخبار میں شائع خبر کے مطابق بد قسمت خاندان ایک شادی میں شرکت کے بعد رائے ونڈ کے علاقے بھٹہ سوہنڈن واپس آ رہا تھا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کھارا موڑ کے قریب نال روہی نالے میں گرنے والی وین میں ایک مسیحی خاندان کے 10 افراد سوار تھے، ریسکیو اہلکاروں نے وین سے 8 لاشیں اور 2 زخمیوں کو باہر نکالا۔
پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا، زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کی عمریں 30 سے 40 سال کے درمیان ہیں، مرنے والوں میں خلیل، سلیم، عمران، مقصود، سوہنی، کارنیلیس، سنی اور طلحٰہ شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں ساجد اور ڈرائیور شکیل شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے سو گیا۔
دوسری جانب صدر پولیس نے ڈرائیور شکیل کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا۔
تاہم مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد صبح کے وقت جائے حادثہ پر جمع ہوگئی، انہوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ وہ 20 فٹ گہرے نالے اور سڑک کو تقسیم کرنے کے لیے کوئی باڑ لگانے یا دیوار کھڑی کرنے میں ناکام رہی ہے۔
لوگوں نے ڈان کو بتایا کہ حال ہی میں نالے پر ایک پل تعمیر کیا گیا تھا، لیکن اس پر باڑ نہیں لگائی گئی تھی، جس کی وجہ سے اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔
انہوں نے انتظامیہ پر غفلت برتنے اور سڑک استعمال کرنے والوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی: تیز رفتار فارچیونر شہریوں پر چڑھ دوڑی، ایک شخص جاں بحق، گاڑی نذرِ آتش
کراچی:گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب تیز رفتار فارچیونر گرین بیلٹ توڑ کر مخالف سمت میں بیٹھے دو راہگیروں پر چڑھ دوڑی جس سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا۔ اتوار کی شب گلشن اقبال تھانے کی حدود میں ڈسکو بیکری سے مسکن چورنگی کی جانب جانے والی تیز رفتار فارچیونر گاڑی گرین بیلٹ توڑتے ہوئے مخالف سمت میں بیٹھے شہریوں سے جا ٹکرائی۔ گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا، مشتعل افراد نے گاڑی کو گھیر کر آگ لگا دی۔ پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی مگر تب تک گاڑی شعلوں کی نذر ہو چکی تھی۔ فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
ترجمان ایس ایس پی ضلع شرقی کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 42 سالہ سلیم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والا شہری ذیشان ہے جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
چھیپا ویلفیئر کے نمائندے چوہدری شاہد کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کے سر اور پسلیوں پر شدید نوعیت کے زخم آئے تھے۔ تاہم ایس ایچ او گلشن اقبال نعیم راجپوت کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور سمیت تین افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا جہاں ان سے مزید تفتیش کی جاری ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر گرین بیلٹ کراس کرتے ہوئے مخالف سمت میں جا پہنچی جہاں ہوٹل کے باہر کرسیوں پر بیٹھے دو افراد کو کچل دیا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کو آگ لگانے میں مبینہ طور پر ملوث 3 افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ چھیپا حکام کے مطابق رواں سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 266 ہو چکی ہے۔