اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کیس اسائمنٹ اینڈ مینجمنٹ سسٹم کی افتتاحی تقریب کے دوران بہترین کارکردگی پر افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے عدالت کے نئے کیس اسائمنٹ اینڈ مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کردیا۔ وزیراعظم نے بہترین کارکردگی پر افسران میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ نیا نظام شفافیت اور بروقت انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا، نظام کے اجرا میں تعاون پر کینیڈا اور اقوام متحدہ کے شکر گزار ہیں، مقدمات کی تفویض اور انتظام کا جدید نظام وقت کا تقاضا تھا، پاکستان بھر میں سائلین اور درخواست گزار شفاف و تیز ترانصاف کے خواہاں تھے۔شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کرانے کا مقصد واجب الادا ٹیکس کا حصول تھا، بدقسمتی سے ماضی میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا استعمال درست انداز میں نہیں کیا گیا، ہم نے اس ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو ازسرنو شروع کیا۔وزیر اعظم نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کے احوال سے متعلق بتایا کہ میں نے چیف جسٹس سے درخواست کی کہ ہم ایک ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں مقدمات کا فیصلہ جلد اور شفاف طریقے سے ہو۔انہوں نے کہا کہ کھربوں روپے کی مالیت کے مقدمات ٹریبیونل، ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں فیصلوں کے منتظر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مملکت کے معاملات چلانے کے لیے ہمیں پیسے ادھار لینے پڑتے ہیں، جو کسی بھی طرح قابل قبول نہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے کئی وسائل سے مالا مال کیا ہے، ہمارے پاس زخیز زمینوں سے زرخیز ذہنوں تک کسی چیز کی کمی نہیں، تاہم نیتوں کا فقدان ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو ہوگیا اس پر رونے سے بہتر ہے کہ ہم اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور آگے بڑھیں، مزید کہنا تھا کہ یہ نظام ملک میں کئی دہائیوں پہلے رائج ہوجانا چاہیے تھا، اگر ایسا ہوجاتا تو ہمارا نظام انصاف آج بہتر اور ترقی یافتہ ہوتا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اب بھی دیر نہیں ہوئی، ہم اب محنت کرکے آگے بڑھیں گے، شفاف انصاف کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں گے، مزید کہا کہ ایف بی آر میں ٹریک اینڈ ٹریس سستم متعارف کروانے کا مقصد واجب الادا ٹیکس وصول کرنا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ میں اور میری ٹیم ٹیکس وصولی کے لیے سرگرم ہیں اور ایک ایک پیسہ وصول کریں گے، جو پاکستان کی بہتری کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ کہ گزشتہ روزسندھ ہائیکورٹ نے 24 ارب روپے کا فیصلہ سنایا، جو اب قومی خزانے میں شامل ہو جائیں گے۔علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس نیٹ میں موجود ریٹیلرز پر مزید بوجھ نہیں ڈالیں گے۔پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے چیئرمین زید بشیر کی قیادت میں وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم نے ریٹیلرز کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ریٹیلرز جو ٹیکس نیٹ میں موجود ہیں ان پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، تاہم جو ٹیکس نہیں دیتے انہیں ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ استعمال شدہ اشیا کی آڑ میں ہونے والی اسمگلنگ کے سدباب کے لیے بھی اقدامات تیز کر رہے ہیں۔ مقامی صنعت کو جدت کو اپناتے ہوئے اپنی اشیا کی برآمدات کے لیے جدید ٹیکنالوجی اپنانی چاہیے تاکہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ کا مقابلہ کر سکیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی دیگر اصلاحات کے ساتھ ساتھ حکومت معیشت کو کیش لیس بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر شرکا نے ملکی معیشت کے استحکام کے لیے وزیرِ اعظم اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مہنگائی اور شرح سود میں خاطر خواہ کمی سے مصنوعات کی کھپت اور نتیجتاً پیدوار میں اضافہ ہو رہا ہے جو خوش آئند ہے۔ امید ہے ان اقدامات سے شرح مہنگائی میں مزید کمی آئے گی۔اجلاس میں چیئرمین پاکستان ریٹیل بزنس کونسل زید بشیر، شاہد حسین سی ای او سروس سیلز کارپوریشن، شہریار بخش سی ای او بیچ ٹری کے علاوہ وفاقی وزرا احسن اقبال، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، وزیرِ مملکت علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: ٹریک اینڈ ٹریس کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ٹیکس نیٹ میں نے کہا کہ انہوں نے کے لیے

پڑھیں:

آئی ایم ایف کی شرط ہے ٹیکس ریفارمز کے بغیر مزید فنڈنگ نہیں، وزیر خزانہ

فیصل آباد:وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط ہے کہ ٹیکس ریفارمز کے بغیر مزید فنڈنگ نہیں ہو سکتی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف پاکستان کو مزید فنڈز دینے کے لیے تیار ہے، لیکن اس کے لیے ٹیکس نظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات ضروری ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ان اصلاحات پر پوری طرح متفق ہے اور وزیراعظم اس معاملے پر واضح موقف رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو بار بار آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت اس لیے پیش آتی ہے تاکہ معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔ آئی ایم ایف کی شرائط میں ٹیکس ریفارمز کو ترجیح دی گئی ہے، جس کے تحت تنخواہ دار طبقے کو بھی اپنی آمدنی کے بارے میں شفافیت کے ساتھ معلومات فراہم کرنی ہوں گی۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ 7مختلف شعبوں سے وابستہ تنخواہ دار افراد کو نومبر تک آن لائن اپنے ٹیکس فارم جمع کروانے ہوں گے۔

محمد اورنگزیب نے مہنگائی اور شرح سود کے حوالے سے بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے مہنگائی کے تناظر میں مشکلات کا سامنا رہا، لیکن اب صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ شرح سود میں کمی کے ساتھ ساتھ آٹو فنانسنگ کے شعبے میں بھی بہتری آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چینی، گھی اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران چینی کی قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے جو عوام کے لیے ایک خوشی کی خبر ہے۔

وزیر خزانہ نے حکومت کی جانب سے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف وزارتوں اور اداروں کو آپس میں ضم کرنے کا عمل جاری ہے، جس کا مقصد اخراجات میں کمی لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 43 وزارتوں میں سے 5سے 6وزارتوں کو ضم کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے، جبکہ ایک وزارت کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے ٹیکس کے معاملات میں عدالتی نظام کی سست روی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ٹیکس کے کیسز کی وجہ سے تقریباً ایک ٹریلین روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے چیف جسٹس سے ملاقات کر کے اس معاملے کو فوری طور پر حل کرنے کی کوشش کی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اس وقت بہت سے مشکل فیصلے کر رہی ہے۔ 3اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، جن میں معیشت کو مستحکم کرنا، اخراجات میں کمی لانا اور ترقی کے نئے راستے تلاش کرنا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ماضی کی غلطیوں کو دہرانے کے بجائے مستقبل کی طرف دیکھنا ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں منعقد ہونے والے اجلاس میں 30 سے زائد ممالک کے وزرائے خزانہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر گلوبل ٹریڈ کے بجائے ریجنل ٹریڈ پر توجہ دینے پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھی اپنی تجارتی پالیسیوں میں اس رجحان کو اپنانا چاہیے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر خزانہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کو پیچھے چھوڑ کر مستقبل کی طرف دیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایسی کوئی بات نہیں کروں گا جسے پورا نہ کر سکوں۔ ہم سب کو مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔

متعلقہ مضامین

  • بیرون ملک دوروں پر برادر ملک کو یہی خدشہ رہتا ہے پیسے مانگنے آئے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف
  • ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے سے قومی خزانے کا بوجھ کم ہوا ہے،وزیرخزانہ
  • آئی ایم ایف کی شرط ہے ٹیکس ریفارمز کے بغیر مزید فنڈنگ نہیں، وزیر خزانہ
  • قرضوں کیساتھ ملک ترقی نہیں کریگا، دعا کریں صنعت و زراعت بڑھے، شہبازشریف
  • صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف میں اہم ملاقات متوقع 
  • ٹیکس نیٹ میں موجود ریٹیلرز پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف
  • ٹیکس نیٹ میں موجود ریٹیلرز پر مزید بوجھ نہیں ڈالیں گے، وزیراعظم
  • ٹیکس نیٹ میں موجود ریٹیلرز پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا: وزیراعظم
  • تنخواہ دار و دیگر کچھ طبقات پرٹیکسوں کا بوجھ غیر متناسب ہے، وزیر خزانہ کا اعتراف