اینٹی کرپشن کی کارروائی، اسسٹنٹ کمشنر گڈاپ گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
کراچی: اینٹی کرپشن نے پولیس کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر گڈاپ زین العابدین کو گلستانِ جوہر سے گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق اینٹی کرپشن سرکل کی ٹیم نے نوشہرو سے کراچی پہنچ کر اسسٹنٹ کمشنر گڈاپ کی گرفتاری عمل میں لائی، قواعد و ضوابط کے تحت اینٹی کرپشن حکام نے پہلے متعلقہ تھانے میں انٹری کروائی، جس کے بعد قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار اسسٹنٹ کمشنر زین العابدین کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد صبح عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان کے خلاف کیس کی مزید سماعت ہوگی۔
واضح رہے کہ زین العابدین کو ان کی گرفتاری سے قبل ہی عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، ان پر مبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر الزامات عائد کیے گئے ہیں، تاہم حتمی تفصیلات عدالت میں پیشی کے بعد سامنے آئیں گی۔
اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق اس کیس میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افراد کو بھی شاملِ تفتیش کیا جا سکتا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: اینٹی کرپشن
پڑھیں:
کراچی میں ناجائز منافع کمانے والے دکانداروں کے گرد گھیرا تنگ
کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک حادثات کی روک تھام ٹریفک کی روانی، سڑکوں پر قائم کچرہ کنڈیوں، تجاوزات کے خاتمہ اور گراں فروشی کی روک تھام کیلیے ہر ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کمشنر نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کراچی انتظامیہ کی جاری مہم کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ سرکاری نرخوں کو نافذ کرنے اور صارفین کو مناسب قیمت پر اشیا کی دستیابی کو یقنی بنانے کیلیے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں مہم جاری ہے، ماضی کے مقابلہ میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائی سخت کی جا رہی ہے، ڈپٹی کمشنر خود بھی قیمتیں چیک کرتے ہیں جبکہ ہر روز اسسٹنٹ کمشنر اور مختار کار قیمتیں چیک کر رہے ہیں اور خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں پر بھاری جرمانے عاید کیے گئے ہیں اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ یہ بات انہوں نے کراچی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر کمشنر کراچی نے تاجروں اور انتظامیہ کے افسران کے درمیان ضلعی سطح پر رابطہ کو مضبوط بنانے کیلیے رابطہ کیمٹی کے قیام کا اعلان کیا۔ رابطہ کمیٹی میں ضلعی سطح کے افسران اور ضلع میں قائم مارکیٹوں اور بازاروں کی ایسو سی ایشن کے نمائندہ شامل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین ماہ سے سبزی منڈی کے نظام اور قیمتیں مقر ر کرنے کے نظام کا جائزہ لے رہیں، فیلڈ افسران نے خوردہ فروشوں کو سب سے زیادہ ذمہ دار پایا ہے، ماہ رمضان المبارک پر اشائے خوردونوش کی مناسب اور رعائتی قیمتیں مقرر کی جائیں گی، اس سلسلہ مین تاجروں کے ساتھ مشاورت جاری ہے، جو دکاندار سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف بلا رعایت کارروائی کی جاے گی۔
اس موقع پر ماہ رمضان میں گراں فروشی کی روک تھام کیلیے چیمبر میں کمپلینٹ سینر قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ کمپلینٹ سینٹر صارفین کی شکائیتیں وصول کرے گا اور کارروائی کیلیے سینٹر میں متعین عملہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر اور اسسٹنٹ کمشنر کو شکایت درج کرائے گا جس کی بنیاد پر متعلقہ گراں فروش کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔