پی ٹی آئی کی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات، رہنماؤں نے شکایات کے انبار لگا دیے
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
اسلام آباد: چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے پابند سلاسل بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کا شکوہ کر دیا۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، سلمان اکرم راجا، بابر اعوان، شبلی فراز اور دیگر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔
چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ ملاقات میں چیف جسٹس کے سامنے عمران خان کے کیسز پر بات ہوئی، ہم نے چیف جسٹس کو بتایا کہ عمران خان کے مقدمات کی سماعت کی تاریخی بدلی جاتی ہیں، عدالتوں کی اجازت کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی جاتی، وکلا کو عمران خان سے ملنے نہیں دیا جاتا۔
عمر ایوب نے کہا کہ ملاقات میں پولیس گردی اور ریاستی جبر کا معاملہ سامنے رکھا، چیف جسٹس کے ساتھ معیشت کے حوالے سے بھی بات ہوئی، ملاقات میں جز کے خط اور خفیہ اداروں کے منفی کردار کا معاملہ بھی سامنے رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کو ہم نے بتایا کہ وکلا کو ڈرانے اور دھمکانے کے لیے ان پر کئی ایف آئی آر اور جعلی مقدمے درج کیے گئے ہیں، چیف جسٹس کو سرگودھا انسداد دہشتگری عدالت کے مسئلے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ ملاقات چیف جسٹس ہی کی خواہش پر ہوئی ہے، چیف جسٹس کی جانب سے جوڈیشل کمیشن سمیت قانونی نکات پر تجاویز مانگی گئی ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چیف جسٹس کو فراہم کردہ ڈوزیئر پر بھی گفتگو ہوئی، ہم نے چیف جسٹس کو بتایا کہ آپ کی عدالت کے آرڈر کو کوئی عدالتی حکم سمجھتا ہی نہیں ہے، چیف جسٹس کو بتایا کہ ہمارے کیسز نہیں لگ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں چیف جسٹس کو بتایا کہ ملک میں انسانی حقوق عملا” ختم ہو چکے ہیں، نظام عدل کو ایک آلہ کار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، عدلیہ اگر یہ سب کچھ ہونے دیتی ہے تو وہ اس میں شریک بن جاتی ہے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ہم نے واضح کیا کہ جیسے 26ویں ترمیم ہوئی اس کا متن اور طریقہ غلط تھا، سیاسی معاملات کی وجہ سے مخالف کارروائیوں کو روکنا ہوگا،عدالتوں سے ہمیں اور عمران خان کو وہ ریلیف نہیں ملا جو ہمیں ملنا چاہیے تھا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: ملاقات میں سے ملاقات پی ٹی آئی
پڑھیں:
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے وفد کی ملاقات
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
سپریم کورٹ بار کے صدر میاں رؤف عطا نے کہا کہ چیف جسٹس کی وزیراعظم سے ملاقات کے تناظر میں ملے ہیں، چیف جسٹس نے بتایا کہ وہ کل اپوزیشن کے 7 رکنی وفد سے بھی ملیں گے، چیف جسٹس قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل رہے ہیں۔
میاں عطا رؤف نے مزيد کہا کہ سپریم کورٹ بار نے اصلاحات کے عمل میں چیف جسٹس کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے، انصاف کی فراہمی میں تعاون کیلئے چیف جسٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے اپوزیشن سے بھی فراہمی انصاف سے متعلق تجاویز طلب کی ہیں۔