جن کو خط لکھے جا رہے ہیں انہی کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلاتے ہیں،عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جن کو خط لکھے جا رہے ہیں انہی کے خلاف پرو پیگنڈا مہم چلاتے ہیں۔
پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری نے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خط ملنے سے نہ ڈیل ملی ہے اور نہ ہی ملے گی۔ جن کو خط لکھے جا رہے ہیں انہی کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلاتے ہیں۔ تحریک انصاف کے 50 لوگوں نے لندن میں آرمی چیف کی آمد پر احتجاج کر کے غیر ملکی ایجنسیوں کا ایجنڈا پورا کیا ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ جو جماعت سمندر پار پاکستانیوں کی حمایت کا دعویٰ کرتی ہے ان کی کال کو سمندر پار پاکستانیوں نے مسترد کیا۔ نواز شریف اور مریم نواز پر بات کیے بغیر آج بھی تحریک فساد کی سیاست نامکمل ہے۔ پنجاب حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر کوئی پابندی نہیں لگائی۔ بانی پی ٹی آئی کی فیملی، ان کے وکلا اور پارٹی رہنما معمول کے مطابق ان سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔
وزیراطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ یہ جیل کو تفریحی پارک سمجھتے ہیں جب دل چاہے جس کا دل چاہے منہ اٹھا کہ پہنچ جائےکوئی ضابطہ نا ہو۔ جب تحریک فساد کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں بچتا تو مظلومیت کارڈ کھیلنا شروع کردیتی ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
آئی جی پنجاب اور دیگر پولیس افسران غیر قانونی آرڈرز کر رہے ہیں، عمر ایوب
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب اور دیگر پولیس افسران غیر قانونی آرڈرز کر رہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں رولز آف پروسیجر کو فالو کیا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر کی خلاف ورزی پر عدالت جائیں گے، حکومت کو کہا تھا وہ تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات تک نہیں کروا سکی، حکومت ہمیں بتا دے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے اگر وزراء سرینڈر کریں تو پھر ہم کس سے بات کریں۔
عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے معاملے پر پوری پارٹی متحد ہے، سلمان اکرم راجہ کے بیان سے متعلق کمنٹس نہیں کرنا چاہتا، علی ظفر وکیل ہیں ملاقات کے لیے جا سکتے ہیں ہدایات لینا ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف راولپنڈی میں 30 نئی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔