قصور: رائے ونڈ روڈ پر وین نالے میں جا گری، حادثے میں 8 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
قصور(نیوز ڈیسک) رائے ونڈ روڈ پر وین نالے میں جا گری، حادثے میں 8 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق رائے ونڈ روڈ کھارا موڑ کے نزدیک وین نالے میں گرگئی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار افراد شادی کے فنکشن سے واپس آرہے تھے ، جاں بحق افراد میں خواجہ سرا بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
کراچی: تیز رفتار فارچیونر شہریوں پر چڑھ دوڑی، ایک شخص جاں بحق، گاڑی نذرِ آتش
کراچی:گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب تیز رفتار فارچیونر گرین بیلٹ توڑ کر مخالف سمت میں بیٹھے دو راہگیروں پر چڑھ دوڑی جس سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا۔ اتوار کی شب گلشن اقبال تھانے کی حدود میں ڈسکو بیکری سے مسکن چورنگی کی جانب جانے والی تیز رفتار فارچیونر گاڑی گرین بیلٹ توڑتے ہوئے مخالف سمت میں بیٹھے شہریوں سے جا ٹکرائی۔ گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا، مشتعل افراد نے گاڑی کو گھیر کر آگ لگا دی۔ پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی مگر تب تک گاڑی شعلوں کی نذر ہو چکی تھی۔ فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
ترجمان ایس ایس پی ضلع شرقی کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 42 سالہ سلیم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والا شہری ذیشان ہے جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
چھیپا ویلفیئر کے نمائندے چوہدری شاہد کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کے سر اور پسلیوں پر شدید نوعیت کے زخم آئے تھے۔ تاہم ایس ایچ او گلشن اقبال نعیم راجپوت کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور سمیت تین افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا جہاں ان سے مزید تفتیش کی جاری ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر گرین بیلٹ کراس کرتے ہوئے مخالف سمت میں جا پہنچی جہاں ہوٹل کے باہر کرسیوں پر بیٹھے دو افراد کو کچل دیا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کو آگ لگانے میں مبینہ طور پر ملوث 3 افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ چھیپا حکام کے مطابق رواں سال ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 266 ہو چکی ہے۔