ائر فورس ون میں نئے طیاروں کی عدم شمولیت پر ٹرمپ ناراض
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کو 3 سال پہلے 2 نئے خصوصی صدارتی ائر فورس ون طیارے فراہم کرنے تھے، جو اب تک نہیں دیے گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ معروف طیارہ ساز کمپنی سے نا خوش ہیں۔ اپنے حالیہ بیان میں امریکی صدر نے طیارہ ساز ادارے بوئنگ پر اس حوالے سے دباؤ ڈالتے ہوئے کہا کہ کمپنی اپنے دیے ہوئے شیڈول سے 3 سال پیچھے چل رہی ہے اور کمپنی کی انتظامیہ کو اس حوالے سے بہتر طریقہ کار اختیار کرنا ہو گا۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم نے ایک مدت پہلے مطلوبہ رقم پر یہ معاہدہ طے کیا تھا۔ شاید حکومت کو طیاروں کے حصول کے لیے کچھ اور کرنا چاہیے تھا تاکہ ہمیں طیارے تو مل جاتے۔ امریکی صدر کی جانب سے سخت بیان کے بعد طیارہ ساز ادارے بوئنگ کمپنی کی جانب سے کوئی جوابی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ واضح رہے کہ دنیا میں ہر ملک کے سربراہ کی آمد و رفت کے لیے خصوصی طیاروں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ طیارے بنیادی طور پر ایک فضائی دفتر کی طرح کام کرتے ہیں اور متعلقہ سربراہانِ مملکت کے لیے طیاروں میں ہر وہ آسائش اور سہولت موجود ہوتی ہے جس کی کبھی بھی اْن کو ضرورت پڑ سکتی ہے۔ امریکا میں یہ طیارے ائر فورس ون کہلاتے ہیں۔امریکی صدر کے زیرِ استعمال طیاروں کی تعداد 2 ہوتی ہے،جو دنیا بھر میں دوروں کے دوران امریکی صدر، صدر کے اہل خانہ اور صدر کے خاص عملے کی سواری کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ پاکستان میں ایسے خصوصی طیاروں کو پاک ون کہا جاتا ہے اور فضائیہ کاعملہ ہی ان کی دیکھ بھال اور پرواز کے ذمے داریاں ادا کرتا ہے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: امریکی صدر طیارہ ساز
پڑھیں:
ٹورنٹو طیارہ حادثہ، ہر مسافر کو 30 ہزار ڈالر دینے کا اعلان
امریکہ(نیوز ڈیسک)امریکی ایئر لائن ڈیلٹا نے رواں ہفتے ٹورنٹو ایئرپورٹ پر لینڈ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہونیوالے طیارے کے ہر مسافر کو 30 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کمپنی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ یہ اقدام کسی قسم کی شرط پر مبنی نہیں اور اس سے مسافروں کے حقوق پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ڈیلٹا ایئر لائنز کا طیارہ امریکی شہر منیسوٹا سے روانہ ہوا تھا جو ٹورنٹو کے ایئرپورٹ پر رن وے سے ٹکرا کر الٹ گیا تھا، جس کے بعد طیار میں آگ لو گئی تھی تاہم رن وے پر الٹنے کے باوجود جہاز میں موجود تمام 80 مسافروں کی زندگیاں محفوظ رہی تھیں۔ڈیلٹا ایئر لائن نے کہا ہے کہ حادثے میں 21 مسافر زخمی ہوگئے تھے لیکن صرف ایک کو اسپتال میں علاج کیلئے داخل کیا گیا تھا۔پیرامیڈک سروسز نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے ان مسافروں کو فوری طبی امداد فراہم کی جنہیں کمر میں موچ، سر میں چوٹ، سر درد یا خوف و ہراس کا سامنا تھا۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل امریکا میں فوجی ہیلی کاپٹر اور مسافر طیارہ ٹکرانے کے نتیجے میں 67 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ فلاڈیلفیا میں بھی طبی ٹیم کا ایک جہاز گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں 7 افراد ہلاک ہوئے تھے۔کینیڈا کے ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، جس میں امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن، ڈیلٹا اور مٹسوبشی بھی معاونت فراہم کررہی ہے۔