مسافر بس اورڈمپر میں تصادم ، خواتین سمیت11زخمی
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سعید آباد تھانے کے علاقے میں بلدیہ ٹاون مواچھ گوٹھ پولیس ٹریننگ سینٹرکے سامنے حب ریورروڈ پرمسافرمزدا اور ڈمپرکے تصادم کے بعد ڈمپر دیوارمیں جا گھسا جب کہ مسافر مزدا سڑک پر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں مسافرمزدا میں سوارخواتین سمیت11 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔حادثے میں ڈمپر ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوگیا، جو اسٹیئرنگ میں پھنس گیا تھا۔ حادثے کے بعد زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں 35 سالہ حکیم زادی زوجہ اللہ بخش، اس کی بیٹی 16سالہ شہناز، 40 سالہ عبداللہ ولد نذیر حسین، 45 سالہ ظاہراحمد ولد حضرت نور، 21 سالہ شیرازعلی ولد منصوررانا،20 سالہ سجاد علی ولد نورالٰہی ،35 سالہ واحد ولد محمد شاہد،46 سالہ رؤف الرحمان ولد عبدالرحمان ، 40سالہ یاسین ولد عبدالصمد،35 سالہ ناصر ولد دلاور،24 سالہ سجاد ولد لالی اورحکمت ذات ولد عبدالعزیزسمیت دیگرشامل ہیں۔ٹریفک پولیس نے بتایا کہ حادثہ بس ڈرائیور کی غلط سمت سے آنے پر پیش آیا،۔ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد ڈرائیور بس چھوڑ کرفرار ہوگیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
حادثات میں خاتون ،بچوں سمیت 7افراد جاں بحق
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوںمیں حادثات واقعات میں خاتون اور بچوں سمیت 7افراد جاںبحق ہوگئے ،دیگر واقعات میںدو افراد زخمی ہوا ۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز 7 نجی صفاء یونیورسٹی کے قریب گیسٹ ہاؤس میں گولی لگنے سے 30 سالہ مصطفی ولد کوثرٰ نامی نوجوان جاںبحق ہوگیا ۔فائرنگ میں ایک شخص40سالہ مجاہد ولد علی خان بھی زخمی ہوا ،واقعہ لین دین کے تنازہ کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے ، پولیس نے فائرنگ میں ملوث ملزم مجاہد کوحراست میں لے لیا ، ایک شخص موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ کورنگی الیاس گوٹھ رکشہ اسٹینڈ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی زد میں اکر راہگیر بچی 7سالہ زرگونہ دختر گل محمد جاں بحق ہوگئی ،متوفیہ کی لاش کو جناح اسپتال سے ضابطہ کی کاروائی کے بعد ورثاء کے سپر د کر دیا گیا ۔ پی آئی بی کالونی تھانے کی حدود عیسیٰ نگری قبرستان کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے راہگیر بزرگ خاتون جاں بحق ہوگئی۔ لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون کی شناخت 65 سالہ فاطمہ کے نام سے کی گئی ،حادثہ سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا ۔تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ناظم آباد انڈر پاس کے قریب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والا55سالہ شخص (دوران علاج) جناح ہسپتال میں آج دم توڑ گیا ۔ پیر آباد تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر 7/C شاہ نواز بھٹو کالونی رینجرز چوکی کے قریب کمپنی میں کام کے دوران لینڈ سلائیڈنگ سے 42 سالہ غنی الرحمن ولد حاجی خیر زمان جاںبحق ہوگیا ۔