وقت ہی خراب چل رہا ہے؛ شو بند ہونے پر سمے رائنا رو پڑے
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
بھارتی سپریم کورٹ نے یوٹیوب پروگرام ’انڈیا گوٹ لیٹنٹ‘ میں شرمناک گفتگو پر شو پر تاحکم پابندی عائد کردی ہے جس پر اظہار کرتے ہوئے کامیڈین سمے رائنا آبدیدہ ہوگئے۔
پابندی کے شکار سمے رائنا نے کینیڈا میں ایک اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کی میزبانی کی جس میں وہ کافی دباؤ میں نظر آ رہے تھے۔
اپنے ذہنی دباؤ کو دبانے کی کوشش میں انھوں نے موجودہ صورت حال پر طنزیہ فقرے بھی کسے اور خود اپنا مذاق اڑایا۔
سمے رائنا نے شو شروع کرتے ہی شرکا کی آمد کا شکریہ یہ کہہ کر ادا کیا کہ میرے وکیل کی فیس کا بندوبست کرنے کا شکریہ۔
یہ خبر پڑھیں : بے ہودہ گفتگو؛ بھارتی سپریم کورٹ نے رنویر، رائنا اور اپروا کے شوز پر پابندی لگا دی
اس پنچ لائن پر شرکا بے اختیار ہنس پڑے تاہم شو کا اختتام اس قدر خوشگوار نہ تھا۔ سمے رائنا شو پر پابندی کا زکر کرتے ہوئے روہانسا ہوگئے تھے۔
سمے رائنا آبدیدہ ہوگئے اور جذباتی انداز میں کہا کہ شاید میرا سمے (وقت) ہی برا چل رہا ہے، لیکن یاد رکھنا دوستوں میں سمے ہوں۔
اس شو میں شریک شرکا نے سماجی رابطے ویب سائٹس پر اپنے تاثرات بتائے کہ سمے رائنا ذہنی دباؤ کا شکار نظر آئے، آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقے تھے۔
یاد رہے کہ یوٹیوبر رنویر الہ آبادیہ نے سمے رائنا کے شو میں نہایت نازیبا موضوع پر شرمناک ریمارکس دیے تھے جس پر سپریم کورٹ نے شو پر ہی پابندی عائد کردی ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
جنوبی افریقی کرکٹر پر ایک سال تک پی ایس ایل کھیلنے پر پابندی عائد
لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقی آل راؤنڈر کوربن بوش پر ایک سال تک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کی پابندی عائد کردی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر کوربن بوش نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن سے دستبردار ہونے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کوربن بوش کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ’مجھے پی ایس ایل سے دستبردار ہونے کے اپنے فیصلے پر افسوس ہے، میں پاکستانی عوام اور پشاور زلمی کے مداحوں سے معذرت خواہ ہوں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک شاندار ٹورنامنٹ ہے اور میں اس بات کو سمجھتا ہوں کہ میری اس حرکت سے شائقین کو شدید مایوسی ہوئی۔
کاربن بوش نے مزید کہا کہ میں نہ صرف اپنے عمل کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں بلکہ اس کے نتائج کو بھی تسلیم کرتا ہوں جس میں ایک سال کی پابندی اور جرمانہ شامل ہے۔
مزید کہا ’میں اس ناخوشگوار تجربے سے سیکھنے کے لیے پرعزم ہوں اور امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں نئے جذبے کے ساتھ پی ایس ایل میں واپسی کروں گا‘۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے جنوبی افریقی آل راؤنڈر پر ایک سال تک پی ایس ایل کھیلنے پر پابندی عائد کردی، یعنی وہ پاکستان سپر لیگ کے اگلے (11ویں) ایڈیشن میں منتخب ہونے کے اہل نہیں ہوں گے۔
اس سے قبل، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقی آل راؤنڈر کوربن بوش کو قانونی نوٹس جاری کیا تھا، یہ نوٹس کوربن بوش کی جانب سے پی ایس ایل میں اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کے سبب بھیجا ہے۔
کوربن بوش کو پشاور زلمی نے پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ میں ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتخب کیا تھا، تاہم انہوں نے پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے بجائے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈین کو جوائن کرلیا تھا۔
بعد ازاں، پاکستان سپر لیگ 10 کے ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں پشاور زلمی نے پورے سیزن کے لیے کوربن بوش کی جگہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں جنوبی افریقہ کے جار لِنڈے کو منتخب کرلیا تھا۔