کراچی میں ٹریفک حادثہ: ڈمپر اور ٹریلر کی ٹکر سے 2 افراد جاں بحق، ایک زخمی
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
کراچی: شہر قائد میں ٹریفک حادثات میں آئے روز اضافہ ہورہاہے، ڈمپر اور ٹریلر کی ٹکر سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق ملیر کورٹ کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں عامر جاں بحق جبکہ ساجد زخمی ہوگیا، جاں بحق عامر پیدائشی گونگا بہرا تھا اور کچھ ماہ قبل اس کی شادی ہوئی تھی، حادثے کے بعد ڈرائیور ٹریلر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
لواحقین کے مطابق عامر اور ساجد اپنے کزن کو کینٹ اسٹیشن چھوڑ کر واپس قائد آباد آ رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔
دوسرا حادثہ شارع فیصل کارساز کے قریب پیش آیا ، جہاں زخمی محمد شاکر دوران علاج دم توڑ گیا،شاکر کی موٹرسائیکل ڈمپر کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی تھی، جس کے بعد وہ شدید زخمی ہوگیا تھا، ورثا قانونی کارروائی کے بغیر لاش جناح اسپتال سے لے گئے۔
کراچی میں ٹریفک حادثات کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے صرف دو ماہ میں 119 افراد ٹریفک حادثات میں جان سے جا چکے ہیں،جاں بحق ہونے والوں میں 87 مرد، 16 خواتین، 12 بچے اور 4 بچیاں شامل ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
شاہراہ فیصل واقعہ، ڈمپر ڈرائیور نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا
شاہراہ فیصل پر پولیس کی گاڑی کو ٹکر مار کر بھاگنے والے ڈمپر ڈرائیور نے گرفتاری دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز شارع فیصل پر پیش آنے والے ایک خطرناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس کے کریک ڈاؤن پر ڈرائیور نے ڈمپر سمیت خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔
ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق شاہراہ فیصل پر پیش آنے والے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر موجود ٹریفک پولیس اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتِ حال کو قابو میں کیا اور ممکنہ نقصان سے شہریوں کو محفوظ رکھا۔
ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس کے مؤثر کریک ڈاؤن کے نتیجے میں مذکورہ ڈرائیور نے ڈمپر سمیت خود کو قانون کے حوالے کر دیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
اعلامیے میں ٹریفک پولیس نے کراچی شہریوں سے گزارش کرتی ہے کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ قوانین کی مکمل پاسداری کریں، تاکہ تمام شہری محفوظ رہیں۔
واضح رہے کہ پولیس نے ڈمپر ڈرائیور کی حوالگی کیلیے ایسوسی ایشن سے رابطہ کیا تھا جس پر ڈمپر ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ڈرائیور کی حوالگی کا وعدہ کیا اور پھر پیچھے ہٹ گئے تھے۔
ایسوسی ایشن کے پیچھے ہٹنے پر پولیس نے کریک ڈاؤن کیا اور درجنوں ڈمپروں کو چالان جبکہ دو درجن سے زائد کو ضبط کر کے ایک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا تھا۔