پختونخوا میں مسلسل بارش؛ بالائی علاقوں میں برفباری کے دلفریب مناظر؛ ویڈیو دیکھیں
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
پشاور:
خیبر پختونخوا میں مسلسل بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی جب کہ بالائی علاقوں میں برف باری کے دلفریب مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں سردی کی پہلی طویل دورانیے کی بارش ہوئی جو تاحال جاری ہے۔ مسلسل بارش کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔
درجہ حرارت کم ہوگیا
صوبے میں مسلسل بارش اور سرد موسم کی وجہ سے درجہ حرارت بھی کم ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 8ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ اسی طرح پارا چنار منفی 4، کالام، مالم جبہ، چترال میں بھی درجہ حرارت منفی میں ریکارڈ ہوا جب کہ دیر بالا میں درجہ حرارت صفر ریکارڈ ہوا۔
مسلسل بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا
پشاور سمیت مردان، نوشہرہ ،صوابی، کوہاٹ، جمرود، باڑہ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے پشاور کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا رہا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
بارش کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کی جانب سے پہلے ہی ایڈوائزری جاری کردی گئی تھی، جس کے مطابق گزشتہ رات سے جاری بارش سے کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دیر میں مسلسل برف باری
اُدھر دیر کے علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں پر برف کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش اور برف باری سے طویل خشک سالی کا خاتمہ ہونے پر شہریوں نے اللہ کا شکر ادا کیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق لواری ٹنل ، وادی کمراٹ،عشرئی درہ،شاہی بن شاہی،کلپانی اور دیگر بالائی علاقوں پر ایک فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لواری ٹنل چترال روڈ ہر قسم ٹریفک کے لیے بحال ہے۔لواری ٹنل کے ذریعے چترال اور دیر آنے والی گاڑیوں کو سنو چین کے بغیر جانے کی اجازت نہیں ہے جب کہ لواری ٹنل کے قریب برف میں پھنسی ہوئی گاڑیاں بحفاظت روانہ کردی گئی ہیں۔
بجلی بند ہونے سے شہری پریشان
بارش اور برف باری کے دوران دیر میں بجلی کا نظام متاثر ہوا اور رات گئے سے بجلی بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
چترال میں برف باری کے خوبصورت مناظر
اُدھر چترال میں گزشتہ رات بارش سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر چترال سمیت دیگر بالائی علاقوں پر برف باری کے دلفریب مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں، جنہیں دیکھ کر سیاح ان علاقوں میں جانے کو بے تاب ہیں۔
پشاور میں بجلی کا نظام درہم برہم
پشاور میں بارش نے پیسکو کے نظام کا پول کھول دیا۔ گزشتہ شب بارش شروع ہوتے ہی پورے شہر میں بجلی بند ہو گئی اور حکام کے دعووں کے باوجود 10 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی بجلی بحال نہ ہو سکی۔ شہر پر چھائے بادلوں اور بارش کی وجہ سے گھروں کی چھتوں پر نصب سولر سسٹم بھی کام چھوڑ گیا۔
حکام کے مطابق پشاور سمیت صوبے کے تمام میدانی اور بلائی علاقوں میں موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور میں اب تک 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں برف باری سے آمد و رفت میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پشاور میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ بارش سے شہر کی سڑکوں پر پانی آنے سے ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہونے لگا ہے۔
سرد موسم کی شدت بڑھنے سے لوگوں نے ایک بار پھر گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ رواں ہفتے میں وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بالائی علاقوں برف باری کے علاقوں میں لواری ٹنل پشاور میں کی وجہ سے کا سلسلہ بارش اور کے مطابق سردی کی جاری ہے کی شدت
پڑھیں:
ملک کے بیشتر علاقوں میں آج سے گرمی بڑھنے کا امکان
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے سندھ ،جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے علاقے گرمی کی لہر کی لپیٹ میں رہیں گے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 18اپریل کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈزیادہ رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد،وسطی اور بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں پیر سے جمعہ کے دوران درجہ حرارت میں 04 سے 06 ڈگری اضافہ متوقع ہے جبکہ گرمی کی لہر کے باعث آندھی یا جھکڑ بھی چل سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نواب شاہ ، حیدرآباد اور دادو میں 43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی39، بہاولپور، ڈیرا اسماعیل خان37، لاہور، پشاور 35، اسلام آباد اور کوئٹہ میں 33 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔