(ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہو رہاہے) لانگ مارچ‘ دھرنوں‘ پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائیگی‘نواز شریف
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
لاہور (نمائندہ جسارت) ن لیگ کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہاہے کہ ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہو رہاہے،اب لانگ مارچوں، دھرنوں اور پُرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ رائیونڈ میں اپنی رہائش گاہ پر سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران ان کا کہنا تھا کہ عوام اب کسی کو تعمیر وترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، 2013 ء میں تعمیر وترقی اور عوامی خوش حالی کا سفر اُسی رفتار سے جاری رہتا تو آج ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت ہوتی نہ کسی اور کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی۔نوازشریف نے کہا کہ عوام اور بالخصوص ہماری نوجوان نسل کو پُرامن اور ترقی کرتے ہوئے پاکستان کی ضرورت ہے جہاں اُنہیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کردار ادا کرنے کے مواقع حاصل ہوں۔ نوازشریف نے کہاکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اُن عناصر کے عزائم کو بے نقاب کرنا چاہیے جو انتشار پھیلانے اور عدمِ استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، یہ لوگ سنجیدہ مذاکرات کرنے اور سیاسی افہام وتفہیم کے ساتھ معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کو مؤثر طریقے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور عوام سے مضبوط رابطے رکھنے چاہییں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے پارٹی قائدکو سینیٹ میں ن لیگ پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
سندھ کے پانی کے پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے،لوگ اپنے حق کیلئے نکلیں، آفاق احمد
کراچی:مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہاہے کہ گزشتہ رات نارتھ کراچی میں واقعہ رونما ہوا، 12 اپریل کو لوگوں کو درخواست کی ہے کہ اپنے حق کے لیے نکلیں، میں نے نا انصافیوں کےخلاف شہریوں کو اپیل کی تھی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفاق احمدنے کہا کہ میں نے سیاسی و مذہبی جماعتوں کو احتجاج کی دعوت دی، حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پرامن احتجاج کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف ٹریفک حادثات ہی نہیں بلکہ اور بھی نا انصافیاں ہوئی ہیں، تعلیم کے معیار کو بھیانک بنا دیا گیا۔ یہاں پورا سینٹر تبدیل کردیا جاتا ہے، نتائج بدل دیئے جاتے ہیں، یہاں کا طالب علم کس اذیت سے گزر رہا ہے اس کا جوابدہ کون ہے۔
مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین نے کہا کہ ہمارا جو احتجاج ہے یہ بد عنوانیوں کے خلاف ہے، ہم حکومت کی زیادتیوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، پرامن طریقے سے 12 اپریل کو سفید پرچم لے کرنکلیں، میں دوبارہ کہہ رہا ہوں یہ احتجاج پر امن ہے، کسی کو شر انگیزی پھیلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انھوں نے کہ کراچی میں ہر رنگ و نسل کے لوگ موجود ہیں، کراچی کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے، ہیوی ٹریفک کیلئے آواز اٹھائی تو مجھ پرالزامات لگائے گئے، میرے اوپر الزام لگایا مہاجر اور پختونوں کو لڑوا رہا ہے۔
آفاق احمد کا مزید کہنا تھا کہ ہم صوبے کے پانی کے پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے، میں نے تمام لوگوں کو جمع کرنے کی کوشش کی تو مجھے مجرم قرار دے دیا گیا۔