بینکنگ کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے،قیصر شمس
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
فیصل آباد (کامرس رپورٹر ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے کہا ہے کہ بینکنگ کا شعبہ تیزی سے ترقی کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ وہ الائیڈ بینک لمیٹڈ کے ریجنل منیجر فہد اورمحمدمحسن طفیل تارڑنائب صدراینڈبرانچ منیجرفیصل آبادسے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چیمبر کا دورہ کیا۔قیصر شمس گچھا نے کہاکہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ الائیڈ بینک مکمل طور پر پاکستانی بینک ہے جس کی وجہ سے مختلف شعبوں میں ترقی کی رفتار تیزہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے فنانسنگ آسان ہو گئی ہے جس سے صنعت و تجارت اور کاروباری سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔انہوں نے ملک میں ہونے والے مقامی نوعیت کے ایونٹس کو سپانسر کرنے پر الائیڈ بینک کی فراخدلانہ کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس سے عالمی اور قومی سطح پر پاکستان کے عزت و وقار میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ چیمبر اور الائیڈ بینک ملکر تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں گے جس سے دونوں اداروں کو فائدہ ہوگا۔ دریں اثنا المیزان انویسٹمنٹ کے کنٹری ہیڈ طلحہ انور نے بھی فیصل آباد چیمبر کا دورہ کیا اور سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا سے دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: الائیڈ بینک
پڑھیں:
پاک امریکہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئےپاکستانی امریکن چیمبر آف کامرس قائم
شکاگو: امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے پاکستانی امریکن چیمبر آف کامرس قائم کرلیاہے،جس کا مقصدپاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ دینااور تاجروں کے مسائل اجاگرکرکے انہیں فوری طور پرحل کرانے کی کوششیں کرناہے۔ اس سلسلے میں شکاگومیں ایک تقریب منعقدہوئی جس میں معروف بزنس مین نوید انورچوہدری کو پاکستانی امریکن چیمبرآف کامرس کا صدر اور طارق بٹ کوچیئرمین بنایاگیااوران پر اعتماد کا اظہار کیاگیا۔تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل طارق کریم،امریکہ کی اہم شخصیات انا والنسیا، میلیسا ایرون، فرٹز کیگی، ڈینی ڈیوس کے علاوہ معروف پاکستانیوں راناجاوید،رانازاہد،رضوان خان،چوہدری منیر،ڈاکٹرمحمدانور،آصف ملک اور ڈاکٹرآصف سمیت بڑی تعدادمیں پاکستانیوں نے شرکت ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نویدانورچوہدری نے کہاکہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہم چیمبرآف کامرس کے قیام میں کامیاب ہوئے ہیں اور اس کا سہراطارق بٹ، قونصل جنرل، کمیونٹی لیڈرز اورتاجروں کو جاتاہے۔انہوں نے کہاکہ یہاں بیٹھے ہوئے تمام افراد کاتعلق مختلف صنعتوں سے ہے لیکن اس سے پہلے ہمارے پاس کوئی باضابطہ فورم موجود نہیں تھاجہاں ہم اپنی تجاویزدے سکیں، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں یہ چیمبراپنافعال کرداراداکرے گا۔ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھایاجاسکتاہے اور اس کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس فورم کے ذریعے امپورٹ ،ایکسپورٹ میں جو بھی ایشوز آتے ہیں انہیں اجاگرکرنے میں مدد ملے گی اور دونوں ممالک کی حکومتوں کے ساتھ رابطوں کو فروغ دیاجائے گا۔اس موقع پر شرکاء نے چیمبر آف کامرس کے قیام کاخیرمقدم کرتے ہوئے اس توقع کااظہارکیاکہ نہ صرف اقتصادی شعبے میں دونوں ممالک میں تعاون بڑھے گابلکہ دونوں ممالک کے تاجروں کو جن مسائل کاسامناکرناپڑتاہے انہیں حل کرانے میں آسانی ہوگی۔