افغان پناہ گزینوں سے بدسلوکی کے الزامات بے بنیاد ہیں، پاکستان
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2025 GMT
دفتر خارجہ کے ترجمان نے افغان ناظم الامور کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں افغان پناہ گزینوں سے بدسلوکی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کو عزت و احترام سے رکھا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود افغان مہاجرین کو تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کیں، غیر قانونی افراد کی واپسی کا منصوبہ 2023 میں شروع کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ افغان مہاجرین کے ساتھ بدسلوکی یا ہراسانی نہیں کی جا رہی۔
انھوں نے کہا کہ افغان حکام سے مہاجرین کی باعزت واپسی کیلئے مسلسل رابطہ رہا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
غیرقانونی باشندوں کی واپسی میں ناروا سلوک ، افغان ناظم الامور کا دعویٰ مسترد
پاکستان نے کئی دہائیوں سے لاکھوں افغانوں کی عزت اور وقار کے ساتھ میزبانی کی ہے جب کہ پاکستان نے افغان باشندوں سے متعلق روایتی مہمان نوازی کو بڑھایا ہے
عبوری افغان حکام سے توقع کرتے ہیں کہ وہ افغانستان میں سازگار حالات پیدا کریں گے تاکہ یہ واپس آنے والے افغان معاشرے میں مکمل طور پر مربوط ہوں، دفتر خارجہ
پاکستان نے غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کے دوران ان کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے افغان ناظم الامور کے دعوے کو غلط قرار دے کر مسترد کردیا۔پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کے ساتھ ناروا سلوک پر افغان سی ڈی اے کے ریمارکس پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ انہیں یاد دلانا چاہیں گے کہ پاکستان نے کئی دہائیوں سے لاکھوں افغانوں کی عزت اور وقار کے ساتھ میزبانی کی ہے جب کہ پاکستان نے افغان باشندوں سے متعلق روایتی مہمان نوازی کو بڑھایا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہاں تک کہ بہت کم بین الاقوامی تعاون کے باوجود اپنے وسائل اور خدمات جیسے کہ تعلیم اور صحت کا اشتراک کیا ہے ، جہاں تک غیر ملکیوں کا تعلق ہے ، ہم نے 2023 میں واپسی کا عمل شروع کیا۔بیان میں کہا گیا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مناسب طریقہ کار وضع کیا کہ وطن واپسی کے عمل کے دوران کسی کے ساتھ بدسلوکی یا ہراساں نہ کیا جائے ۔اس سلسلے میں ہم نے افغان شہریوں کی آسانی سے وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے افغان فریق کو بھی بڑے پیمانے پر شامل کیا، افغان شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے ان کے دعوے غلط ہیں۔ترجمان نے کہا کہ عبوری افغان حکام سے توقع کرتے ہیں کہ وہ افغانستان میں سازگار حالات پیدا کریں گے تاکہ یہ واپس آنے والے افغان معاشرے میں مکمل طور پر مربوط ہوں۔بیان میں کہا گیا کہ افغان حکام کا اصل امتحان اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ ان لوگوں کے حقوق جن کے بارے میں افغان سی ڈی اے نے بات کی ہے افغانستان میں محفوظ ہیں۔