سویلینز ملٹری ٹرائل کیس میں سپریم کورٹ انڈر ٹرائل نہیں، جج کا لطیف کھوسہ سے مکالمہ WhatsAppFacebookTwitter 0 19 February, 2025 سب نیوز

اسلام آباد (سب نیوز )سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس امین الدین خان نے وکیل لطیف کھوسہ سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ اس کیس میں سپریم کورٹ انڈر ٹرائل نہیں ہے، عدالت نے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ سماعت کر رہا ہے، اعتزاز احسن کے وکیل لطیف کھوسہ روسٹرم پر آ گئے اور کہا کہ آج عذیر بھنڈاری نے دلائل دینے تھے، بھنڈاری صاحب سے بات کر لی ہے، آج میں دلائل دوں گا۔

جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آپ لوگ آپس میں طے کر لیں، ہمیں اعتراض نہیں کہ دلائل کون پہلے دے کون بعد میں، اعتزاز احسن نے سلمان اکرم راجا کے گزشتہ روز کے دلائل پر اعتراض کیا اور کہا کہ سلمان اکرم راجا بھی میرے وکیل ہیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ سلمان اکرم راجا نے کل جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے اختلاف کیا تھا، میں نے سلمان اکرم راجا کو ایسی کوئی ہدایت نہیں دی تھی، جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے مکمل اتفاق کرتا ہوں۔جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ اعتراض شاید صرف آرٹیکل 63 اے والے فیصلے کے حوالے پر ہے، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جسٹس منیب کے فیصلے کے صرف ایک پیراگراف سے اختلاف کیا تھا، کل دلائل ارزم جنید کی جانب سے دیے تھے اور ان پر قائم ہوں، میڈیا میں تاثر دیا گیا جیسے پتا نہیں میں نے کیا بول دیا ہے، آپ کے سوال کو سرخیوں میں رکھا گیا کہ عالمی قوانین میں سویلینز کے کورٹ مارشل کی ممانعت نہیں۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ جو سوال پوچھا تو وہ سب کے سامنے ہے، سوشل میڈیا نہ دیکھا کریں ہم بھی نہیں دیکھتے، سوشل میڈیا کو دیکھ کر نہ اثر لینا ہے نہ اس سے متاثر ہو کر فیصلے کرنے ہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ میڈیا کو بھی رپورٹنگ میں احتیاط کرنا چاہیے۔جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ میرے خلاف بہت خبریں لگتی ہیں بہت دل کرتا ہے جواب دوں، میرا منصب اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ جواب دوں۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بغیر کسی معذرت کے اپنے دلائل پر قائم ہوں، جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ سوال تو ہم صرف مختلف زاویے سمجھنے کیلئے کرتے ہیں، ہو سکتا ہے ہم آپ کے دلائل سے متفق ہوں۔

لطیف کھوسہ نے دلائل کا آغاز کر دیا، اعتزاز احسن نے اپنی درخواست کا نمبر تبدیل ہونے پر اعتراض اٹھایا اور کہا میری درخواست پہلے دائر ہوئی تھی۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ جواد ایس خواجہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ہیں، جواد ایس خواجہ کی بعد میں دائر درخواست کو میرا کیس نمبر الاٹ کردیا گیا۔جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ ایسا نہ کریں ایسی باتوں سے اور کہیں پہنچ جائیں گے، لطیف کھوسہ نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں اس کیس پر ہے، اس کیس کی وجہ سے سپریم کورٹ انڈر ٹرائل ہے۔

جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ انڈر ٹرائل نہیں ہے، عدالت نے آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کا تاریخ پھر جائزہ لیتی ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ لطیف کھوسہ صاحب آپکا چشمہ آگیا ہے، قانونی نکات پر دلائل شروع کریں، پہلیسیکشن ٹو ڈی کی قانونی حیثیت پر دلائل دیں۔

جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ سیکشن ٹو ڈی کو نو اور دس مئی کیساتھ مکس نہ کریں، پہلے ان سیکشن کی آزادانہ حیثیت کا جائزہ پیش کریں، سیکشن ٹو ڈی کا نو مئی دس مئی پر اطلاق ہوتا ہے یا نہیں۔لطیف کھوسہ نے مقف اپنایا کہ آئین میں بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے، سیکشن ٹو ڈی برقرار نہیں رکھا جا سکتا، ملٹری کورٹس تشکیل کو تاریخی تناظر میں دیکھنا ہوگا۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ سیکشن ٹو ڈی کا قانون 1967 میں لایا گیا، سیکشن ٹو ڈی کی وجہ سے پاکستان ٹوٹ گیا، ملک ٹوٹ کر دوسرا حصہ بنگلہ دیش بن گیا، حمودالرحمن کمیشن رپورٹ میں لکھا گیا کہ وہاں ادارے کیخلاف نفرت پیدا ہوئی۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کیا آئین میں قانون سازی کرنے پر کوئی ممانعت ہے، لطیف کھوسہ نے مقف اپنایا کہ ملٹری کورٹس کیلئے انھیں 21ویں ترمیم کرنا پڑی، سویلین کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل نہیں ہو سکتا، ملٹری ٹرائل میں ججز اور ٹرائل آزاد نہیں ہوتا، اس لیے 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی بات کی گئی۔

جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ کھوسہ صاحب آپ پھر دوسری طرف چلے گئے ہیں، میں کسی جماعت کی نمائندگی نہیں کر رہا، لطیف کھوسہ نے کہا کہ ساری عمر قانون کی حکمرانی کی جدوجہد کی ہے، سیکشن ٹو ڈی اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، ملٹری ٹرائل خفیہ کیا جاتا ہے۔

جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ خواجہ حارث نے بتایا کہ شفاف ٹرائل کا پورا طریقہ کار ہے، پروسیجر اگر فالو نہیں ہوتا تو وہ الگ ایشو ہے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ کھوسہ صاحب تاریخ میں جائیں تو آپکی بڑی لمبی پروفائل ہے، آپ وفاقی وزیر، سینیٹر، رکن اسمبلی، گورنر اور اٹارنی جنرل رہ چکے ہیں، آپ نے ان عہدوں پر رہتے ہوئے ٹو ڈی سیکشن ختم کرنے کے لیے کیا قدم اٹھایا، ہماری طرف سے بے شک آج پارلیمنٹ اس سیکشن کا ختم کردیں ۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں آپ کچھ اور بات یہاں کچھ اور بات کرتے ہیں، فوجی عدالتیں بعد میں بنی، سقوط ڈھاکہ کی وجوہات کچھ اور تھیں۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ آپ کے سامنے ہیں 26 ترمیم کیسے پاس ہوئی، آپ فیصلہ دیں ہم فیصلہ پر عمل در آمد کروائیں گے، سویلین کا ٹرائل ختم کرنے پر عوام آپ کے شیدائی ہو جائیں گے، 26 ترمیم کیسے پاس ہوئی زبردستی ووٹ ڈلوائے گئے۔جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ 26 ترمیم پر کس رکن نے استعفی دیا، لطیف کھوسہ نے کہا کہ اختر منگل نے رکن اسمبلی سے استعفی دیا۔

جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ سقوط ڈھاکہ کی وجہ صرف ملٹری ٹرائلز نہیں تھے، ملٹری ٹرائلز تو بہت آخر میں ہوئے ہونگے، وجوہات اور بھی تھیں۔چاہتے ہیں فوج ٹرائلز کے معاملے سے باہر نکلے، آرٹیکل 175 کیخلاف تمام قانون سازی کالعدم ہوتی رہی ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ اکسیویں ترمیم میں فوجی عدالتوں کو کالعدم کیوں نہیں قرار دیا گیا؟ لطیف کھوسہ نے کہا کہ اکیسویں ترمیم کو جنگی صورتحال اور دو سال کی مدت کی وجہ سے کالعدم قرار نہیں دیا گیا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے سوال اٹھایا کہ کیا چار سال فوجی عدالتیں قائم رہنے سے دہشتگردی ختم ہو گئی؟ لطیف کھوسہ نے کہا کہ آج اخبار میں خبریں دیکھ کر شرم آئی کہ لوگوں کو چن چن کر گولیاں ماری گئیں، سندھی پنجابی بلوچی اور پٹھان کی تفریق سے نکلنا ہوگا، بدقسمتی سے اٹھارہویں ترمیم سے بھی صوبائیت کو ہوا ملی، فوج آئینی دائرے میں رہتے ہوئے دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کرے، عدالت فوج کو ٹرائلز سے نکال کر ان کا احترام کرائے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی سازش ہوئی پہلے فوج کو عوام سے دور کیا گیا، سب ادارے آئین کے دائرے میں رہیں تو مسئلہ حل ہو جائے گا، اتنی بڑی فوج ہے پھر بھی دہشتگردی کیوں ختم نہیں ہو رہی؟ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ یہ مسائل پارلیمنٹ کے حل کرنے والے ہیں،لطیف کھوسہ نے کہا کہ اسمبلی میں بولنے لگتا ہوں تو مائیک بند کر دیا جاتا ہے۔جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ آپ چھبیسویں ترمیم منظور کرتے ہیں پھر ہمیں کہتے ہیں کالعدم قرار دیں، لطیف کھوسہ نے کہا کہ اسمبلی میں تو سارجنٹ ایٹ آرمز کے ذریعے اٹھوا کر باہر پھینک دیا جاتا ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے آئینی ترمیم کی مخالفت میں ووٹ دیا؟ لطیف کھوسہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ آپ کا کام مخالفت کرنا تھا اپنا کردار تو ادا کرتے، خیر اس بات کو چھوڑیں یہ سیاسی بات ہو جائے گی۔

.

ذریعہ: Daily Sub News

کلیدی لفظ: سپریم کورٹ انڈر ٹرائل نہیں ملٹری ٹرائل لطیف کھوسہ

پڑھیں:

جسٹس علی باقر نجفی سپریم کورٹ کے جج تعینات، نوٹیفکیشن جاری

جسٹس علی باقر نجفی سپریم کورٹ کے جج تعینات، نوٹیفکیشن جاری WhatsAppFacebookTwitter 0 15 April, 2025 سب نیوز

اسلام آباد:جسٹس علی باقر نجفی کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کر دیا گیا ہے۔ صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون کی جانب سے تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کی سپریم کورٹ میں تعیناتی حلف اٹھانے کی تاریخ سے مؤثر ہو گی۔ ان کی تقرری آئین کے آرٹیکل 177(1) اور 175A(8) کے تحت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ جسٹس علی باقر نجفی اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ کے جج کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے کی تھی۔

ان کی تعیناتی کے بعد سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

  • جسٹس علی باقر نجفی سپریم کورٹ کے جج تعینات، نوٹیفکیشن جاری
  • سپریم کورٹ:آرمی ایکٹ میں بھی کچھ بنیادی حقوق دیے گئے ہیں، جسٹس محمد علی مظہر
  • سپریم کورٹ: سپر ٹیکس کا ایک روپیہ بھی بے گھر افراد کی بحالی پر خرچ نہیں ہوا، وکیل مخدوم علی خان کا دعویٰ
  • 9مئی واقعات میں نامزد ملزمان کا ٹرائل 4 ماہ میں مکمل کرنے کا فیصلہ چیلنج کریں گے، بابر اعوان
  • سپریم کورٹ؛ 9 مئی مقدمات میں ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر سماعت
  • 9 مئی حملوں کے مقدمات  4 ماہ میں نمٹانے کا حکم،  سپریم کورٹ نےہر پندرہ دن بعد رپورٹ مانگ لی
  • سپریم کورٹ نے 9 مئی سے متعلق مقدمات کا ٹرائل 4 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی
  • جنگلات اراضی کیس: درخت لگوانا سپریم کورٹ کا کام نہیں، جسٹس جمال خان مندوخیل
  • سپریم کورٹ کی 9مئی واقعات سے متعلق کیسز کا ٹرائل چار ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت
  • 9 مئی: سپریم کورٹ نے ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیلیں نمٹادیں، 4 ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت