وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ہے اب اس خوشخبری پر عوام کو دل تھام کر بیٹھنا چاہیے کہیں ایسا نہ ہو کہ ایسے مزید ’’چشم کشا‘‘ انکشافات سن کر ان پر شادیٍ مرگ کی کیفیت نہ طاری ہو جائے۔ تاہم یہ عقدہ کھل نہیں سکا کہ محترم وزیراعظم کو یہ طلسماتی و ہو شربا اعداد و شمار کون فراہم کرتا ہے۔
جہاں تک ایک عام آدمی کا سوال ہے تو یہ حقیقت اظہر من الشمس ہے۔ ہر پاکستانی اس وقت مہنگی ترین بجلی، پیٹرول اور گیس خرید رہا ہے جن کی قیمتیں وفاقی حکومت کے براہ راست کنٹرول میں ہیں۔ دیگر ضروریات زندگی کی قیمتیں بھی بالواسطہ یا براہ راست انہی تینوں اشیاء سے جڑی ہوئی ہے۔ ایک طرف گیس پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل ہوشربا اضافہ اور دوسری جانب 50 سے زائد بلا واسطہ اور براہ راست ظالمانہ ٹیکسوں کے نظام نے عوام کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے اس وقت دو وقت کی روٹی پورا کرنا ایک عام پاکستانی کے لیے جوئے شیر لانے کے مترادف ہو چکا ہے۔ ایسے میں صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولتیں بھی عام عوام کی پہنچ سے بہت دور نکل چکی ہیں۔ دلچسپ امر تو یہ ہے کہ ایسے بے سروپا دعوے کرتے وقت حکومت کے ارباب اختیار کے ماتھے پر عرق ندامت تک نہیں آتا۔ نہ جانے وہ ایسی باتیں کرنے کا حوصلہ کہاں سے لے آتے ہیں۔
دو خبروں نے بے جان حکومتی دعووں اور اصل حقائق میں موجود تفاوت کو خوب آشکار کیا ہے۔ ایک خبر کے مطابق جنید نامی یوٹیلٹی سٹور کے ڈیلی ویجز ملازم نے ملازمت جانے پر خود کشی کر لی جبکہ دوسری خبر کے مطابق ہر حدود و قیود سے آزاد نیپرا کے افسران نے اپنی تنخواہوں میں کیبنٹ کی منظوری کے بغیر ہی تین گنا سے زائد اضافہ کر لیا ہے یوں ان کی تنخواہیں سپریم کورٹ کے ججز سے بھی زیادہ ہو چکی ہیں۔ یعنی کچھ افسران 30 تیس لاکھ روپے ماہانہ وصول کریں گے۔ خود ہی اندازہ لگا لیں کہ کیسے عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والے قومی خزانے پر بیکار کریسی اور ارباب اختیار شب خون مارتے ہیں اس سے قبل یہ کام ملک کی پارلیمان بڑی مہارت سے کر چکی ہے۔
زیادہ عرصہ نہیں ہوا جب محترم وزیراعظم اس امر کا اعتراف کر رہے تھے کہ پاکستان میں بجلی کی قیمت خطے کے دیگر ممالک سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے صنعت و حرفت کا پہیہ چلانا ممکن نہیں۔ جب تک کاسٹ آف پروڈکشن کم نہیں ہو گی ملیں اور فیکٹریاں نہیں چلیں گی۔ ان کی یہ بات تو درست ہے اگر بجلی اور پٹرول کی قیمتیں کم ہوں گی تو کاسٹ آف پروڈکشن بھی کم ہو گی۔ ملیں اور فیکٹریاں چلیں گی، پیداوار بڑھے گی اور اس کے نتیجے میں ایکسپورٹ میں اضافہ ہو گا۔ یوں بیرون ملک سے ڈالر پاکستان آئیں گے اور پاکستان آئی ایم ایف سمیت بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا قرضہ اتارنے میں کامیاب ہو سکے گا۔
ایسے میں یہ نوید بھی بڑے فخر سے سنائی جا رہی ہے کہ آئی ایم ایف کا ایک بہت بڑا وفد پاکستان آ رہا ہے جس سے اگلے 10 سال کے لیے 40 ارب ڈالر کے مزید قرضے کی راہ ہموار ہو گی۔ حقائق تو یہ ہیں کہ آئی ایم ایف کے مزید قرضے کا مطلب عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ۔ اس سے یہ امر بھی طشت ازبام ہو چکا ہے کہ معیشت کی بہتری کے حکومتی دعووں میں جان نہیں ہے۔ حکومت یہ جان چکی ہے کہ آئی ایم ایف کے قرضے چکانے کے لیے مزید قرضے لینا پڑیں گے۔ اس سارے عمل کا بوجھ پاکستانی عوام پر آئے گا بے دردی سے ان کی پیٹھوں پر مزید ٹیکسوں کی شکل میں مہنگائی کے تازیانے برسائے جائیں گے، پہلے ہی اس ملک میں پیدا ہونے والا ہر بچہ لگ بھگ دو لاکھ روپے کا مقروض ہے۔ جانیں آگے چل کر پھر کیا ہو گا۔
ایسے میں پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ حکومت کس کو بے وقوف بنا رہی ہے، کون سی معیشت چل رہی ہے؟ موجودہ حکومت کے دور میں 2 لاکھ سرمایہ دار اور 20 لاکھ لوگ ملک چھوڑ کر جا چکے جبکہ 29 ارب ڈالر ملک سے گیا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی نہ ہونے سے سرمایہ کاری زیرو ہے، حکومت کس کو بے وقوف بنا رہی ہے، کون سی معیشت چل رہی ہے؟ حکومت کا جو شخص کہتا ہے کہ مہنگائی کم ہوئی ہے، وہ بازاروں میں میرے ساتھ چلے۔ میرا اسے کھلا چیلنج ہے آؤ میڈیا ٹیم کے ساتھ آر اے بازار یا پشاور چلتے ہیں مہنگائی میں کمی کے جھوٹے دعوے کا پول کھل جائے گا یہ صفحہ ہستی کے سب سے جھوٹے لوگ ہیں۔
خیر وفاقی حکومت کے دعوے اپنی جگہ تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ پنجاب کے اندر مریم نواز کے اقدامات سے اشیائے خور و نوش خاص طور پر سبزی اور پھلوں کی قیمتیں یقینا کم ہوئی ہیں۔ اگرچہ اس شعبہ میں بہت زیادہ کام کرنا باقی ہے پھر بھی ابھی تک تو دیکھنے میں آیا ہے کہ اگر منڈی میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں کم بھی ہیں تو دکاندار اور ریڑھی فروش آج بھی منہ مانگی قیمت وصول کر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کو اس حوالے سے نوٹس لے کر رمضان المبارک کے مہینے سے قبل اپنے میکنزم کو مضبوط کرنا چاہیے۔ چکن کا ریٹ بھی اس وقت زیادہ ہے اس سے بھی کم ہونا چاہیے۔
.ذریعہ: Nai Baat
کلیدی لفظ: ا ئی ایم ایف کی قیمتیں حکومت کے ہے کہ ا ا ہے کہ رہی ہے
پڑھیں:
مصطفی کمال کا آٹھ ماہ میں پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کا دعویٰ
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے آٹھ ماہ میں پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کا دعوی کردیا اور کہا ہے کہ اس بار افغانستان اور پاکستان میں ایک ہی روز مہم شروع ہوگی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق کے ساتھ مل کر پریس کانفرنس کی اور کہا کہ رواں سال دسمبر 2025ء میں پاکستان کو پولیو فری کردیں گے، اب تک چھ نئے پولیو کیس سامنے آئے ہیں، 21 اپریل سے ملک بھر میں انسداد پولیو مہم شروع ہو رہی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دو ہی ممالک ہیں جہاں پولیو موجود ہے لوگ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلاتے، افغانستان میں طالبان کی مذہبی بنیاد پر حکومت ہے لیکن پورے افغانستان میں بھرپور پولیو مہم چل رہی ہے، اس بار افغانستان اور پاکستان میں ایک ہی روز مہم شروع ہوگی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مذہب سے انسداد پولیو ویکسین کا کوئی تعلق نہیں، حج اور عمرہ کیلئے جائیں تو لائن میں لگا کر پولیو کے قطرے پلائے جاتے ہیں، پاکستان براہ راست یونیسیف سے پولیو ویکسین حاصل کرتا ہے، پاکستان میں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کو پولیو ویکسین یونیسیف فراہم کرتا ہے، پاکستان پولیو ویکسین نہیں خریدتا بلکہ یونیسف خود خریداری کرتا ہے اور ہمیں فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پولیو کا کوئی علاج نہیں صرف بچاؤ کی ویکسین ہے، پورے ملک میں سیوریج ٹیسٹ میں پولیو وائرس موجود ہے، وائرس پورے ملک میں موجود ہے بچاؤ کا طریقہ صرف ویکسین ہے، پاکستان میں بہت کم ایسے واقعات ہوتے ہیں جن پر پوری قوم متحد ہوجائے مگر پولیو ایسا مسئلہ ہے جس پر پورا ملک متحد ہے تمام صوبوں کے وزیر صحت یک زبان ہو کر اس مہم میں ایک مٹھی کی طرح شریک ہیں اس اتحاد کو دیکھ کر مجھے لگتا ہے کہ ہم پولیو پر قابو پالیں گے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ عہدہ سنبھالتے ہی چاروں صوبائی وزراء صحت سے رابطہ کیا۔ صوبائی وزراء کا ریسپانس بہت مثبت تھا، چار لاکھ پچیس ہزار ہیلتھ ورکرز گراونڈ پر کام کریں گے انھیں اتنے پیسے نہیں دئیے جا رہے کہ وہ اس سیکیورٹی رسک میں بھی کام کر رہے ہیں اس لیے ہیلتھ ورکرز کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا جانا ضروری ہے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ افغانستان اس مرض سے جان چھڑا لے اور ہم اکیلا پولیو زدہ ملک نہ رہ جائیں، والدین سے گزارش ہے کہ وہ اس مشن میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ پاکستان پولیو فری ممالک میں شامل ہوجائے۔