ورلڈ بنک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ز کا تربیلا ڈیم کا دورہ‘چیئرمین واپڈا کی بریفنگ
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2025 GMT
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) ورلڈ بنک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ز پر مشتمل وفد نے قومی اہمیت کے حامل تربیلا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا‘ جہاں وفد نے مین ڈیم، تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ، اور زیر تعمیر تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر وفد نے ان لٹ(Inlet)، ٹنل اور پاور ہاؤس پر تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) بھی دورے میں وفد کے ہمراہ تھے۔ممبر (فنانس)، ممبر (پاور)، جنرل منیجر (کوآرڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ)واٹر، جنرل منیجر تربیلا ڈیم پراجیکٹ، تربیلا چوتھا توسیعی منصوبے کے چیف انجینئر/ پراجیکٹ ڈائریکٹراور چیف انجینئر (او اینڈ ایم) اور چیف انجینئر‘ پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ کے علاوہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تربیلا ڈیم، تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن اور تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ ورلڈ بنک کی مالی معاونت سے تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ زیر تعمیر تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کیلئے بھی ورلڈ بنک390 ملین امریکی ڈالرز فراہم کررہا ہے۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ترقی کے سفر میں ورلڈ بنک اور واپڈا گذشتہ 6 دہائیوں سے شراکت دار ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ پانی اور پن بجلی کے منصوبوں کی ترقی کے ذریعے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے ورلڈ بنک کا تعاون حاصل رہے گا۔بریفنگ کے دوران وفد کو بتایا گیا کہ تربیلا ڈیم 1974میں اپنی تکمیل سے اب تک پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔ تربیلا ڈیم سے زرعی مقاصد کیلئے 411ملین ایکڑ فٹ پانی فراہم کیا جا چکا ہے۔ تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے نیشنل گرڈ کو مجموعی طور پر 597ارب30کروڑ90 لاکھ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کی جا چکی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: توسیعی منصوبے تربیلا ڈیم ورلڈ بنک
پڑھیں:
چیئرمین ناظم آباد ٹائون کا مختلف یوسیز کا دورہ ،کا م کا جائزہ لیا
چیئرمین ناظم آباد ٹائون سید محمدمظفر ،وائس چیئرمین نعمان صدیقی کے ہمراہ یوسی 6میں ابن صفی پارک میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کررہے ہیںکراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئر مین نا ظم آ با د ٹاؤن سید محمد مظفر کا وائس چیئرمین ناظم آباد ٹاون نعمان صدیقی کے ہمراہ ناظم آباد ٹاون کا دورہ، یونین کمیٹی نمبر 06 میں ابنِ صفی پارک فردوس کالونی میں جاری تزئین و آرائش کے کام کا معائنہ کیا۔اس پارک میں بچوں کے لئے جھولے، کنوپی، بینچیں، پھولدار تختے اور روشنی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں جو علاقہ مکینوں کے لئے بہترین تفریح کا با عث بنیں گے۔اس موقع پر چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناظم آباد ٹاون کی تباہ حال پارکس و پلے گراؤنڈ کو مرحلہ وار تزئین و آرائش کر کے بحال کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز کے نزدیک تفریح کے بہترین مواقع حاصل ہوسکیں انہوں نے یونین کمیٹی نمبر 03میں جاری پیور بلاک کے زریعے گلیوں کی پختہ کاری کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کا دائرہ کار اب گلی محلوں تک پہنچا دیا گیاہے،دستیاب وسائل میں منصفانہ بنیادوں پرعوام کو ذیادہ سے ذیادہ بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سید محمد مظفر نے متعلقہ عملے کوہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گلیوں کو پختہ کرنے کے لئے میٹریل کا خاص خیال رکھتے ہوئے معیاری میٹریل استعمال کیا جائے تاکہ مظبوط پائیدارگلیوں اور راہ گزر کی تعمیر کی جاسکے۔ اور عوام لمبے عرصے تک ان سے استفادہ حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان گلیوں کی تعمیر میں اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ کہ برسات کے موسم میں میں ان تعمیر شدہ گلیوں میں بارش کا پانی کھڑا نہ ہو۔