کراچی‘ غلط ڈرائیونگ کی روک تھام کیلیے ایمرجنسی نمبرز متعارف
اشاعت کی تاریخ: 19th, February 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں ڈمپر، ٹرک، ٹرالر اور واٹر ٹینکروں کے باعث ہونے والے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے حفاظتی تدابیر متعارف کرادی گئی ہیں۔ شہر کے تمام ہیوی گاڑیوں پر آئندہ چند روز میں ایمرجنسی نمبرز آویزاں کیے جائیں گے، جن پر گاڑی کے مالکان اور ڈمپر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے رابطے دستیاب ہوں گے۔ ڈمپر ایسوسی ایشن کے رہنما خانوادہ خان کے مطابق ان نمبروں کا مقصد یہ ہے کہ شہری کسی بھی غلط ڈرائیونگ یا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی شکایت براہ راست ان نمبروں پر کرسکیں۔ خانوادہ خان نے کہا کہ شکایات کے بعد متعلقہ ڈرائیوروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے اور ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا اور ٹریفک حادثات کی شرح کو کم کرنا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اور ڈی آئی جی ٹریفک کی میٹنگ میں کیا گیا۔مزید برآں، ڈمپر ایسوسی ایشن نے یہ بھی اعلان کیا کہ تمام ہیوی گاڑیاں کراچی میں اب رات10 بجے سے صبح6 بجے تک چلائی جائیں گی تاکہ دن کے اوقات میں ہونے والے حادثات میں کمی کی جا سکے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی میں ٹریفک حادثات، امن و امان پر وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کانفرنس بلا لی
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں ٹریفک حادثات اور امن وامان کے معاملے پر کانفرنس بلا لی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ٹریفک حادثات اور امن وامان کے معاملے پر ایک اہم کانفرنس بلائی ہے جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہوں گے۔
اس کانفرنس میں مختلف سیاسی جماعتوں کی شرکت متوقع ہے، جن میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) بھی شامل ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں فاروق ستار، علی خورشیدی، طٰحہ احمد اور دیگر بھی اس میں شریک ہوں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے اس کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے انہیں خصوصی طور پر مدعو کیا ہے، کانفرنس میں ڈمپر حادثات اور ان سے متعلق مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی بھی اس اجلاس میں شرکت کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں حالیہ دنوں میں ہیوی ٹریفک کے متعدد حادثات میں کئی شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جب کہ بعض مقامات پر شہریوں کی جانب سے واٹر ٹینکرز اور ڈمپرز کو نذر آتش کرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔
اس کے علاوہ سندھ حکومت نے شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک پابندی عائد کر دی ہے تاکہ حادثات میں مزید اضافہ نہ ہو۔