گاڑی روکنے پر لیگی ایم پی اے کا ساتھیوں کے ہمراہ ایس ایچ او سنگجانی پر تشدد، پولیس نے حراست میں لے لیا
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
اسلام آباد:
اسلام آباد میں پولیس نے فینسی نمبر پلیٹ لگانے پر ن لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی ظاہر خان کو روکا تو وہ دھمکیوں پر اتر آئے۔
ایکسپریس نیوز کو پولیس ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی ظاہر خان کو سنگ جانی ٹول پلازہ پر روکا گیا تو انہوں نے سخت نتائج کی دھمکیاں دیں اور پھر فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھوڑی دیر بعد لیگی ایم پی اے ظاہر خان ساتھیوں کے ساتھ دوبارہ پہنچے اور گشت کرنے والے افسر کو سنگجانی ٹول پلازہ پر گھیر لیا، جس پر انہوں نے وائرلس کر کے پولیس کو اطلاع دی تو ایس ایچ او سنگجانی نفری کے ساتھ موقع پر پہنچے جن کو نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے مزاحمت اور ایس ایچ او کو تشدد کا نشانہ بنانے پر لیگی ایم پی اے کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا تاہم آخری اطلاعات تک اُن کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
سینئر پولیس افسر کے مطابق ایم پی اے ظاہر شاہ نے وی ایٹ گاڑی پرسی آئی اے ٹرپل ون کی نمبر پلیٹ لگائی تھی۔ ایم پی اے کو تھانے منتقل کرنے کی خبر ملی تو وفاقی وزیر امیر مقام فریقین میں صلح کرانے تھانے بھی پہنچ گئے۔
پولیس کے سینئر افسر نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امکان ظاہر کیا کہ تھوڑی دیر میں دونوں فریقین کے درمیان صلح ہوجائے گی اور مقدمہ درج نہیں ہوگا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایم پی اے
پڑھیں:
کراچی، پیٹرول پمپ پر 52 لاکھ روپے کی ڈکیتی کرنیوالے ملزمان گرفتار
گرفتار ملزم پیٹرول پمپ پر 9 سال سے ملازمت کر رہا تھا، ملزم نے اپنے 2 ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈکیتی کا پلان بنایا۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے عوامی کالونی میں پیٹرول پمپ پر ڈکیتی میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے 3 روز قبل پیٹرول پمپ سے 52 لاکھ روپے لوٹے تھے۔ گرفتار ملزم پیٹرول پمپ پر 9 سال سے ملازمت کر رہا تھا، ملزم نے اپنے 2 ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈکیتی کا پلان بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے 21 لاکھ روپے، 3 پستول اور موٹر سائیکل ملی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔