غلطیوں سے سیکھ کر چیمپئنز ٹرافی میں بہترین کھیل پیش کریں گے: محمد رضوان
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہم اپنی پچھلی غلطیوں سے سیکھ کر چیمپئنز ٹرافی میں بہترین کھیل پیش کریں گے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ٹرائی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ ہمیں اپنی غلطیوں کا اندازہ ہو سکے اور ہم یہ جان سکیں کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے میچز سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب کوشش کریں گے کہ وہ غلطیاں دوبارہ نہ ہوں۔
کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری پرفارمنس میں ابھی بہتری کی گنجائش ہے۔ ہمیں محنت، تکنیک اور بہادری کے ساتھ کھیلنا ہوگا تاکہ ہم ان چھوٹی چھوٹی کمیوں کو دور کر سکیں جو میچز کے آخری لمحات میں ہمارے لیے مشکل بن جاتی ہیں۔ محمد رضوان نے کہا کہ ہم سے میچز ایک یا دو فیصد کے فرق سے ہارے ہیں، اور ہم ان کمیوں کو دور کرنے کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی میں کچھ مختلف کرنے کی بجائے، میچ کے آخری لمحات میں میچ ہاتھ سے نہ نکل جائے، اس پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ ٹیم جیت کے لیے پُرعزم ہے اور ہم چیمپئنز ٹرافی میں بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔ بحیثیت کپتان، میری خوشی اس وقت ہوتی ہے جب ٹیم کی محنت اور پرفارمنس سے کامیابی ملے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑی ہونے کے ناطے ہم پر ذمہ داری آتی ہے، اور ہمیں اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو رہنمائی فراہم کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حارث رؤف فٹ ہیں اور پریکٹس سیشن میں باؤلنگ کر رہے ہیں۔ اوپننگ کے لیے ٹیم میں مختلف آپشنز موجود ہیں، تاہم بابر اعظم جیسے ٹیکنیکل کھلاڑی ہی اوپننگ کریں گے۔ کپتان نے کہا کہ ہم سب کی خواہش ہے کہ ہم چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتیں اور اس کے لیے ہم جو بھی کر سکتے ہیں، وہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
محمد رضوان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آئی سی سی ایونٹ ایک قومی جشن ہونا چاہیے اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سٹیڈیمز ریکارڈ مدت میں مکمل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی پہلے بھی جیتی ہے اور اس بار بھی ٹائٹل کا دفاع کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ مزید یہ کہ پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی نمبر ون پوزیشن حاصل کی ہے اور ماضی میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
ضروری نہیں بابراعظم اوپن کریں، رضوان کا نیا بیان آگیا
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے انجرڈ حارث رؤف اور اوپننگ جوڑی سے متعلق بڑا بیان دیدیا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی پریکٹس سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پوری قوم کی خوش قسمتی ہے کہ ایک طویل مدت کے بعد آئی سی سی کا میگا ایونٹ پاکستان میں ہو رہا ہے،پاکستان کرکٹ ٹیم دنیا کے کسی بھی بڑی ٹیم سے ہرگز کم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ نے 10 سال مشکل حالات دیکھے مگر ٹیم نے اچھے نتائج فراہم کیے،کوشش کریں گے کہ اپنی غلطیوں پر قابو پائیں اور دوسری ٹیم کو فائدہ نہ ہونے دیں۔
مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ فخر زمان، شاہد آفریدی کا کونسا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں؟
محمد رضوان نے حارث رؤف کی انجری سے متعلق اَپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولر حارث رؤف ردھم میں بولنگ کررہے ہیں اور مکمل فٹ ہیں، ہمارے پاس اوپنرز کیلئے مختلف آپشنز موجود ہیں لیکن بابراعظم بطور اوپنر زیادہ بہتر کھلاڑی ہیں تاہم ضروری نہیں کہ پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف وہی پاکستان کی جانب سے اوپن کریں۔
مزید پڑھیں: بیویوں، گرل فرینڈز کو ٹورز پر ساتھ لے جائیں، مگر کس شرط پر؟
انہوں نے کہا کہ دراصل پاکستان کو مڈل آڈر میں بہتر کمبینیشن کی ضرورت ہے،ایونٹ میں بابراعظم سے بہت زیادہ توقعات ہیں،فیصلے کنڈیشنز دیکھ کر کیے جاتے ہیں،یہ تاثر درست ہے کہ پاکستان ٹیم اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، کسی وقت بھی کوئی بھی بڑا کارنامہ انجام دے سکتی ہے،امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم چیمپینز ٹرافی 2017 والی تاریخ دہرائے گی۔
مزید پڑھیں: بھارتی ٹیم کی جرسی پر 'پاکستان' لکھ دیا گیا، انتہا پسند آگ بگولہ
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ شاہین آفریدی اپنی عمر کے لحاظ سے بہت بہتر اور تجربے کار فاسٹ بولر ہیں،غیر ملکی کرکٹرز بھی ان سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں، سہ قومی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف غلطیوں کی وجہ سے ناکام ہوئے،اپنی خامیوں کو دور کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔