کراچی: واٹر ٹینکر کی ٹکر سے شہری جاں بحق، مشتعل افراد نے 5 ٹینکرز جلا دیئے۔
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
کراچی میں جیل چورنگی فلائی اوور پر واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے 5 واٹر ٹینکرز کو آگ لگادی۔پولیس کے مطابق واٹر ٹینکرز ڈرائیورز مبینہ طور پر ریس لگا رہے تھے، اس دوران موٹر سائیکل سوار ان کی زد میں آگیا۔پولیس کے مطابق مشتعل شہریوں نے واٹر ٹینکرز کو آگ لگائی، اطلاع پر فائر بریگیڈ کے عملے نے پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہوسکی، وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔یاد رہے کہ رواں سال 2025 میں اب تک کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات میں 100 سے زائد شہریوں کی اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کراچی: گلبرگ میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 10 سالہ بچہ جاں بحق
کراچی: شہر میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ رک نہ سکا، گلبرگ میں واٹر ٹینکر کی زد میں آکر 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق بچہ صائم کھڑے واٹر ٹینکر سے بغیر بتائے پانی بھر رہا تھا کہ ڈرائیور نے اچانک ٹینکر ریورس کردیا، جس کے نتیجے میں وہ نیچے آکر جاں بحق ہوگیا،واقعے کے بعد مشتعل شہریوں نے ٹینکر پر پتھراؤ کرتے ہوئے اس کے شیشے توڑ دیے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا اور ٹینکر ضبط کر لیا۔
خیال رہےکہ کراچی کے علاقے ملیر کورٹ کے قریب ڈمپر اور ٹریلر کے تصادم میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا، جاں بحق ہونے والوں میں عامر اور زخمی ہونے والوں میں ساجد شامل ہیں، حادثے کے بعد ڈرائیور ٹریلر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال کے صرف دو ماہ میں 119 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں سے 87 مرد، 16 خواتین، 12 بچے اور 4 بچیاں شامل ہیں۔
شہریوں نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور حادثات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔